پاکستان مسلم لیگ نواز اور متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے درمیان وفاق میں حکومت سازی کے لئے فیصلہ کن مذاکرات آج ہوں گے۔
وفاق میں حکومت سازی کے لئے جوڑ توڑ جاری ہے اور نواز لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان اس حوالے سے فیصلہ کن مذاکرات آج ہوں گے جبکہ لیگی قیادت سے ملاقات کے لیے ایم کیو ایم کا اعلیٰ سطح وفد آج لاہور پہنچے گا ۔
ایم کیو ایم کی قیادت نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرے گی جبکہ وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری ، مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار سمیت دیگر رہنما شامل ہوں گے۔
ایم کیو ایم کا وفد حکومت کا حصہ بننے کے لیے اپنے مطالبات سے شہباز شریف کو آگاہ کرے گا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر امین الحق نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان آج حتمی مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج فیصلہ سازی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، انتخابات سے پہلے کہی بات پر قائم ہیں کہ شہبازشریف کو وزیراعظم بننا چاہیئے لیکن صدارتی انتخابات میں آصف زرداری کو ووٹ دینے کے بارے فیصلہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کرے گی۔