وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ شہدا کے خلاف پروپیگنڈا اکاؤنٹ بیرون ملک سے چلائے جارہے ہیں۔ کنکشن یہاں بھی ہیں۔ شہدا کے خلاف ریمارکس دینے والوں اور دہشت گردوں میں رابطہ ہوسکتا ہے۔ ہوسکتا ہے یہی لوگ انہیں پناہ دے رہے ہوں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی شناخت کھو کر بے نامی پارٹی بن گئی۔ کسی کے پاس اس پارٹی کی رجسٹری نہیں۔ اسٹلیبشمنٹ سے تمام جماعتوں کے اختلافات رہے لیکن اس حد تک کوئی نہیں گیا۔
وزیردفاع نے کہا کہ سیاسی کارکن کبھی جعلی نام سے اکاؤنٹ نہیں بناتا، اکاؤنٹ بیرون ملک سے چلائے جارہے ہیں،کنکشن یہاں بھی ہیں، جیل میں بیٹھا ہوا شخص لگتا ہے ننھیال میں بیٹھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاریہی لوگ ہیں، کل ایک سیاسی جماعت نے ان شہادتوں کا مذاق اڑایا، شہیدوں کو ریٹرننگ افسروں سے تشبہیہ دی گئی، اس سے بڑی ملک دشمنی نہیں ہوسکتی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف کو اکساتے ہیں کہ انہیں قرضہ نہ دیا جائے، اس جماعت نے فلسطین کےحق میں قرارداد کی مخالفت کی، جنگوں میں بھی کسی جماعت نےایسا رویہ نہیں اپنایا، ایک تماشا لگا ہے،ان کی جماعت کا ہربندہ لیڈر بناہوا ہے۔ اگر فتنہ ہوگا تو یہ جنگ ہر گلی محلے میں پھیلے گی۔