یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے سفارتخانے کے احاطے میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے جمع ہونے والے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن زندگی کے تمام شعبوں میں صنفی مساوات اور برابری کے حصول کے لیے ہماری اجتماعی کوششوں کی یاد دہانی کرواتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنفی برابری کے موجودہ اعدادوشمار خواتین کو بااختیار بنانے کے ہمارے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مزید ٹھوس کوششوں اور اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ اس سال خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ہمیں خواتین کے مستقبل کی تعمیر ترقی کیلئےمزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کامیابی کی طرف بڑھ سکیں ، خاص طور پر ہمیں خواتین کے معاشی حالات کو بہتربنانے کیلئے زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہو گی ۔پاکستانی سفیر نے خواتین کی سیاسی ، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں شمولیت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا ۔
سفارتخانے کے احاطے میں منعقدہ تقریب کی خاصیت زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابیاں سمیٹنے والی متاثر کن پاکستانی خواتین کی ایک ساتھ پینل ڈسکشن تھی ۔ ان خواتین میں فٹبال کی کھلاڑی زلفیہ نذیر ، اداکارہ کرن ملک ، صحافی مہر ایف حسین اور فلمساز شازیہ علی خان شامل تھیں۔ان قابل فخر پاکستانی خواتین نے پینل ڈسکشن کے دوران اپنی متاثر کن کہانیاں شیئرکیں اور اپنی انتھک جدوجہد، لگن اور خوداعتمادی سے جاری اس سفر کے بارے میں بتایا جو وہ زندگی میں حاصل کرنا چاہتی ہیں ۔ ہر فرد کی اپنے پیشہ ورانہ کیریئر اور کامیابی کے عروج تک پہنچنے کی سنسنی خیز زندگی کی کہانی بلا شبہ متاثر کن تھی۔
سفیر نے سیشن میں شامل ہونے اور اسے حقیقی معنوں میں بامعنی بنانے پر پینلسٹس کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔