پنجاب کی نئی منتخب وزیراعلیٰ مریم نواز نے قومی کرکٹر محمد عامر کی فیملی کے ساتھ سٹیڈیم میں ہونے والے بدتمیزی کے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے کھلاڑی کو فون کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے بھی محمد عامر سے بات کرکے تمام غلط فہمیاں دور کیں ۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی محمد عامر نے ٹویٹر پر پیغام جار ی کرتے ہوئے کہا کہ’’ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میری گزارش پر توجہ دی اور اپنے قیمتی وقت میں سے مجھے کال کی ، ڈپٹی کمشنر ملتان نے بھی ذاتی حیثیت میں تمام غلط فہمیاں دور کیں ، میں آپ کی کاوش کو سراہتاہوں اور آپ کے نئے سفر میں میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں ۔‘‘
یاد رہے کہ محمد عامر نے ملتان میں پی ایس ایل میچ کے دوران پولیس افسروں کی جانب سے فیملی کے ساتھ کی جانے والے بدتمیزی پر احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے ٹویٹر پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے مریم نواز سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ۔محمد عامر کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ ’’ملتان کے ڈپٹی کمشنر نے میچ کے دوران مبینہ طور پر میرے اہلخانہ کے ساتھ بدسلوکی کی، تکبرانہ انداز سے گراؤنڈ کی ملکیت کا دعویٰ کیا اور میچ کے دوران انہیں بلاجواز باہر نکال دیا، یونیفارم میں طاقت کا یہ غلط استعمال ناقابل برداشت ہے!۔‘‘محمد عامر نے مریم نواز کو ایکس پر ٹیگ کرتے ہوئے واقعے پر نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ 26 فروری کو ضلعی انتظامیہ کے افسران نے محمد عامر، عمر امین اور معین خان کی فیملیز کو پلیئرز باکس سے باہر کر دیا جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے شدید احتجاج کیا تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی اس طرح کے اقدامات کی روک تھام کرے، ضلعی انتظامیہ کے افسروں کا کوئی حق نہیں بنتا کہ کھلاڑیوں کی فیملیز کے ساتھ اس طرح کا ناروا رویہ اختیار کریں۔