مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ حکومت سازی کےلیے پی ٹی آئی سے بھی بات ہوگی۔
شہر اقتدار میں چوہدری شجاعت حسین کا سیاسی ڈیرہ حکومت سازی کی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ۔ گذشتہ رات شہبازشریف، آصف زرداری اور دوسرے بڑوں کی بیٹھک لگی تھی، آج اعجازالحق سےاہم ملاقات ہوئی ۔ چوہدری شجاعت نے اپنے دیرینہ سیاسی ساتھی کو دوبارہ مل بیٹھنے کی دعوت دی۔
چوہدری شجاعت حسین نے یہ خبر بھی دی کہ پی ٹی آئی سے بھی کل پرسوں تک بات ہو جائےگی۔ بڑا دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی سے بھی جلد رابطہ ہو جائے گا۔ اعجازالحق سے صحافی کا بھٹو کے نواسے کے ساتھ بیٹھنے کا چبھتا سوال کیا تو جواب دیا کسی سے ذاتی اختلاف نہیں۔ ملک مشکل میں ہے سب کو مل کر چلنا ہو گا۔
سربراہ مسلم لیگ ضیاء اعجازالحق نے کہا کہ میں نے اپنی پارٹی سے مشاورت کرکے جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے ، ملک مشکل میں ہے، ہم سب کو مل کر چلنا ہوگا، ہمارا نظریاتی اختلاف ہے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔
سربراہ مسلم لیگ ق نے مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے عزت افزائی پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکز میں مستحکم اتحادی حکومت قائم ہو جائے گی۔