سندھ کی نومنتخب کابینہ نے گندم خریداری کا ہدف اورقیمت مقررکرنےکیساتھ رمضان پیکیج کی بھی منظوری دےدی۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا تعارفی اجلاس ہوا، اجلاس میں آئی جی پولیس نے کابینہ کو امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔
جس میں آئی جی سندھ رفعت مختیار نے بتایا کہ کریمنلز کے خلاف مارچ میں 55 انکائونٹرز کیے،10 کریمنل مارے گئے، 61 زخمی ہوئے اور 176 گرفتار کیے گئے،گھوٹکی میں 6، شکارپور سے9 اور کشمور سے 14 افراد اغواء ہیںاس وقت سندھ کے اضلاع سے مجموعی طورپر 29 افراد کو اغواء کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم نے حکم دیا کہ اسٹریٹ کرائم ہر صورت کنٹرول کیا جائے،جس تھانے کی حدود میں کرائم ہو وہاں کا ایس ایچ او اور ایس ایس پی کی جوابداری ہے جب تک ہم ایس ایچ اوز اور ایس ایس پیز کو جوابدہ نہیں کریں گے، تب تک امن و امان کی صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی،اور مغویوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں۔
کمشنر کراچی سلیم راجپوت نے اجلاس کو بتایاکہ منافع خوروں کے خلاف 1150 کیسز درج کیے گئے، 7.14 ملین روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے،انتظامیہ 14 دکانیں سیل کرچکی ہے،ذخیرہ اندوزوں کےخلاف بھرپور کارروائیاں کی جارہی ہیں،جبکہ چینی کی 123 ہول سیل اور 130 روپے ریٹیل قیمت کو برقرار رکھا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی وزراء کو مارکیٹوں کے اچانک دورے کرکے پرائس کنٹرول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ اشیائے خوردنوش کی قیمتوں پر ضابطہ رکھے۔
وزیر اعلیٰ کے ترجمان کے مطابق سندھ کابینہ نے22ارب روپےسےزائدکےرمضان پیکیج کی منظوری دےدی، اس پیکیج کےتحت44لاکھ 13ہزار 584خاندانوں کو5ہزارروپےفی فیملی دیےجائیں گے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 9 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کردیا،جس کیلئے خریداری قیمت 4ہزار روپے فی من مقرر کی گئی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ نےمحکمہ خوراک کو گندم کی خریداری کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔
وزیر ا علیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا،اورہمیں دو تھائی سے بھی زیاد ہ اکثریت دلوائی،ہمارا فرض بنتا ہے عوام کی فلاح و بہبود کے لیےبھرپور کام کیا جائے،میں عوام کی جان و مال ، تعلیم ، صحت اور روزگار کے لیے بھرپور اقدامات کروں گا،ہر وزیر اپنے محکمے میں بہتر سے بہتر کام کرکے دکھائے۔