جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے انتخابی نتائج کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے عید کے بعد بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں مرکزی قیادت نے ملک بھر کی ضلعی قیادت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے احتجاجی جلسوں اور مظاہروں کے شیڈول کیلئے تجاویز طلب کرلیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جے یو آئی ف کی جانب سے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے عید کے فوراً بعد بڑے پیمانے پر چاروں صوبوں میں احتجاج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر نتائج کو مسترد اور اپوزیشن میں بیٹھنےکا اعلان کردیا ہے۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا مؤقف ہے کہ ہماری مجلس عاملہ نے انتخابی نتائج کو مسترد کردیاہے، انتخابی دھاندلی نے 2018 کی انتخابی دھاندلی کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا ہے، الیکشن کمیشن کے شفاف انتخابات کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔