مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور نو منتخب ممبر قومی اسمبلی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں نواز شریف اور شہباز شریف دونوں ہی حلف اٹھائیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج نوازشریف اور شہبازشریف دونوں ہی حلف اٹھائیں گے، 5 سال کا مینڈیٹ ملا ہے ، ملک کے چیلنجز سے مل کر نمٹنا ہے، مہنگائی ، بیروزگاری اور معاشی مشکلات حل کرنا ترجیح ہے۔
لازمی پڑھیں۔ عمر ایوب نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر آئینی قرار دے دیا
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالف میدان میں ہیں اور آئی ایم ایف کو خط بھی لکھ دیا ہے، کاش وہ آئی ایم ایف کو یہ بھی بتاتے کہ میں کرپشن کرنے پر جیل میں ہوں، امریکی سازش کی بات کرنے والوں نے امریکی سینیٹروں سے بھی خط لکھوائے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک طرف امریکی سازش کہتے ہیں پھر امریکا سے ہی مدد طلب کرتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط جمہوریت کو ڈی ریل اور بحران پیدا کرنے کی کوشش ہے، آئی ایم ایف کو خط والا معاملہ پہلے بھی ہوچکا ہے، یہ قابل مذمت فعل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط ملکی مفاد کیخلاف اور ذاتی انا کی تسکین کیلئے لکھا گیا، کابینہ میں کس کو لینا ہے یہ فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔