نگران حکومت نے ماہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ پر 7 ارب 49 کروڑ 27 لاکھ روپے کی سبسڈی کا اعلان کر دیا۔
نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران رمضان پیکج کی منظوری دیدی گئی ۔اعلامیے میں کہا گیاہے کہ اجلاس میں درآمدی یوریا کھادپروفاق کےحصےکی سبسڈی کی رقم بھی منظورکی گئی،وفاق اورصوبے درآمدی یوریا پر50،50 فیصد شئیرنگ کے لحاظ سے سبسڈی دیں گے، 1263 میگاواٹ کے تھرمل پاور پلانٹ کی کمیشننگ کی بھی منظوری دیدی گئی ہے ۔ای سی سی اجلاس میں ادارہ شماریات نے مہنگائی کےبارےمیں رپورٹ بھی پیش کی۔
رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر مستحق افراد کو سستی اشیاء ضروریہ ملیں گی، بی آئی ایس پی کےٹارگٹڈ مستحقین کو 7 ارب 49 کروڑ سےزائد کی سبسڈی دی جائےگی، ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن اسکیم کے تحت گندم کی درآمد اور آٹا برآمد کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ای سی سی نے متعلقہ وزارتوں کو ویلیو ایڈڈ برآمدات بڑھانے کے مواقع تلاش کرنےکی ہدایت کی ۔
ای سی سی کے اجلاس میں مختلف شعبوں کی تجاویز پر انفرادی کسٹمز ٹیرف ریشنلائزیشن کی بھی منظوری دیدی گئی ، ای سی سی کا کہناتھا کہ کسٹمز ڈیوٹیوں کی شرح میں رد وبدل ٹریڈ پالیسی کے مطابق ہونی چاہیے۔ اجلاس میں درآمدی یوریا پر سبسڈی کی ادائیگی کی خاطر وزارت تجارت کیلئے6 ارب روپےکی گرانٹ منظور کر لی گئی ،ای سی سی نے کہا کہ صوبائی حکومتوں درآمدی یوریا پر سبسڈی کی مد میں اپنے حصے کے بقایاجات ادا کریں۔ اجلاس میں 1263میگاواٹ پنجاب تھرمل پاور پرائیویٹ لمیٹڈ جھنگ کی کمیشنگ کی بھی منظوری دیدی گئی ۔