عام انتخابات کی تیاریوں میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رزلٹ کمپائلیشن سسٹم کا کامیاب عملی مظاہرہ کیا۔ ای سی پی حکام نے سسٹم پر مکمل اطمینان کا اظہار کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا کام بر وقت مکمل کرنے کا عزم دہرایا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اہم اجلاس میں نتائج مرتب کرنے کے نظام رزلٹ کمپائلیشن سسٹم کے طریقۂ کار پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن، سربراہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ، نگران وزیر آئی ٹی عمر سیف، این آئی ٹی بی اور نادرا حکام سمیت دیگر نے شرکت کی۔
نئی حلقہ بندیوں پر بریفنگ میں اجلاس کو بتایا گیا کہ حلقہ بندی کمیٹیز کی ٹریننگ مکمل ہوچکی، ضلع کی سطح پر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کا کوٹہ بھی متعین کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن حکام نے حلقہ بندیوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جمعہ یکم ستمبر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کی حتمی تاریخ 30 نومبر، 2023ء مقرر کی گئی ہے اور اسی تاریخ کو سامنے رکھتے ہوئے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔