اسلام یونائیٹڈ کی ٹیم نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 9 کا ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں گراؤنڈ میں فلسطین کے جھنڈے لہرا دیے۔
پیر کی رات کھیلے گئے پی ایس ایل 9 کے فائنل معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں کراچی سٹیڈیم میں مدمقابل تھیں جہاں یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فاتح ٹیم نے 160 رنز کا ہدف اننگ کی آخری گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر مکمل کیا اور تیسری بار لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فائنل میں کامیابی کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطینی جھنڈے گراؤنڈ میں لہرائے۔
ٹیم کے کھلاڑیوں نے فلسطینی جھنڈے اٹھا کر گراؤنڈ کا چکر لگایا۔
اس موقع پر گراؤنڈ میں موجود تماشائیوں کی جانب سے بھی فلسطین کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔