قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم اور پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی قیادت کرنے والے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے تصدیق کی ہے کہ انہیں کپتان بنانے کا مشورہ قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے دیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا پلیٹ فارم کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے کسی بھی سطح پر کپتانی نہیں کی، شاید ایک بار انڈر 19 کی سطح پر کی لیکن مجھے کبھی کپتانی میں دلچسپی نہیں تھی، لیکن پھر 2021 میں لاہور قلندرز کے مالک سمین رانا اور سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کے ساتھ وزیر اعظم آفس میں بیٹھا تھا اور اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان نے مجھے کپتان مقرر کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
شاہین آفریدی نے بتایا کہ ظاہر ہے آپ عمران بھائی کو کبھی ’ نہیں ‘ نہیں کہہ سکتے، اس کے بعد میں لاہور کا کپتان بنا، پہلے میں نائب کپتان تھا لیکن جب عمران بھائی نے کہا کہ مجھے کپتان ہونا چاہیے تب تبدیلی آئی اور مجھے کپتان بنایا گیا۔
شاہین آفریدی نے عمران خان کو کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم نے 2022 میں ٹائٹل جیتا تو میں عمران بھائی سے ملنے گیا اور ان سے کہا کہ اب ہم نے ایک ٹائٹل جیت لیا ہے اور میں نے اس وقت مجھ پر اعتماد ظاہر کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ زیادہ تر عظیم فاسٹ باؤلرز کپتان رہے ہیں کیونکہ فاسٹ باؤلرز کے پاس فیلڈ سیٹ کرنے کا اختیار ہوتا ہے اور وہ دوسرے فاسٹ باؤلرز کو سمجھتے ہیں کہ انہیں کس چیز کی ضرورت ہے اور وہ کیا کر رہے ہیں۔
شاہین نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے ملنے والے مشورے میرے لیے بہت قیمتی تھے اور میں انہیں اس کا پورا کریڈٹ دینا چاہوں گا۔
یاد رہے کہ شاہین آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے 2022 اور 2023 میں پی ایس ایل بیک ٹو بیک جیتا تھا۔
پی ایس ایل کے تیسرے ٹائٹل کے بارے میں سوال پر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم دو بار جیت چکے ہیں، تو تیسرا کیوں ہیں جیتیں گے ؟۔