بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نومنتخب وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں شہباز شریف 201 ووٹ حاصل کر کے نئے قائد ایوان اور پاکستان کے چوبیسویں وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔
وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں شہباز شریف کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب خان سے تھا جو 92 ووٹ حاصل کر سکے۔
پیر کے روز ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہباز شریف سے حلف لیا۔
منگل کے روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی۔
اپنے پیغام میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو پاکستان کا وزیرا عظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوان اور ایران کے صدر کی جانب سے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی جا چکی ہے۔