تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہاہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے ،عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں سینیٹ انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی، بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کےپی حکومت پارٹی کارکنان سےزیادتیوں سے متعلق کمیٹی بنائے گی،کمیٹی میں شیر افضل مروت بھی شامل ہوں گے،کمیٹی کارکنان سےزیادتیوں کا مداوا کرنے کیلئے سفارشات دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی سے 4 وکلاء کی ملاقات ہوئی ہے، بانی چیئرمین کی صحت ٹھیک ہے،کے پی میں سینیٹ الیکشن پر مشاورت کی گئی ،آج یا کل اپنے سینیٹ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیں گے، 23 مارچ کو پی ٹی آئی پشاور میں جلسہ کرے گی، حکومت کی جیت کو جیت نہیں مانتے،یہ نتائج فارم 47 کی بنیاد پر آئے،سازش کےتحت نتائج کو ری کاؤنٹنگ میں تبدیل کرنے کی کوشش جاری ہے، قانون کے مطابق اب دوبارہ گنتی نہیں ہو سکتی، کئی کیسز ایسے ہیں جن کی دوبارہ گنتی کی کوشش جاری ہے، عدلیہ سے استدعا ہے اس عمل کو روکیں اس سے بدامنی پھیلے گی،ریزرو سیٹس سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، سپریم کورٹ سے استدعا ہے لارجر بنچ بنا کر اِس کو جلد سنیں۔