سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایک ماہ کے لیے اخراجات زر کی تحریک ایوان میں پیش کردی گئی ہے۔
محکمہ قانون کی سمری اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری کے بعد گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز 11 بجے طلب کیا تھا، تاہم، اجلاس 3 گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا ، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔
اخراجات زر کی تحریک
اجلاس میں مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی مریم اورنگزیب کی جانب سے ایک ماہ کے لیے 358 ارب کے اخراجات زر کی تحریک ایوان میں پیش کی گئی۔
رکن سنی اتحاد کونسل رانا آفتاب
سنی اتحاد کونسل کے رکن رانا آفتاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جس جلدی سے سیشن بلایا گیا یہ بدقسمتی ہے، اسے غیر قانونی تو نہیں کہتا، تین سو اٹھاون ارب انتظامی امور کے لیے آپ کوچاہیے، کیا تفصیل ایوان کو بتائی گئی ہے یہ پیسے کس مد میں درکار ہیں، یہ بہت بڑی رقم ہے آپ چاہتے ہیں ہم اسے پاس کر دیں۔
رانا آفتاب نے کہا کہ اگرتنخواہیں بھی دینی ہیں تو ایوان کو تفصیل سے آگاہ کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ کی رانا آفتاب سے ملاقات
اجلاس کے دوران تلاوت اور نعت کے فوری بعد اپوزیشن رہنما رانا آفتاب بات کرنا چاہ رہے تھے جس کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ان کی نشست پر ان سے ملنے گئیں۔
رانا آفتاب کا کہنا تھا کہ گیلری پرشیشے لگوا دیے جائیں ، وہاں سے نازیبا آوازیں کسی جاتی ہیں۔