بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عام انتخابات 2024 میں ہونے والی مبینہ دھاندلی پر آواز اٹھائے۔
جمعرات کے روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر اور بیرسٹر سیف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے دونوں رہنماؤں کو عام انتخابات کے حوالے سے امریکا کے لئے اہم پیغام دیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے الیکشن پر امریکی بیان میں مزید وزن ڈالنے کا کہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ امریکا الیکشن میں ہونے والی دھاندلی پر آواز اٹھائے۔
اسد قیصر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ’’ دھاندلی پرامریکا کی خاموشی پر ہمیں تشویش ہے، امریکا دھاندلی پر آواز اٹھائے، امریکا پوری دنیا میں جمہوریت کا راگ الاپتا ہے لیکن پاکستان میں دھاندلی پر امریکا اور یورپ نے چپ سادھ لی ہے ‘‘۔
اس موقع پر بیرسٹر سیف نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے امریکا کیلئے خصوصی پیغام میں کہا کہ ’’ الیکشن میں دھاندلی اور بدانتظامی کا مظاہرہ کیا گیا، پی ٹی آئی کو مختلف حربوں کے ذریعے الیکشن سے آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی، امریکا نے پی ٹی آئی کیخلاف کارروائیوں پر فرض ادا نہیں کیا، امریکا نے ہمیشہ ڈکٹیٹرز کی سرپرستی اور کرپٹ لوگوں کو حکمران بنایا ‘‘۔
لازمی پڑھیں۔ پنجاب اسمبلی کیلئے کون منتخب ہوا اور کون ہارا ؟ مکمل تفصیل جانیے
بیرسٹر سیف کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ’’ امریکا کیلئے موقع ہے ماضی کا کردار صاف کرے، پاکستان میں انتخابی دھاندلیوں پر نظر رکھے، امریکا کی ذمے داری ہے پاکستان میں الیکشن کی شفافیت پر آواز اٹھائے، الیکشن سے متعلق امریکی کاسمیٹک بیان کافی نہیں، امریکا کو دھاندلی میں ملوث لوگوں پر دباؤ بڑھانا چاہیے ‘‘۔
علاوہ ازیں اسد قیصر نے بتایا کہ عاقب اللہ صوابی سے ایم پی اے کے رکن ہیں جنہیں اسپیکر کے پی کے عہدے کیلئے نامزد کرنے کا کہا گیا ہے۔