نگران وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیل کو ہرگز تسلیم نہیں کررہا۔
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے اوآئی سی رابطہ گروپ میں پاکستان نے انیس ستمبرکو پوزیشن واضح کردی تھی۔ پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، ایک مضبوط آزاد اور مربوط فلسطین ریاست کا قیام ضروری ہے۔
جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اوراو آئی سی کی قراردادوں پرعملدرآمد کرتے ہوئے آزادفلسطینی ریاست بین الاقوامی قوانین کے تحت بننی چاہیے۔
واضح رہے کہ چندر روز قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہاسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی طرف قریب ہوتے جا رہے ہیں۔ اسرائیل کے ساتھ اب تک ہمارے اچھے مذاکرات کے ادوار گزرے ہیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے قریب آتے جا رہے ہیں مگر ہمارے لیے مسئلہ فلسطین بہت اہم ہے، ہمیں امید ہے ایک دن فلسطین کا مسئلہ حل ہوگا اور فلسطینیوں کی زندگی آسان ہوگی۔