خیبر پختونخوا میں حکومت سازی کے لئے پی ٹی آئی کی مشاورت جاری ہے۔ وزیراعلیٰ اور اسپیکر کے ناموں کے اعلان کے بعد وزراء کے ناموں پر مشاورتی عمل شروع کردیا گیا ہے۔
صوبائی کابینہ میں پرانے چہروں کے ساتھ نئے چہرے بھی شامل کئے جارہے ہیں،14 وزراء، 5 مشیر اور 10 معاونین خصوصی لینے کا امکان ہے۔
الیکشن ہارنے والے تیمور جھگڑا اور کامران بنگش بھی شامل ہونگے، تیمور جھگڑا کو صحت اور کامران بنگش کو سپورٹس وکلچر دینے کا امکان ہے۔ موجودہ اسپیکر مشتاق غنی کو تعلیم کی وزرات دی جائے گی۔
شکیل خان، خلیق الرحمان اور عارف احمد زئی کے ناموں پر بھی غور جاری ہے، فضل شکور، ظاہر شاہ طورو، مینا خان اور سید قاسم شاہ بھی مضبوط امیدوار ہیں، بابر سواتی، اکبر ایوب ، فیصل امین گنڈہ پور اورانور زیب بھی کابینہ کا حصہ بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے باجوڑ کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ الیکشن مہم کے دوران باجوڑ میں ہمارا ایک نوجوان لیڈر ریحان زیب شہید ہوا، کارکن مطمئن رہیں ریحان زیب کے قاتلوں کا سراغ لگائیں اور عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔