کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ جیت کر آئیں گے، انہی کھلاڑیوں نے نمبر ون بنایا، یہی ٹیم ورلڈ کپ میں بھی میچز جتوائے گی، قومی قائد نے ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کردیا۔
ورلڈ کپ کیلئے بھارت روانگی سے ایک دن قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہئے کہ بطور ٹیم اور کھلاڑی آپ ورلڈ کپ کیلئے جارہے ہیں، بھارت میں کھیلنے کا پریشر نہیں، اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم بھارت میں کھیلے نہیں ہیں لیکن جتنی بھی بھارت کے بارے میں معلومات ہیں، وہ یہ ہی ہیں کہ کنڈیشنز ایک جیسی ہیں، وہاں جاکر دیکھیں گے کہ باؤنڈریز کیسی ہیں۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ ہر ملک میں کھیلنے کیلئے کھلاڑی تیار رہتا ہے، ورلڈ کپ کیلئے بھرپور تیاری کی ہے، بحیثیت کپتان ورلڈ کپ میں شمولیت اعزاز سے کم نہیں، ایشیا کپ میں جیسا کھیلنا چاہئے تھا ویسے نہیں کھیل پائے، ہار سے آپ سیکھتے ہیں، مزید اچھا کرنے پر بات کرتے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز کے حساب سے پلاننگ کی جاتی ہے، ورلڈ کپ میں کنڈیشنز کے حوالے سے پلاننگ کریں گے، ورلڈ کپ میں کوئی دباؤ نہیں، ہماری فیلڈنگ میں خامیاں ہیں، اسے اچھا کرنے کی ضرورت ہے، غلطیاں کم کرکے اچھی چیزیں مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ کرکٹ زیادہ کھیلنے سے زیادہ آگاہی ہوتی ہے، فیلڈنگ اور مڈل آرڈر کو بہتر کرنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر کرنے پر بات کررہے ہیں، خراب کارکردگی پر کھلاڑی کو اعتماد دینے کی کوشش کرتے ہیں۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ خود سے زیادہ اپنے کھلاڑیوں پر یقین رکھتا ہوں، معلوم ہے کون سے کھلاڑی پاکستان کیلئے فائٹ کرتے ہیں، ورلڈکپ میں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوگی، نسیم شاہ کی جگہ بہترین دستیاب آپشن کو استعمال کیا، حسن علی تجربہ کار ہے اس لئے ورلڈ کپ میں شامل کیا گیا۔
ورلڈ کپ میں کیا لائحہ عمل ہوگا، اس پر بات کرتے ہوئے پاکستانی کپتان نے کہا کہ ہر میچ الگ وینیو پر ہے، اسی حساب سے حکمت عملی بنائیں گے، بڑے ایونٹ میں وہی کھلاڑی ساتھ ہوتے ہیں جن پر یقین ہوتا ہے، ہاریں گے تو پوری ٹیم ہارے گی، جیتیں گے تو پوری ٹیم جیتے گی، سب کو اکٹھا رکھنے کی کوشش کرتا ہوں، بہت کم تبدیلیاں کرتا ہوں۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے پورے ورلڈ کپ پر فوکس کرنا ہے، ٹیم میں کوئی لڑائی نہیں، سب کی عزت ایک جیسی ہے اور رہے گی، ورلڈ کپ میں شائقین کو مس کریں گے، صرف ایک میچ پر فوکس نہیں، بقیہ دو میچز جیتنے پر ہی آگے جائیں گے، امید ہے ورلڈ کپ میں ہمارے اسپنرز اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ احمدآباد میں بھارت کیخلاف کھیلنے کیلئے پُرجوش ہیں، ٹیم کیلئے بیسٹ پرفارمنس دینے کی کوشش کروں گا، بیسٹ ٹیم کے خلاف پرفارمنس دینے سے اعتماد بڑھتا ہے، کھلاڑی ماضی کی پرفارمنس پر یقین رکھیں گے، جتنا کم دباؤ لیں گے پرفارمنس اتنی اچھی ہوگی۔