سیشن عدالت اسلام آباد نے نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی۔
پیر کے روز اسلام آباد سیشن کورٹ کے جج شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی جس کے دوران کیس کے مدعی خاور مانیکا بھی عدالت میں پیش ہوئے اور کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
خاور مانیکا نے موقف اختیار کیا کہ مجھے عدالت کا نوٹس تاخیر سے ملا، ابھی وکیل کرنا ہے، کچھ وقت دیا جائے، تاہم، عدالت نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں وکیل نامزد کرنے کے لیے وقت دیا اور سماعت میں مختصر وقفہ کردیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے سزا معطل کرانے کیلئے متفرق درخواست بھی دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سزا کے خلاف اپیل قابل سماعت قرار دی جاچکی ہے، عدالت اس اپیل پر فیصلہ ہونے تک سزا معطل کرے، اور اپیل پر فیصلہ تک ضمانت پر رہا بھی کیا جائے۔
وقفے کے بعد مدعی خاور مانیکا دوبارہ پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ وقت بہت کم تھا، مجھے کیس لڑنے کیلئے کوئی وکیل نہیں ملا۔
بعدازاں، عدالت نے کیس کی سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر متفرق درخواست اور سزا معطلی کی درخواستوں پر دلائل طلب کرلئے۔