غیر سرکاری تنظیم پلڈاٹ نے عام انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھا دیے۔
پلڈاٹ نے 2024 کے عام انتخابات کے بارے میں جائزہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں منصفانہ اسکور سب سے کم ریکارڈ کیا گیا۔
پلڈاٹ نے رپورٹ میں نگران حکومتوں کے مینڈیٹ کو بھی مشکوک قرار دے دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نگران حکومت کی جانب سے انتخابات میں غیرجانبداری کا فقدان دیکھا گیا، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب تھی، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی سے الیکشن مینجمنٹ سسٹم متاثر ہوا۔
رپورٹ کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ کی بندش سے عوام کو ووٹ ڈالنے میں بھی مشکلات پیش آئیں، نتائج کے اعلان میں تاخیر نے بھی انتخابات کی ساکھ پر سنگین سوالات کو جنم دیا۔
فارم 45 اور فارم 47 کے درمیان بڑے پیمانے پر فرق نے خدشات کو بڑھایا اور الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر فارم 45، 46، 48 اور 49 کی اشاعت تاخیرسے ہوئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ 25 روز تک بڑا تنازعہ رہی۔