ممبئی پولیس نے ماڈل تانیہ سنگھ کی خودکشی کے کیس میں بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے ماڈل تانیہ سنگھ کی خودکشی کے کیس میں انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل ) میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے بھارتی کرکٹر ابھیشیک شرما کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو تحقیقات کے دوران تانیہ سنگھ کے موبائل فون سے ابھیشیک کے ساتھ واٹس ایپ پیغامات ملے ہیں اور ماڈل نے آخری فون بھی ابھیشیک کو کیا تھا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق تانیہ گزشتہ ڈیڑھ سے دو سالوں سے فیشن ڈیزائننگ اور ماڈلنگ کر رہی تھی اور اس نے 20 فروری بروز منگل ’’سورت‘‘ شہر میں اپنے اپارٹمنٹ خودکشی کی تھی۔
پولیس نے کیس کی تحقیقات کے دوران تصدیق کی کہ کرکٹر ابھیشیک شرما کا نام اس کیس کے سلسلے میں سامنے آیا ہے۔
سورت پولیس کے اے سی پی وی آر ملہوترا نے بتایا کہ خودکشی کرنے والی ماڈل تانیہ سنگھ کی سی ڈی آر رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ماڈل نے آئی پی ایل کھیلنے والے کرکٹر ابھیشیک شرما کو میسج کیا تھا لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔
سی ڈی آر میں کرکٹر ابھیشیک شرما کا نمبر سامنے آنے سے تانیہ سنگھ کی خودکشی کا معاملہ ہائی پروفائل بن گیا ہے۔
خیال رہے کہ ابھیشیک شرما نے انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدر آباد کی نمائندگی کی ہے اور وہ ایک جارحانہ بیٹر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔