پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) 9 کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے والد نے بڑی خواہش کا اظہار کر دیا۔
پیر کی رات کھیلے گئے پی ایس ایل 9 کے فائنل معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں کراچی سٹیڈیم میں مدمقابل تھیں جہاں یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فاتح ٹیم نے 160 رنز کا ہدف اننگ کی آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مکمل کیا اور تیسری بار لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
لازمی پڑھیں ۔پی ایس ایل 9 کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں فلسطینی جھنڈے لہرا دیئے
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت پر فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے والد ظفر شاہ خوشی سے نہال ہوگئے اور انہوں نے اس موقع پر اپنی بڑی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اپنے بیان میں ظفر شاہ کا کہنا تھا کہ میرے بچوں نے میرا اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ، کبھی سوچا نہیں تھا کہ تینوں بیٹے قومی سطح پر کرکٹ کھلیں گے۔
ظفر شاہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے پر تینوں بچوں نے کئی بار مار کھائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ نسیم شاہ نے مار کھائی ہے ، نسیم شاہ نے حنین شاہ اور عبید شاہ کو کرکٹ نہیں سیکھائی، عبید اور حنین نے خود کرکٹ سیکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں بیٹے کرکٹ کھیلنے کے لئے مجھ سے چھپ کر جاتے تھے لیکن اب خواہش ہے کہ حنین اور عبید بھی پاکستان کے لئے کھیلیں۔