ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے سیکرٹری سینیٹ کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
جمعہ کے روز ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کی زیر صدارت ایوان بالا کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی سینیٹرز نے جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل میں قید سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ اعجاز چوہدری کے صدراتی انتخاب کیلئے پروڈ کشن آرڈر جاری کیے جائیں، رولز واضح ہیں اس طرح کی صورتحال میں ایوان ممبران کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جا سکتے ہیں، کل صدراتی انتخاب ہیں ان کو ووٹ کرنا ہے ان کا حق ہے۔
علی ظفر نے کہا کہ اس اہم مرحلے پر سینیٹر اعجاز چوہدری کو رہا ہوکر یہاں ہونا چاہیے، ہائیکورٹ آرڈر موجود ہیں پروڈکشن آرڈر کیلئے عدالتوں کا کیوں رخ کریں جب ہمارے پاس اختیارات یہاں ہیں، سینیٹر اعجاز چوہدری بیمار بھی ہیں ان کے میڈیکل بورڈ سے متعلق بھی پمز میں اقدامات کیے جائیں، یہ کوئی ذاتی معاملہ نہیں سب ایوان متفق ہوگا۔
بعدازاں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی رولنگ دے دی اور کہا کہ صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈالنا اعجازچوہدری کا حق ہے۔
رولنگ کے بعد پی ٹی آئی ارکان نے ڈیسک بجا کر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔