قومی اسمبلی کے 4 کامیاب اراکین قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے189راجن پور سے آزاد امیدوار شمشیر علی مزاری نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا، شمشیرعلی مزاری نےویڈیو بیان میں ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس سے قبل این اے 54 ٹیکسلا سے کامیاب آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل نے اپنی نشست ن لیگ کے نام کردی، کہا یہ نشست آج اور آئندہ بھی میاں نواز شریف کی ہے، یہ نشست پارٹی قیادت کو بطور تحفہ پیش کرتا ہوں، کارکنوں کی محنت سے ہمیں فتح ملی۔
دوسری جانب این اے 48 اسلام آباد سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونیوالے راجہ خرم نواز مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے۔ کہتے ہیں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ین اے 253سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار میاں خان بگٹی بھی ن لیگ میں شامل ہوگئے تھے ۔انہوں نے قائد ن لیگ میاں محمد نوازشریف اور صدر ن لیگ شہبازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ غیرحتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 میں سے 264 سیٹوں کا نتیجہ آچکا۔ جبکہ ایک حلقے میں امیدوار کے انتقال کے سبب الیکشن نہ ہوسکا، اب تک کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 101سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ مسلم لیگ ن 75نشستیں لے کر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے 54 نشستوں پر میدان مارا ہے۔