پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت ہو گا جس میں شرکت کیلئے شیر افضل مروت ، نیاز اللہ نیازی ، عمیر نیازی ، زین قریشی ، کنول شوزب ، علی محمد خان ، عامر ڈوگر ، تیمور جھگڑا اور دیگر خیبر پختون خوا ہاوس پہنچ گئے ہیں ۔ان کے علاوہ نعیم حیدر،سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید بھی خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچ گئےہیں ۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب کا کہناتھا کہ ہمارے آئندہ کےمعاملات طےکرنےکا اختیارکورکمیٹی کے پاس ہے،بانی پی ٹی آئی کےکیسز بھی آج اجلاس میں زیر بحث آئیں گے،خواتین کی مخصوص نشستوں کا معاملہ ابھی تک ہضم نہیں ہوا،خواتین کی مخصوص نشستوں کا معاملہ ہضم نہیں کرنےدیں گے،دن دیہاڑے خواتین کا مینڈیٹ چوری کیا گیا سپریم کورٹ جائیں گے۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما علی محمد خان کا کہناتھا کہ پارٹی میں اتحاد ہے کوئی نااتفاقی نہیں ہے، یہ پارٹی بانی پی ٹی آئی کےآنےتک انشاءاللہ ان کی امانت ہے،کٹ جائیں گے مر جائیں گےبانی پی ٹی آئی کونہیں چھوڑیں گے، شیرافضل مروت ہمارا بھائی ہے، شیرافضل مروت آزاد ہیں وہ کچھ بھی کہہ سکتےہیں۔ صحافی نے علی محمد خان سے سوال کیا کہ کیا سنی اتحاد کونسل کو دل و جان سے قبول کیاہے ؟ جس پر علی محمد خان نے کہا کہ جی بالکل ،عمران خان کے حکم پر قبول کیا ہے ۔