آج رات ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، تاہم جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم رہے گا ۔ دن کے وقت سب سے زیادہ گرمی سبی اور تربت میں پڑی، جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش متوقع ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس دوران ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
سندھ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم معمول سے زیادہ گرم رہے گا۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور تربت میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہید بینظیرآباد اور نوکنڈی میں ٹمپریچر 47 تک پہنچا۔
اسلام آباد میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ،لاہور میں 30،کراچی میں 37،پشاور 40 اور کوئٹہ میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔





















