نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ کوشش ہوگی حکومت اور اپوزیشن میں تفریق نہ کروں، میری طرف سے آپ میں سے کسی کی عزت میں کمی نہیں آئے گی۔
مسلم لیگ نواز کے رہنما اور نومنتخب سپیکر قومی اسملی ایاز صادق کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ تیسری بار اس کے لئے مجھے نامزد کرنے پر نواز شریف کا مشکور ہوں، شہباز شریف سے بہت کچھ سیکھا، اعتماد کرنے پر آصف زرداری کا بھی شکر گزار ہوں، خالد مقبول صدیقی اور ان کی جماعت کا بھی شکر گزار ہوں، چوہدری شجاعت اور عبدالعلیم خان کا بھی شکر گزار ہوں۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عامر ڈوگر کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جمہوری عمل میں حصہ لیا اور جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا، انہوں نے ہمیشہ عزت کی ، بھائی کہہ کر بلایا، بڑا بھائی بن کر دکھاؤں گا، اسدقیصر ،علی محمد ، شہریار آفریدی و دیگر بھی میرے بھائی ہیں، ان سب سے سیاست سے ہٹ کر دل کا رشتہ بھی ہے۔
لازمی پڑھیں۔ سردار ایاز صادق تیسری مرتبہ قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب، حلف اٹھا لیا
انہوں نے کہا کہ جو ذمہ داری ملی وقتی ہے، پلک جھپکتے ختم ہوجاتی ہے، کوشش کروں گا ایوان کو بہتر طریقے سے چلاسکوں، اپوزیشن اور حکومتی بینچز سے گزارش ہے اختلاف ضرور کریں، اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، حکومت کا کام کارکردگی دکھانا ملک کو چیلنجز سے نکالنا ہے جبکہ اپوزیشن کا کام ہے حکومت کی اصلاح کرنا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہمارے ملک کی سیاست میں تلخیاں آگئی ہیں، میری کوشش ہوگی ایک دوسرے کی ڈھال بنیں، ایسا ماحول بنے کہ ایک دوسرے کی بات برداشت کریں، ہم سب مل کر ملک کو عظیم تر بنائیں گے، ہمارا اور ہمارے بچوں کا مستقبل پاکستان سے جڑا ہے، ہمیں اپنے روشن مستقبل کے لیے قربانی دینی ہوگی، پاکستان ترقی کرے گا تو ہم ترقی کریں گے۔