وزیراعظم شہبازشریف نے سندھ حکومت کے اعتراض کے بعد چیئرمین انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) ظفر محمود کی تقرری کے احکامات واپس لے لیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس نے چیئرمین ارسا کی تقرری کی سمری واپس لینے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
وزیراعظم نے گزشتہ روزگریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسرظفر محمود کوچیئرمین ارسا تعینات کیا تھا تاہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین ارسا کی تقرری کی سمری کے احکامات واپس لے لیے۔
اس سے قبل وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔
وزیر آبپاشی سندھ نے بتایا کہ وزیراعظم نے چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن واپسی لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ ظفر محمود کی بطور چیئرمین ارسا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے گا۔
واضح رہےکہ سندھ حکومت نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے چیئرمین کی تعیناتی مسترد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔