جمعرات 8 فروری کو پاکستان کے کروڑوں شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ملک کی قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں اپنے اپنے نمائندگان کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی اور تقریباً 3 دن بعد قومی اسمبلی کے تمام نتائج مکمل ہوگئے۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 میں سے 264 سیٹوں کا نتیجہ آچکا۔ ایک حلقے میں امیدوار کے انتقال کے سبب الیکشن نہ ہوسکا جبکہ ایک حلقے کا نتیجہ الیکشن کمیشن نے روک دیا ہے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 101 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے 101 آزاد امیدواروں میں 93 تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار ہیں جبکہ 8 جنرل آزاد امیدوار ہیں۔ مسلم لیگ ن 75نشستیں لے کر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے 54 نشستوں پر میدان مارا ہے۔
ایم کیوایم پاکستان کی 17 حلقوں میں جیت گئے، جے یو آئی 4، ق لیگ بھی 3 حلقوں میں کامیاب،استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے دو دو نشستیں جیت لی،ایم ڈبلیو ایم، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ض)، بلوچستان عوام پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے امیدوار ایک، ایک نشست جیت سکے۔
پنجاب اسمبلی کے نتائج
الیکشن مینجمنٹ سسٹم پر پنجاب اسمبلی کے 295 حلقوں کے نتائج موصول ہوگئے، پنجاب اسمبلی کے 137 حلقوں میں ن لیگ کے امیدوار جیت گئے جبکہ 138 حلقوں میں آزاد امیدواروں نے کامیابی سمیٹی۔ یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی میں کامیاب ہونے والے 138 آزاد امیدواروں میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 116 جبکہ 22 جنرل آزاد امیدوار شامل ہیں۔
الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی 10، مسلم لیگ ق کو 8 نشستیں مل سکی۔ ٹی ایل پی ، استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ (ض) کے امیدوار ایک ایک نشست پر جیت گئے۔
سندھ اسمبلی
الیکشن مینجمنٹ سسٹم پر سندھ اسمبلی کے تمام 130 حلقوں کے نتائج موصول ہوگئے، سندھ اسمبلی کے 84 حلقوں میں پیپلزپارٹی کے امیدوار جیت گئے 28 حلقوں میں ایم کیو ایم اور 13 حلقوں میں آزاد، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی نے دو دو نشستوں پر کامیابی سمیٹی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی
خیبرپختونخوا میں آزاد امیدواروں کا کلین سویپ کرلیا۔ سرکاری نتائج کے مطابق 90 نشستوں پر آزامیدوار کامیاب ہوگئے، باقی کوئی جماعت بھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکی۔
جمیعت علمائے اسلام 7، مسلم لیگ ن 5 سیٹوں پر کامیاب، پیپلزپارٹی نے ، جماعت اسلامی نے 3 سیٹیں جیتیں۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز دو سیٹیں نکال سکی۔ عوامی نیشنل پارٹی ایک نشست پر کامیاب ہوئی۔
بلوچستان اسمبلی
بلوچستان اسمبلی کی تمام اکاون نشستوں پر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا، الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علماء اسلام 11، 11 سییٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی 10 سیٹوں پر کامیاب ہوئی۔
سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 6 نشستوں پر کامیاب ہوگئے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے چار اور نیشنل پارٹی نے تین سیٹیں جیتیں، اے این پی دو سیٹوں پر کامیاب رہی، چار نشتیں دیگرجماعتوں کے نام رہیں۔