پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ اپنے نام کے ساتھ بھٹو لگانے سے کوئی بھٹو نہیں بن جاتا۔
قومی اسمبلی سیشن کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ نانا کی سیاست کب کی ختم ہوچکی ہے ، اپنے نام کے ساتھ بھٹو لگانے سے کوئی بھٹو نہیں بن جاتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہمیں جمہویت کا درس دینے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، کیا انہوں نے 50 ارب روپے کے کیسز معاف نہیں کروائے، ان سے سوئٹرزلینڈ میں پڑے ہار کا حساب لیا جائے ، جمہوریت پر گھمنڈ کرنے والے نے کیا ہماری گرفتاریوں پر ایک لفظ بھی کہا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ڈیموکریٹک نہیں مفاد پرست ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سائفر ایک حقیقت ہے ، بانی پی ٹی آئی کے بجائے سازش کرنے والوں کا ٹرائل ہونا چاہیے تھا۔