کیا آصف علی زرداری اپنے لخت جگر بلاول بھٹو کے دعوے پر پورا اترتے ہوئے پاکستانی تاریخ کے طویل ترین صدر کا اعزاز اپنے نام کر پائیں گے؟آئیے پہلے پاکستان کے گزشتہ 13 صدور اور ان کے دور صدارات کا مختصر جائزہ لیتے ہیں۔
پاکستان کو میجر جنرل اسکندر مرزا کی صورت میں پہلا صدر ملا جو 23 مارچ 1956 سے 27 اکتوبر 1958 تک یعنی 2 سال 218 دن تک صدر پاکستان رہے۔جنرل محمد ایوب خان پاکستان کے دوسرے صدر تھے۔ وہ 27 اکتوبر 1958 سے 25 مارچ 1969 تک صدر کے عہدے پر رہے۔ ان کا دور صدارت 10 سال 149 دن پر محیط تھا۔
25 مارچ 1969 کو جنرل محمد یحییٰ خان پاکستان کے تیسرے صدر بنے۔ وہ 20 دسمبر 1971 تک صدر پاکستان رہے۔ ان کی صدارت کا دورانیہ 2 سال 270 دن ہے ،ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے چوتھے صدر تھے۔ وہ 20 دسمبر 1971 کو صدر پاکستان بنے اور 14 اگست 1973 تک صدر مملکت رہے۔ ان کے حصے میں 1 سال 237 دن آئے۔
فضل الٰہی چوہدری کو پاکستان کے پانچویں صدر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 14 اگست 1973 کو صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالا اور 19 ستمبر 1978 تک یعنی 5 سال 33 دن تک ملک کی صدارت کی،16 ستمبر 1978 سے 17 اگست 1988 تک جنرل محمد ضیاء الحق پاکستان کے صدر رہے۔ ان کا دور صدارت 9 سال 336 دن رہا۔
غلام اسحاق خان ملک کے ساتویں صدر تھے جو 17 اگست 1988 سے 08 جولائی 1993 تک صدر پاکستان رہے۔ ان کا دورانیہ 4 سال 335 دن ہے۔سردار فاروق احمد لغاری پاکستان کے آٹھویں صدر تھے وہ 14 نومبر 1993 سے 02 دسمبر 1997 تک صدر پاکستان رہے۔ ان کا دور صدارت 4 سال 18 دن رہا۔
جسٹس ریٹائرڈ محمد رفیق تارڑ نے ملک کے نویں صدر کی حیثیت سے یکم جنوری 1998 کو عہدے کا چارج سنبھالا وہ 20 جون 2001 تک صدر رہے۔ ان کا دور صدارات 3 سال 170 دن رہا،جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 29 نومبر 2001 سے 18 اگست 2008 تک صدر پاکستان رہے۔ ان کی صدارت کا دورانیہ 7 سال 25 دن ہے ۔
آصف علی زردای ملک کے گیارہویں صدر بنے وہ 09 ستمبر 2008 سے 09 ستمبر 2013 تک پاکستان کے صدر رہے۔ممنون حسین ملک کے بارہویں صدر تھے وہ 09 ستمبر 2013 سے 09 ستمبر 2018 تک صدر پاکستان رہے۔ آصف علی زرداری اور ممنون حسین کا دور صدارت 5 سال رہا۔
سبکدوش ہونے والے ڈاکٹر عارف الرحمان علوی ملک کے تیرھویں صدر تھے جو 09 ستمبر 2018 سے 09 مارچ 2024 تک صدر پاکستان رہے۔ ان کا دورصدارات 5 سال 182 دن ہے۔آصف علی زرداری ملک کے چودھویں صدر کی حیثیت سے 10 مارچ یعنی کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
اگر ماضی پر نظر دوڑائیں تو جنرل محمد ایوب خان کو پاکستان کا طویل ترین صدر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کا دور صدارت 10 سال 149 دن پر محیط ہے۔گیارہ سال بعد دوبارہ صدر منتخب ہونے والے آصف علی زرداری کو ملک کا طویل ترین صدر کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے 5 سال 150 دن کا عرصہ درکار ہے۔
لیکن آئین پاکستان کے آرٹیکل 44 کے تحت صدر پاکستان کی مدت 5 سال ہے تاہم جب تک نیا صدر منتخب نہیں ہوتا، تب تک صدر اپنے عہدے پر براجمان رہ سکتے ہیں۔چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے والد سے متعلق پیش گوئی کی تھی کہ آصف زرداری کوئین آف انگلینڈ کی طرح صدر پاکستان ہوں گے۔