خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 17 لوئر دیر میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزادامیدوار عبیدالرحمان کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے اعزاز الملک افکاری کو شکست ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار عبیدالرحمان کی درخواست پر پی کے 17 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔
ریٹرننگ آفیسر کے مطابق دوبارہ گنتی کے بعد پی کے 17 کا نتیجہ تبدیل ہوگیا، جماعت اسلامی کے اعزاز الملک افکاری کو شکست ہوگئی جبکہ آزاد امیدوار عبیدالرحمان کامیاب قرار پائے۔
آر او نے بتایا کہ دوبارہ گنتی میں آزاد امیدوار عبیدالرحمان نے 23 ہزار 229 ووٹ حاصل کئے اور کامیاب قرار پائے جبکہ جماعت اسلامی کے اعزاز الملک افکاری 19 ہزار 990 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق اعزاز المک افکاری 25 ہزار 124 ووٹ لیکر منتخب ہوئے تھے اور آزاد امیدوار عبیدالرحمان 22 ہزار 981 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئے نتیجے کے مطابق صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی اب 2 نشستیں رہ گئی ہیں۔






















