وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت نہ بننے کی صورت میں اپوزیشن لیڈر کےلیے مختلف ناموں پر غور جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے اپوزیشن بینچز پر بیٹھنے کی صورت میں بیرسٹر گوہر خان اور شیر افضل مروت کے ناموں پر غور شروع کردیا۔
شیرافضل مروت کو اپوزیشن لیڈر بنانے کے لیے علیمہ خان سرگرم ہیں، تحریک انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان نے شیر افضل مروت کا نام دے دیا ہے تاہم ناموں کاحتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں مجلس وحدت مسلم (ایم ڈبلیو ایم) اور خیبرپختونخوا میں جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنانے کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کے ساتھ بات چیت نہیں کریں گے، ایم ڈبلیو ایم اور جماعت اسلامی کے ساتھ ملکر حکومت سازی کریں گے تاہم مطلوبہ نمبر کے حصول میں ناکامی کی صورت میں اپوزیشن لیڈر کے ناموں پر بھی غور جاری ہے۔