وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف کے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے ساتھ معاہدے کے باعث ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا، بانی پی ٹی آئی پاکستان کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے تھے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوگی میڈیا اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کروں، وزیراعظم نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے اور عالمی جریدے بلومبرگ پر معیشت کے حوالے سے شہبازشریف کا ذکر بھی ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلومبرگ نے محمد اورنگزیب کی تقرری کو خوش آئند قرار دیا ہے اور وزیراعظم اور وزیرخزانہ کی صلاحیتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔
عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی عناصر معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، یہ عناصر پہلے بھی سیاست کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں، انہیں سمجھ نہیں ریاست ہے تو ہم ہیں، چندعناصر کی خام خیالی ہے وہ معیشت کو نقصان پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت کے سربراہ کا یورپی یونین سے رابطہ مکروہ عمل ہے، ماضی میں بھی آئی ایم ایف ڈیل سبوتاژ کرنے کا پروگرام بنایا گیا اور آئی ایم ایف کو خط لکھ کر پروگرام روکنے کی کوشش کی گئی جبکہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے دو صوبائی وزرائے خزانہ کو خط لکھنے کا کہا جس میں لکھا گیا پاکستان سے معاہدہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کوشش تھی پاکستان ڈیفالٹ کرجائے، لوگ پیسے نکلوالے کیلئے بینکوں کے باہر قطاروں میں لگے ہوں، پہلے بھی آئی ایم ایف کو خط لکھا گیا اور اب دوبارہ پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ جیل سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی ہدایت آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست اور اس کے مفاد کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، عوامی فلاح بہبود، مہنگائی کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کو قومی مفاد نظر نہیں آتا، اس سیاسی جماعت کو پاکستان کی سالمیت سے کوئی غرض نہیں، جی ایس پی پلس اسٹیٹس ہونے پر زرمبادلہ آئے گا، مہنگائی میں کمی آئے گی اور روزگار کے مواقع ملیں گے لیکن یورپی یونین کو کہا جارہا ہے پاکستان سے جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لیں، پی ٹی آئی کا یورپی یونین سے یہ مطالبہ پاکستان پر حملہ ہے، یہ چاہتے ہیں روزگار کے مواقع نہ ہوں، غربت اور مہنگائی ختم نہ ہو۔