پاک فوج اور ایف سی نارتھ کی جانب سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں صحت، تعلیم اور دیگر فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں 14 مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا، میڈیکل کیمپس میں عوام کو انکی دہلیز پر مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
میڈیکل کیمپس میں کل 4297 سے زائد مریضوں کا مفت طبعی معائنہ کیا گیا اور مخلتف ٹیسٹس کی سہولیات کے ساتھ ادویات فراہم کی گئیں، میڈیکل کیمپس قلعہ سیف اللہ، بادینی، سبی، سنگان، ژوب، دکی اور ضلع چمن کے دور دراز علاقوں میں لگائے گئے۔
دوسری جانب تعلیمی میدان میں ایف سی بلوچستان کے زیر انتظام 83 اسکولز اور کالجز و بشمول 29 فری شیلٹر اسکولز کو کامیابی سے چلایا جا رہا ہے۔ ان اسکولز و کالجز میں جہاں بیک وقت 15000 سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں وہیں شیلٹر اسکولز میں زیر تعلیم تمام طلباء و طالبات کو مفت تعلیم، کتابیں، یونیفارم اور اسکالرشپس فراہم کیے جارہے ہیں۔
پچھلے ایک ماہ کے دوران ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل دوبندی میں ایک گرلز پرائمری اسکول کی تعمیر عمل میں لائی گئی، یہ اسکول دوبندی اور ملحقہ علاقوں کی بچیوں کو مفت تعلیم فراہم کرے گا۔ افتتاحی تقریب میں طالبات میں مفت کتابیں اور دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔
نوشکی میں واقع گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نوشکی کیلئے ایف سی کی جانب سے کمپیوٹر لیب کیلئے کمپیوٹرز کی فراہمی، باؤنڈری وال کی مرمت، سپورٹس گئیر کی فراہمی اور پلے گراؤنڈ کی مرمت کی جارہی ہے۔
قبل ازیں صحبت پور، چمن، سنگان، قلعہ سیف اللہ اور کوہلو کے مستحق اور ضرورت مند ہزاروں خاندانوں میں مفت رمضان راشن پیکجز تقسیم کیے گئے۔
مقامی عمائدین نے طبی، تعلیمی اور فلاح و بہبود کے اقدامات کو خوش آئند قراردیا اور پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا شکریہ ادا کیا۔