بھارتی پنجاب کے آنجہانی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کا قریبی دوست قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجابی موسیقار اور سدھو موسے والا کے قریبی دوست بنٹی بینس نامعلوم مسلح افراد کے قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے ہیں، بنٹی آنجہانی گلوکار کے تمام کاروباری معاملات سنبھالتے تھے۔
پنجابی سونگ رائٹر اور میوزک کمپوزر بنٹی بینس پر پنجاب کے شہر موہالی کے ایک ریسٹورنٹ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تاہم ، وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
بنٹی بینس کو حملے سے قبل ایک دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی تھی جس میں 1 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
لازمی پڑھیں۔ سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع
بینس نے واقعے کے بعد مقدمہ درج کروایا اور پولیس کی جانب سے لکی پٹیال نامی شخص سے دھمکی آمیز کال کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ لکی پٹیال کے لارنس بشنوئی اور بمبیہا کے گروہوں سے قریبی روابط ہیں۔
یاد رہے کہ 2022 میں مانسا سے کانگریس کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے والے موسے والا کو اسی سال 29 مئی کو قتل کر دیا گیا تھا جبکہ اس کیس میں گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار سمیت 31 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے اور اب تک پچیس کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔