ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے توہین عدالت کیس کا فیصلہ چیلنج کردیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر نے بھی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی کی جانب سے توہین عدالت کیس میں سنگل بینچ فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مئی 2023ء کو ایس ایس پی آپریشنز کی معلومات پر نظر بندی احکامات جاری کئے، ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے جون میں نظربندی احکامات غیر قانونی قرار دیئے۔ حکم کے باوجود راولپنڈی انتظامیہ نے نظربندی احکامات جاری کئے۔
درخواست کے مطابق سنگل بینچ نے راولپنڈی انتظامیہ کیخلاف توہین عدالت کی کوئی کارروائی نہیں کی، 8 اگست کو اسپیشل برانچ کی رپورٹ پر میں نے نظربندی کے احکامات جاری کئے، جس پر ڈپٹی کمشنر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کردی گئی۔
انٹیلی جنس بیورو اور اسپیشل برانچ حکام نے بھی عدالت میں تائیدی بیانات دیئے مگر عدالت نے تمام بیانات اور ریکارڈ نظر انداز کرتے ہوئے سزا کا مرتکب قراردیا، استدعا ہے کہ سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر بری کیا جائے۔