پاکستان سے مصر جانے والے مسافروں کے لیے اہم ہدایات سامنے آئی ہیں،مسافروں کے لیے پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے اپنی ویب سائٹ پر مسافروں کے لیے نئی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ پاکستان سے مصر جانے والے مسافر پولیو ویکسینیشن کا بین الاقوامی سرٹیفکیٹ لازمی ساتھ رکھیں ، پولیو ویکسین، او پی وی یا آئی پی وی دونوں قابل قبول ہیں۔
واضح رہے کہ مصر نے پاکستان ، افغانستان، ملاوی، موزمبیق اور کانگو سے آنے والے مسافروں کے لیے پولیو ویکسینیشن لازمی قرار دی ہے۔