پاکستان اورمشرقی ایشیا کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر30.49 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 8.78 فیصدکی نموریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے جنوری 2024 تک چین، جاپان، جنوبی کوریا اورمشرقی ایشیا کے دیگر ممالک کو برآمدات سے ملک کو2.145ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 30.49فیصد زیادہ ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق جنوری میں مشرقی ایشیا کے ممالک کو307.082 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو دسمبرمیں 308.96 ملین ڈالر اورگزشتہ سال جنوری میں 200.66 ملین ڈالرتھیں۔ مالی سال 2023 میں مشرقی ایشیا کے ممالک کو برآمدات سے ملک کو2.740 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر8.482 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 8.78 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر 7.797ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔
جنوری میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے 1.386 ارب ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئیں جو دسمبرمیں 1.243 ارب ڈالر اور گزشتہ سال جنوری میں 750.27 ملین ڈالرتھیں۔ مالی سال 2023 میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر11.742 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔