ریاستی اداروں اور حکام کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلانے اور عوام کو اکسانے پر ایف آئی اے نے شاندانہ گلزار کو 14 مارچ کو طلب کرلیا۔
رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شاندانہ گلزار حاضر نہ ہوئیں توسمجھیں گے کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں۔
ایف آئی اے نے شعیب مرزا کی تحریری شکایت پر شاندانہ گلزار کو نوٹس جاری کیا ہے۔ شاندانہ گلزار پر ریاستی حکام اور اداروں کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلانے کا الزام ہے۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جس کا جودل چاہتا ہے الزام لگاتا ہے مگر اب ایسانہیں چلے گا۔ شاندانہ گلزار کیخلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کرادی۔ انہیں ثبوت پیش کرنے ہوں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے الزام لگایا کہ ان کے پاس مریم نوازکی آڈیوہے، شاندانہ گلزارمریم نواز پر لگائے الزام کے ثبوت پیش کریں۔ شاندانہ گلزارکوایف آئی اے میں ثبوت پیش کرنےہوں گے۔