خیبر پختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہم محاذ آرائی نہیں چاہتے مگر ہمارے اوپر جعلی ایف آئی آر درج کرائی گئیں ، میری گرفتاری سے پاکستان کی ہتک ہوگی۔
اتوار کے روز صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نامزد وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ صوبے کا حق لیں گے اور کنفرنٹیشن بھی نہیں کریں گے، تمام سیاسی پارٹیوں کو صوبے کے حقوق پر ساتھ لے کر چلیں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ سب صوبے کی جنگ مل کر لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 22 فروری کے بعد صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوسکتا ہے، انتخابات سے قبل بلے کا نشان جانے سے بڑا دھچکا لگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں ، اس کے لئے کل عدالت میں رٹ بھی کر رہے ہیں ، باقی پارٹیوں سے عارضی حل کے لئے بات چیت چل رہی ہے۔
نامزد وزیر اعلی نے گلہ کیا کہ ہم محاذ آرائی نہیں چاہتے مگر ہمارے اوپر جعلی ایف آئی آر درج کرائی گئیں ، اب آگے بڑھنا ہے ، میری گرفتاری سے پاکستان کی ہتک ہوگی۔