اکبر ایس بابرنے تحریک انصاف کے انٹر ا پارٹی الیکشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے تین مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے جس پر اکبر ایس بابرنے ایک مرتبہ پھر میدان میں آتے ہوئے چیلنج کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کو الیکشن کمیشن میں بہت جلد چیلنج کروں غا، اس سلسلے میں قانونی مشاورت جاری ہے ، پی ٹی آئی کی تمام موجودہ قیادت کالعدم ہو چکی ہے ۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انٹراپارٹی الیکشن میں حصہ لینے کےلیے کاغذات نامزدگی 23اور 24فروری کو جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 فروری کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27فروری کو ہوں گے۔ پولنگ سینٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوگی۔
دوسری جانب انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی کروانے سے متعلق الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا، تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا شیڈول بھی الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیا گیا۔