معروف اداکار و ہدایتکار یاسر حسین نے شوبز انڈسٹری سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا۔
ایک انٹرویو میں یاسر حسین نے پاکستانی شوبز انڈسٹری سے متعلق ناخوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہیں چاہتا کہ میرا بیٹا اس انڈسٹری میں آئے، اگر وہ خود آجائے تو ایک الگ بات ہے، میں اسے نہیں روکوں گا لیکن میرا دل نہیں چاہتا کہ وہ اداکار بنے۔
ایک سوال کے جواب میں یاسر حسین نے کہا کہ یہ کوئی کام ہے؟ آپ بتائیں ہماری انڈسٹری میں کیا کام ہو رہا ہے؟ ایک اداکار کا کیا کام ہے؟ اداکار کا کام اداکاری کرنا ہوتا ہے اچھی اداکاری کرنا اپنے ہنر کو منوانا لیکن ہمارے یہاں کیا ہو رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹی وی میں کوئی اچھا کام نہیں ہورہا اگر ہمارے سُپر ہٹ ڈراموں کا جائزہ لیں تو وہ بھی کوئی اچھے ڈرامے نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کے اداکار کو بتایا جاتا ہے کہ ڈرامہ 25 اقساط کا ہے لیکن پھر اسی ڈرامے کو 40 اقساط تک لے جاتے ہیں۔
یاسر حسین نے مزید کہا کہ پاکستان میں سب کے پاس نیٹ فلکس نہیں ہے اس لیے وہ یہ ڈرامے دیکھ رہے ہیں جبکہ بھارت کے پاس اپنے اچھے ڈرامے نہیں ہیں اس لیے وہ ہمارے ڈرامے دیکھنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کوریا اور ایران کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں مختلف زبان ہونے کے باوجود ان کے ڈرامے شوق سے دیکھے جاتے ہیں لیکن جن ممالک میں اچھے ڈرامے بن رہے ہیں وہ ہمارے ڈرامے نہیں دیکھتے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے صرف ان ممالک میں دیکھے جاتے ہیں جن کے پاس اپنے ڈرامے اچھے نہیں ہیں، اگر ہم اچھے ڈرامے بنائیں تو دیگر ممالک میں بھی ہمارے ڈرامے دیکھے جائیں گے۔