وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ عام انتخابات 2024 کے دوران مبینہ دھاندلی کی گئی ہے اور اس کے نتیجے میں پارٹی کی 80 کے قریب نشستیں چھینی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی دھاندلی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال دی تھی۔
اسلام آباد
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی قیادت میں تحریک انصاف کی ریلی نیشنل پریس کلب کے باہر پہنچی جبکہ ریلی کے شرکاء گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر تھے۔
لازمی پڑھیں۔ انتخابات میں مبینہ دھاندلی، کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ عہدے سے مستعفی
ریلی میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے حلقوں سے الیکشن لڑنے والے امیدوار عامر مغل، شعیب شاہین، سیمابیہ طاہر. شہریار ریاض اور دیگربھی شریک تھے۔
اسلام آباد کے عوام نے فیصلہ سنا دیا، ان کے مینڈیٹ پر کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکتا!#ساڈا_حق_ایتھے_رکھ
— PTI (@PTIofficial) February 17, 2024
pic.twitter.com/pwUOWir1jL
دوسری جانب انتظامیہ نے احتجاج ناکام بنانے کے لئے پریس کلب کے سامنے گراؤنڈ میں کھدائی کردی تھی اور ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کے خصوصی دستے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
لاہور
الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان لاہور میں بھی سڑکوں پر نکلے اور جیل روڈ مرکزی آفس کے باہر احتجاج کیا ، اس دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان اکرم راجا کو اور 15 کے قریب کارکنوں کو حراست میں بھی لیا۔
“I am with the people of Pakistan”
— PTI (@PTIofficial) February 17, 2024
Senior Supreme Court lawyer Salman Akram Raja’s statement before his unlawful arrest by police: pic.twitter.com/HJqAWDT1og
لازمی پڑھیں۔ بیرسٹر سلمان اکرم راجا پی ٹی آئی کے مظاہرے کے دوران گرفتار
گوجرانوالہ
پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کی کال پر حافظ آباد روڈ پر احتجاج کیا گیا اور مظاہرین کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کر کے ہمارے مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
مظاہرے میں پی ٹی آئی کے رہنما ملک ظفر اقبال کھوکھر اور ذوالفقار بھٹو سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
پشاور
تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی کال پر پشاور میں بھی گلستان ہزار خوانی پارک میں مظاہرہ کیا گیا۔
ایبٹ اباد
پی ٹی آئی کی جانب سے ایبٹ اباد میں بھی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے الیکشن کمیشن کے خلاف نعرہ بازی کی۔
مظاہرے میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے، الیکشن کمیشن فوری مستعفی ہو۔
مالاکنڈ
مالاکنڈ میں بھی تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں دھندلی کے خلاف احتجاج کیا گیا اور مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ چھینی گئی نشیستں واپس دی جائیں۔
حیدر آباد
سندھ کے ضلع حیدرآباد میں تحریک انصاف نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور اس موقع پر ایم کیو ایم لندن کے کارکنان بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔