پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جاری احتجاج کے دوران پولیس نے پارٹی کے اہم رہنماؤں سمیت متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
لاہور پولیس کی جانب سے بیرسٹر سلمان اکرم راجا اور ممبر قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اتوار کے روز انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کی کال دی گئی تھی جس کے بعد راولپنڈی ، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مقامی قیادت اور کارکنان سڑکوں پر نکلے۔
لاہور
پی ٹی آئی کارکنان صوبائی دارالحکومت لاہور میں احتجاج کے لئے جی پی او چوک پہنچے جہاں پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا اور اہلکاروں نے مقامی رہنما اور ممبر صوبائی اسمبلی حافظ فرحت عباس سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔
راولپنڈی
راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے دوران تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے کارکنان کو تحویل میں لیا، تاہم، این اے 57 سے الیکشن میں حصہ لینے والی خاتون رہنما سمابیہ طاہر نے کارکنان کو پولیس وین سے واپس اتر والیا۔
اس موقع پر پولیس حکام کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے، ریلی نہیں لے کر جا سکتے۔
گوجرانوالہ
گوجرانوالہ پولیس نے سڑک بلاک کرنے اور ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کے الزام میں لدھیوالہ سے تحریک انصاف کے رہنما طارق محمود کو کارکنان سمیت حراست میں لیا۔
بعدازاں، پولیس نے گرفتار رہنماؤں کو تھانہ لدھیوالہ منتقل کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق کارکنان نے بغیر اجازت سڑک بلاک کی تھی۔