اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیو لیکس کیس میں چیئرمین پی ٹی اے،ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اےکو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس بابر ستار نے گزشتہ سماعت کے تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا ہے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ انٹیلی جنس بیورو اور ایف آئی اے کے ڈی جیز بیمار ہیں، عدالت نے ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے کو آئندہ سماعت سے قبل میڈیکل رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ میڈیکل سرٹیفکیٹ دیں کہ بیماری کس نوعیت کی تھی جس کے باعث عدالت نہ آ سکے۔
اے پی این ایس کے وکیل نے پاور آف اٹارنی اور جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی۔عدالتی معاون جاوید جبار کی طرف سے جواب جمع کرا دیا گیا،آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری آصف بشیر چودھری نے رسپانس جمع کرانے کا کہا،انہوں نے بتایا کہ سینئر صحافی مظہر عباس بھی عدالت کی معاونت کے لیے بریف جمع کرائیں گے۔
عدالت نے پاکستان بار کونسل کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت کی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت چار مارچ تک ملتوی کردی۔