Live Updates: پنجاب کا بجٹ 16 جون کو پیش کیا جائے گا
بجٹ ٹیکس فری ہوگا، عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جارہا، وزیر خزانہ پنجاب
ہر پاکستانی شہری کے سوا تین لاکھ روپے کا مقروض ہونے کا انکشاف
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے پاکستان کا مجموعی قرضہ 81 ہزار ارب روپے سےتجاوزکرچکا ہے اورہرشہری تقریباً 3 لاکھ 25 ہزار روپےکامقروض ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےاقتصادی امورکا اجلاس ہوا،اقتصادی امورڈویژن حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کےذمے مجموعی قرضہ 81 ہزار ارب روپے سےزیادہ ہےجس میں بیرونی قرضے 56 ہزار ارب روپے کےہیں،مالی خسارہ پورا کرنے کیلئےمزید قرض لینا پڑتا ہے،پاکستان کے ذمےمجموعی قرضہ 81 ہزار ارب روپے سے زیادہ ہے۔
حکام اقتصادی امورڈویژن کےمطابق مقامی قرضےکی مالیت 55 ہزار ارب روپے سےزائد ہے،بیرونی قرضوں کا حجم 26 ہزار ارب روپے سے زائد ہے،پاکستان کے قرضوں میں اضافے کی بڑی وجہ مالی خسارہ ہے،مالی خسارہ پورا کرنےکیلئےقرضہ لینا پڑتا ہے،روپے کی قدر گرنے سے بھی قرضوں میں اضافہ ہوتا ہے،
کمیٹی نےمعاشی پالیسیوں کا ذمہ دار پارلیمنٹ کو قرار دینے پرتحفظات کا اظہار کیا،چیئرمین کمیٹی کا کہنا ہےکہ اسٹیٹ بینک پارلیمنٹ سے بل پاس کراکرملک کی دھجیاں اڑارہے ہیں،اگلے اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک کو طلب کرنےکا فیصلہ کیا ہے،خیبرپختونخوا حکومت نے 300 ارب روپےکا قرضہ لیا،قرضہ استعمال نہیں ہوا مگر صوبائی حکومت سود ادا کررہی ہے۔
مشرق وسطی میں کشیدہ صورتحال، پنجاب حکومت کا سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ نہ کرنے کا فیصلہ
مشرق وسطی میں کشیدہ صورتحال جاری ہے تاہم پنجاب حکومت نے صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کفایت شعاری کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔ حکومت کی جانب سے متبادل اقدامات اپنانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ کفایت شعاری مانیٹرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کے فیصلوں کی رپورٹ پیش ہوگی اور فیصلوں کی توثیق پر بھی غور ہو گا۔
پاکستان اور ناروے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا
پاکستان اور ناروے کے درمیان ماحولیاتی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کی زیر صدارت تقریب میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔
وفاقی وزیر موسمیات تبدیلی کا کہنا تھا کہ معاہدہ پاکستان میں کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر اور صاف توانائی کے لئے سنگ میل ہوگا ۔ شراکت داری سے ملک کی کاربن مارکیٹ کو عالمی سطح پر تقویت ملے گی ۔ گرین اکانومی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ حکومت ویسٹ مینجمنٹ ، زراعت اور ٹرانسپورٹ میں پائیدار ترقی کے لئے کوشاں ہے ۔ نارویجن سفیر نے کہا کہ یہ معاہدہ دوطرفہ ماحولیاتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہے ۔ ماحولیاتی اہداف کے حصول میں پاکستان سے بھرپور تعاون کریں گے ۔ شراکت داری کا مقصد نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور گرین گروتھ کو فروغ دینا ہے ۔
سعودی عرب سے خام تیل کے ایک جہاز کا انتظام ہوگیا، کویت نے بھی یقین دہانی کروا دی
ایران امریکا جنگ دوسرے ماہ میں داخل ہو گئی ہے جبکہ پاکستان کے پیٹرولیم مصنوعات کے لئے تین ممالک سے رابطے جاری ہیں، سعودی عرب سے خام تیل کے ایک جہاز کا انتظام ، کویت سے بھی یقین دہانی حاصل کر لی گئی ۔
مارچ میں سعودی عرب کی یانبو بندرگاہ کے ذریعے خام تیل کا ایک جہاز، عمان کی بندرگاہوں سے پیٹرول کے پانچ اور ڈیزل کا ایک کارگو لایا گیا ۔ پاکستان نے کویت سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی یقین دہانی حاصل کر لی ۔ کویت پیٹرولیم کارپوریشن ڈیزل اور جیٹ فیول فراہم کرے گی ۔ وزارت پیٹرولیم حکام کہتے ہیں ہم تمام خلیجی ممالک سے رابطے کر رہے اور مصنوعات کی بلاتعطل سپلائی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے ، خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئیں۔ 24 گھنٹے کے دوران برطانوی خام تیل کی قیمت 118 ڈالر سے گر کر 99 ڈالر تک آگئی۔
امریکی خام تیل بھی 104 ڈالر سے کم ہوکر 97 ڈالرپر فروخت ہوتا رہا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مارچ کے مہینے میں تیل کی قیمتوں میں 60 فیصد تک اضافہ ہوگیا تھا۔ جو اسی کی دہائی کے بعد سب سے بڑا اضافہ ہے۔
نیپرا نے بجلی 1 روپے 64 پیسےفی یونٹ مہنگی کرنےکی درخواست پر سماعت مکمل کر لی
نیپرا نے ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 1.64روپے فی یونٹ اضافے کے معاملے پر سماعت مکمل کر لی، اتھارٹی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد فیصلہ جاری کرے گی ۔ بتایا گیا گردشی قرض 1700 ارب روپے ہو گیا ۔ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پیداواری لاگت بڑھنے کا خدشہ ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے فروری کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کی گئی تھی۔ صنعتی صارفین کی جانب سے بڑھتی ہوئی لاگت اور سہہ ماہی اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ صارفین نے کہا انڈسٹری اپنا بوجھ اٹھانے کے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی بوجھ اٹھاتی ہے۔ جنگ کی صورت حال میں پاور پلانٹس کو گیس کی قلت کا خدشہ ہے۔۔ کیا ایسی صورت میں انڈسٹری کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ شروع کی جائے گی۔ سی پی پی اے نے بتایا کہ ایل این جی بند ہوئی ہے لیکن کوئلے کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی۔ جنوری میں پاور سیکٹر کا گردشی قرض سترہ سو ارب روپے رہا ۔ سال کے آخر تک گردشی قرض ٹارگٹ سے زیادہ نہیں ہوگا ۔
اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب سے ملاقات، دونوں ممالک کا فوری جنگ بندی کا مطالبہ
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات اہم ملاقات کی جس کے بعد خلیج اورمشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کیلئےپاک چین 5نکاتی اعلامیہ جاری کر دیا گیا ، دونوں ممالک نے تنازعات کے خاتمے کیلئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیاہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی اجازت دی جائے اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے جلد از جلد مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق ایرانی اور خلیجی ممالک کی خود مختاری و سلامتی کو یقینی بنایا جائے، تمام فریقین طاقت کے استعمال یا ایسی دھمکی دینے سے گریز کریں، جنگ کے دوران غیر فوجی اہداف کا تحفظ یقینی بنایا جائے، فریقین عالمی قوانین کی پاسداری ،شہریوں وغیرفوجی تنصیبات پرحملےبند کریں۔
اعلامیہ میں بجلی کی تنصیبات اور پرامن جوہری اسٹریکچر پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ آبنائے ہرمز توانائی اور سامان کی ترسیل کا اہم بحریہ راستہ ہے، آبنائے ہرمز میں پھنسے بحری جہازوں اور عملے کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق تجارتی جہازوں کی جلد اورمحفوظ گزرگاہ ممکن بنا کر بحری آمدورفت بحال کی جائے، پاکستان اور چین مطالبہ کرتے ہیں اقوام متحدہ کے کردار کو مضبوط بنایا جائے، اقوام متحدہ کے منشور کے تحت بین الاقوامی قوانین اور امن معاہدوں کی حمایت کرتے ہیں۔
لاہور، وزیراعلیٰ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت سرکاری ڈاکٹرز کے نجی ہسپتالوں میں کام کرنے پر پابندی عائد
وزیراعلیٰ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت سرکاری شعبے کے ڈاکٹرز کو صحت کارڈ پینل پر شامل نجی ہسپتالوں میں کام کرنے سے روک دیا گیا، وزیراعلیٰ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت نیا نظام نافذ کردیا گیا۔
پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق سرکاری کارڈیک سرجنز، کارڈیا لوجسٹس، اینستھیٹسٹس اور ملٹی ڈسپلنری ڈاکٹرز کسی بھی نجی ہسپتال میں خدمات انجام نہیں دے سکیں گے۔ فیصلے کا مقصد سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے بوجھ کو بہتر انداز میں سنبھالنا اور انتظار کی فہرست کم کرنا ہے۔
مراسلے کے مطابق سرکاری کارڈیک اسپتالوں میں شام کی شفٹ کے دوران اضافی آپریشنز کی اجازت دی گئی ہے اور دوپہر دو بجے کے بعد ہر سرجری پر پچاس ہزار روپے شیئر ادا کیا جائے گا جبکہ ادویات اور دیگر سامان کی لاگت بھی حکومت برداشت کرے گی۔
واضح کیا گیا ہے کہ شام کی شفٹ اضافی استعداد بڑھانے کیلئے ہوگی جبکہ صبح کی شفٹ میں دستیاب وسائل کے مکمل استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہدایات پی آئی سی لاہور، آر آئی سی راولپنڈی، ایف آئی سی فیصل آباد سمیت نو بڑے ہسپتالوں کے سربراہان کو ارسال کی گئی ہیں۔
کویت کی پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو ڈیزل،جیٹ فیول کی مکمل سہولت دینے کی یقین دہانی
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویتی سفیر ناصر عبدالرحمٰن جاسم المطیری نے ملاقات کی جس دوران کویت نے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی مکمل سہولت دینے کی یقین دہانی کرا دی۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود کویت کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں۔
ناصر عبدالرحمٰن جاسم المطیری نے کہا کہ امن کے لیے تعمیری کردار پر پاکستان کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ کویت پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کویت پیٹرولیم کارپوریشن کی جانب سے اس سہولت پر شکرگزار ہیں، پچاس برس سے پاکستان کویت سے ڈیزل سمیت پیٹرولیم مصنوعات خرید رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف تنازعات کے پُرامن حل میں سہولت کاری کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
لاہور؛ آپریشن کے دوران ڈاکٹرزکی مقابلہ بازی کی وائرل ویڈیو پر پنجاب حکومت کا ایکشن،تین روز میں جواب طلب
لیڈی ولنگڈن اسپتال لاہورمیں آپریشن کے دوران ڈاکٹرزکی مقابلہ بازی کی وائرل ویڈیوپرپنجاب حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس اور ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ سےتین روزمیں جواب طلب کرلیاگیا۔
ویڈیو میں دیکھا گیاکہ گائنی تھیٹر میں ڈاکٹرز نےآپریشن کےدوران مقابلےبازی کی اور ویڈیو بنا کر وائرل کر دی،پنجاب حکومت نے ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس اور ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ سےتین روزمیں جواب طلب کر لیا،جبکہ چارڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کو بھی معطل کردیا گیا،محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے مراسلہ جاری کردیا گیا۔
وزیرصحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نےکہاکہ ویڈیو پرانی ہےلیکن ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائےگا،سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نےکہا کہ تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ویڈیومیں نظر آنے والی ڈاکٹرز کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے اسلام پورہ تھانے میں ایڈوکیٹ جند ستار بٹ کی جانب سے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔
پاکستان کو عالمی بینک سے 10 ارب 70 کروڑ روپے کا نیا قرضہ ملنے کا امکان
پاکستان کوعالمی بینک سے 10 ارب 70 کروڑ روپےکانیا قرضہ ملنے کا امکان ہے،رقم توانائی کے منصوبے پر خرچ کی جائے گی۔
دستاویز کےمطابق منصوبےمیں ایشیئن انفراسٹریکچر بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک بھی معاونت فراہم کریں گے،عالمی بینک نےپاکستان میں بلوں کی کم وصولی،سسٹم نقصانات اور ٹرانسمیشن رکاوٹوں کی نشاندہی بھی کردی۔
عالمی بینک کےمطابق پاکستان کا پاورسیکٹربجلی چوری سمیت بڑےمسائل کا شکارہے،پاورسیکٹر کے منصوبے کی مجموعی مالیت تقریباً 70 کروڑڈالرہے،مٹیاری سےرحیم یارخان تک 500 کےوی کی بڑی ٹرانسمیشن لائن بچھانےکامنصوبہ شامل ہے،مجوزہ منصوبہ 2026 سے 2035 پرمحیط 10 سال کےپروگرام کا حصہ ہے،بجلی کےنظام میں بہتری،بیٹری اسٹوریج اورنئی ٹرانسمیشن لائن منصوبےکا حصہ ہے،این ٹی ڈی سی میں اصلاحات کے لیےتکنیکی معاونت بھی دی جائے گی۔
دستاویز کےمطابق ایشیئن انفراسٹرکچر بینک اوراسلامی ترقیاتی بینک بھی مالی مدد کریں گے،منصوبے کامقصد پاکستان میں بجلی کا نظام مضبوط اور مستحکم بنانا ہے۔
عالمی بینک نے پاکستان میں بجلی کی فراہمی زیادہ قابل اعتماد بنانے اور نجی شعبے کی شمولیت کے فروغ، توانائی کے اداروں میں گورننس بہتر بنانے پر زور دیا۔
پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کردی گئی
پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کردی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نےصوبہ بھرمیں آؤٹ ڈور ڈرون اُڑانے پرمکمل پابندی برقرار ہے،دفعہ144کےتحت کھلی فضامیں ڈرون اڑانے پرعائد پابندی میں 30 روز کی توسیع کی گئی ہے۔
حکومت پنجاب نےسیکیورٹی خدشات کےپیشِ نظرڈرون کےاستعمال پرپابندی عائدکی،ہالز اورمارکیز کے اندر تقریبات کےدوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہے، اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پرعائدہوگی،قانون نافذکرنےوالےاورانٹیلیجنس ادارےپابندی سےمستثنیٰ قرار دئیے گئے۔
جمعة المبارک، آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم
جمعةالمبارک،آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبہ بھر کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم دیدیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نےکہافتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان سمیت شرپسندعناصرپرکڑی نظررکھیں، مساجد،امام بارگاہوں،مزارات،مارکیٹوں،حساس مقامات کی سیکیورٹی یقینی بنائیں۔
آئی جی پنجاب نےکہاسیف سٹی کیمروں کی مددسےمذہبی وحساس مقامات کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں، ڈی پی اوزسمیت سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں،سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، مساجد، امام بارگاہوں، حساس مقامات کے اطراف سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھیں۔
پنجاب میں جمعہ کے دن سرکاری دفاتر جزوی طور پر کھلے رکھنے کا فیصلہ
کفایت شعاری مانیٹرنگ کمیٹی نے پنجاب میں جمعہ کے روز سرکاری دفاتر جزوی طور پر کھولنے کی سفارش منظور کر لی، دفاتر میں صرف ضروری سٹاف کام کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق کفایت شعاری مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں جمعہ کی چھٹی نہ کرنے کی سفارشات پیش کی گئیں، کمیٹی ممبرز نے کہا کہ جمعہ ، ہفتہ اور اتوار چھٹی ہونے سے لوگ زیادہ ٹریول کریں گے، لوگوں کے زیادہ سفر سے ایندھن کا استعمال بھی بڑھ جائے گا۔ جس کے بعد کمیٹی نے جمعہ کے دن جزوی طور پر سرکاری دفاتر کھولنے کی سفارش منظور کر لی ، جمعہ کے روز صرف ضروری سٹاف ہی دفاتر میں کام کرے گا۔
پاکستان کو ملنے والے نئے بیرونی قرضوں میں 18.37 فیصد اضافہ
پاکستان کو ملنے والے نئے بیرونی قرضوں میں 18فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہو گیاہے، حکومت نے جولائی سے فروری کے دوران آئی ایم ایف سمیت 6 ارب 86 کروڑ ڈالر کے نئے قرضے حاصل کیے جن کی مجموعی مالیت ایک ہزار 904 ارب روپے ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو جولائی تا فروری 5.86 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی، 5.76 ارب ڈالر کے نئے قرضےمیں 9 کروڑ 22 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی نسبت قرضوں میں 91 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا، آئی ایم ایف کی 1 ارب ڈالر قسط ملا کر حجم بڑھ کر 6.76 ارب ڈالر ہو گیا۔
پاکستان نے یومیہ بنیاد پر 7.86 ارب روپے کا نیا قرضہ حاصل کیا، پاکستانی کرنسی میں نئے قرضوں کی مالیت 1904 ارب روپے ہے، سعودی عرب 3 ارب ڈالر، چین نے ایک ارب ڈالر کا قرض رول اووربھی کیا، پہلے 8 ماہ میں مختلف عالمی مالیاتی اداروں نے 2.37 ارب ڈالر فراہم کئے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں بھی 1.76 ارب ڈالر کا قرضہ لیا گیا، عالمی بینک 72 کروڑ 20 لاکھ ڈالر، اے ڈی بی سے 66 کروڑ ڈالر ملے۔
اسلامی ترقیاتی بینک نے مختصر مدت کیلئے 48 کروڑ ڈالر سے زائد قرض دیا، پاکستان آئی بی آر ڈی بینک نے بھی 35 کروڑ ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا، مختلف دوست ممالک نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر سے زائد قرض دیا، سعودی عرب نے پاکستان کو 33 لاکھ ڈالر گرانٹ سمیت 81 کروڑ ڈالر فراہم کئے، سعودی عرب نے پاکستان کو 8 ماہ میں 80 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل فراہم کیا ،چین نے 27 کروڑ ڈالرقرضہ دیا، گرانٹ سمیت 7 کروڑ 22 لاکھ ڈالرعلاوہ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا
پچیس ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنےکرکےباعزت روزگارفراہم کرنےکا منصوبہ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےمنصوبے کی منظوری دے دی،سی ایم یوتھ ایمپلائی ایبلٹی اِن بی پی اوز کے تحت نوجوانوں کو تربیت اور روزگار فراہم کیا جائیگا۔
پنجاب ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کےاجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کےاہم اقدام کی منظوری دی گئی،منصوبے کا مقصد پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرکے عالمی معیار کی افرادی قوت بنانا ہے،
منصوبےکا مقصد مقامی و بین الاقوامی بی پی او مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا بھی ہے
وزیراعلی کوبریفنگ دی گئی کہ بی پی او اورآئی ٹی اینیبلڈسروسزکاشعبہ ڈیجیٹل معیشت میں تیزی سے فروغ پارہا ہے،کسٹمرسپورٹ،کال سینٹرآپریشنز، آئی ٹی سپورٹ اورڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسےشعبوں میں روز گار کے وسیع مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
منصوبےکےتحت آئندہ پانچ برسوں میں 25 ہزار نوجوانوں کو تربیت دیکرملازمتوں سے منسلک کیا جائے گا
تربیت لاہور،راولپنڈی، فیصل آباد،ملتان،گوجرانوالہ اورسیالکوٹ سمیت ان شہری مراکزمیں فراہم کی جائے گی جہاں بی پی او کلسٹرز موجود ہیں یا ابھر رہے ہیں
پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈمنصوبےپرعملدرآمد،صنعتی رابطہ کاری اور کارکردگی کی نگرانی کریگا،چھ ماہ کی ملازمت کی تصدیق کیلئے پے رول ریکارڈ اور تھرڈ پارٹی ویریفیکیشن استعمال کی جائے گی۔
پنجاب پولیس نے پی ایس ایل کی سیکیورٹی کیلئے 3 ارب 30 کروڑ روپے کے فنڈز مانگ لیے
پنجاب پولیس نے پی ایس ایل اور رواں سال کی سیکیورٹی نے 3 ارب 30کروڑ روپے کے فنڈز مانگ لیے، حکومت نے 1 ارب 20 کروڑ جاری کرکے اسی میں کام چلانے کا حکم دیدیا۔
پولیس حکام کےمطابق پی ایس ایل الیون اور سال 2026کےدوران سیکیورٹی اخراجات کے لیے حکومت سے مجموعی طورپر 3 اعشاریہ 3 ارب روپے سے زائد فنڈزکا تقاضہ کیاگیاجبکہ بقایا جات کی مد میں تقریبا ایک ارب روپے کی ادائیگی کی درخواست بھی کی گئی۔
پی ایس ایل کیلئے2 اعشاریہ 28 ارب روپے کےفنڈزمانگےگئے،حکومت نےمکمل ڈیمانڈ کے بجائے 1اعشاریہ 2 ارب روپےکی منظوری دیدی،منظورشدہ فنڈزصرف پی ایس ایل نہیں بلکہ تمام سیکیورٹی ایونٹس کیلئے مختص کیےگئے ہیں،جن میں محرم الحرام اور ربیع الاول کےسیکیورٹی انتظامات بھی فنڈزمیں شامل ہے، جبکہ غیرقانونی افغان باشندوں کی واپسی کے سیکیورٹی اخراجات بھی شامل ہیں۔
عرب اسرائیل تنازعے کی جڑ مسئلہ فلسطین ہے، عاصم افتخار
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نےکہا ہےکہ عرب اسرائیل تنازعے کی جڑ مسئلہ فلسطین ہے،غیر قانونی آبادکاروں کا تشدد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کےمستقل مندوب عاصم افتخار نےسلامتی کونسل کے اجلاس سےخطاب میں کہا آبادکاری کے منصوبوں کی توسیع فوری طور پر روکی جائے،غزہ میں مکمل جنگ بندی اوربلا رکاوٹ انسانی امداد کو بحال کیا جائے،بغیرکسی الحاق،جبری بےدخلی یا زمین کی تقسیم کے غزہ کی تعمیر نو شروع کی جائے۔
عاصم افتخار نےکہافلسطینیوں پر تشدد کرنےوالے یہودی آباد کاروں کا احتساب کیا جائے،پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے،مشرق وسطیٰ میں وسیع جنگ کے خطرات موجود ہیں،ہم تمام فریقین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں،مسائل کے پرمن حل کیلئے پاکستان دیگر شراکت داروں کے ساتھ فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
میں نے 8 سال اس کیس کا انتظار کیا، اس کیس سے لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر بڑھے گا،علی ظفر
پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے سیشن کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 8 سال اس کیس کا انتظار کیاہے، اس کیس سے لوگوں کا اعتماد عدالتوں پر بڑھے گا۔
تفصیلات کے مطابق علی ظفر کا کہناتھا کہ میشا شفیع کی والدہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں، اور ان کے لیے ان کے دل میں بے حد احترام ہے کیونکہ وہ ایک بڑی آرٹسٹ ہیں۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ اس کیس سے عوام کا عدالتوں پر اعتماد بڑھے گا اور لوگوں کو معلوم ہوگا کہ ملک کی عدالتیں ثبوتوں کی بنیاد پر انصاف فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے وکیل کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل مکمل طور پر حقائق پر مبنی ہیں۔
ملک بھر میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری
این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 31مارچ تک بارش کی پیشگوئی کر دی ، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اکتیس مارچ تک ملک کے بیشتر علاقوں پر اثر انداز ہوگا۔ اسلام آباد،خطہ پوٹھوہار اور وسطی و جنوبی پنجاب میں پچیس اور چھبیس مارچ کو بارش متوقع ہے۔ پنجاب میں اٹھائیس سے تیس مارچ تک بارش کے ساتھ ژالہ باری کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی اٹھائیس سے تیس مارچ تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کر دی گئی۔ آج سے انتیس مارچ تک بلوچستان میں بھی بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کراچی سمیت سندھ میں بھی پچیس سے چھبیس مارچ اور پھر اٹھائیس سے انیتس مارچ تک بارش اور آندھی کا امکان ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور آندھی سے کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
صدر مملکت کی افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات دینے کی منظوری دیدی
صدر مملکت نے تینوں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات دینے کی منظوری دے دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گیارہ ستارہ بسالت، 475 تمغہ بسالت، 130 امتیازی اسناد،378 آرمی چیف تعریفی اسناد کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح 23 ہلال امتیاز (ملٹری)، 100 ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 136 تمغہ امتیاز (ملٹری) بھی دینے کی منظوری دی گئی۔
فوجی اعزازت پانے والوں میں بری، بحری اور فضائی افواج کے افسران اور جوان شامل ہیں۔ ستارہ بسالت کا اعزاز پانے والوں میں میجر کامل حسین، میجر سبطین حیدر شہید، میجر حمزہ اسرار شہید اور میجر عدنان اسلم شہید شامل ہیں۔ جبکہ کیپٹن حسنین اختر شہید، حوالدار علی بلاول شہید اور نائیک بخت زمین شہید کو بھی ستارہ بسالت دینے کی منظوری دی گئی۔
بری فوج کے سپاہی رحمان شہید، ثقلین شہید،نیوی کے سہیل ارشد اور مظہر محمود کو ستارہ بسالت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔
صدر مملکت نے یوم پاکستان پر 1989فوجی اعزازات دینےکی منظوری دے دی
صدر مملکت نے یوم پاکستان پر 1989فوجی اعزازات کی منظوری دے دی، مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے افسران و جوانوں کو اعزازات دئیے جائیں گے۔
1989اعزازات میں 23 ہلالِ امتیاز ملٹری، 100 امتیاز ملٹری اور 136 تمغہ امتیاز ملٹری شامل ہیں ۔ جاری اعلامیے کے مطابق 11 ستارہ بسالت، 475 تمغۂ بسالت اور 130 امتیازی اسناد دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
صدر مملکت نے 175 تمغۂ خدمت ملٹری کلاس اوّل، 319 تمغۂ خدمت ملٹری کلاس دوئم اور 620 تمغۂ خدمت ملٹری کلاس سوئم دینے کی بھی منظوری دی۔
یہ اعزازات مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے افسران و جوانوں کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیے جائیں گے۔ یہ منظوری وزیر اعظم کی سفارش پر دی گئی۔
پنجاب میں عید کے بعد مارکیٹوں کے پرانے اوقات کار بحال، 10 بجے بند ہوں گی
عیدالفطر کے بعد پنجاب بھر میں مارکیٹس بند کرنے کے اوقات کاربحال کردئے گئے، دکانیں رات دس بجے بند ہوں گی۔
پنجاب حکومت کی طرف سے عید الفطر کے موقع پردکانیں بند کرنے کےاوقات کارمیں نرمی کی گئی تھی۔دکانیں چوبیس گھنٹے کھولنے کی اجازت دی گئی تھی، عیدالفطرکے بعد پنجاب حکومت نے اوقات کار میں دی گئی رعایت واپس لے لی ہے ۔ دکانیں اب پرانے ٹائم کےمطابق رات دس بجے بند ہوں گی ۔
ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، ، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، اس کے علاوہ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک اور قوم کی سلامتی و ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
اس مرتبہ مشرق وسطیٰ کے کشیدہ حالات کے پیش نظر ملکی سطح پر جاری کفایت شعاری کے تحت یوم پاکستان سادگی سے منایا جا رہا ہے،اس دن کی مناسبت سے ہونے والی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے جبکہ مرکزی پرچم کشائی کی تقریب بھی سادہ اور پروقار رکھی گئی ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ نے مزارِ اقبال کی سکیورٹی کا چارج سنبھال لیا، جبکہ اس سے قبل سکیورٹی کی ذمہ داری ستلج رینجرز کے پاس تھی
بابراعظم عیدالفطر پر باورچی بن گئے، ویڈیو وائرل
قومی ٹیم کے بیٹر بابر اعظم عیدالفطر کے روز باورچی بن گئے اور فیملی کے ساتھ شاندار وقت گزارا ۔
تفصیلات کے مطابق بابراعظم نے عیدالفطر کی نماز کے بعد گھر والوں کیلئے شیر خرمہ تیار کیا اور اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ۔مداحوں کی جانب سے ویڈیو کو خوب سراہا جارہاہے ۔
واضح رہے کہ آج ملک بھر میں عید الفطر روایتی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے اور قومی کھلاڑی بھی اپنے خاندان کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنے میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں بابر اعظم شامل نہیں تھے وہ نیشنل ٹی 20 کپ بھی نہیں کھیل سکے۔
جنگلات ماحول، معیشت اورشہریوں کیلئےلائف لائن ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کا جنگلات کے عالمی دن پر پیغام
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنگلات کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے اپیل ہے درخت ضرور لگائیں، چاہے اس کے سائے میں بیٹھنے کی توقع ہو نہ ہو۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کا اپنے پیغام میں کہناتھا کہ بچے اپنے والدین اور اساتذہ کرام کے نام پر درخت لگائیں،حکومت ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے اور نئی نسل کوصاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کیلئے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات ماحول، معیشت اورشہریوں کیلئےلائف لائن ہے،موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے شجرکاری ناگزیر ہے،درخت لگائیں اور اسموگ کے اندھیرے ہمیشہ کے لئے مٹائیں، جنگلات اور جنگلی حیات کی حفاظت کے لئے تھرمل سینسرکی مدد لی جارہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جنگلات کی حدود کے تعین کے لئے کمپارٹمنٹ لیول فارسٹ میپنگ کی جارہی ہے،جنگلات میں لگنےوالی آگ کےبروقت سدباب اور ڈی ٹیکشن انٹیلی جنس سسٹم فعال کیا گیا،جنگلات سے متعلق ہنگامی صورتحال کیلئے خصوصی ہیلپ لائن 1084 بھی قائم کر دی گئی۔
پاکستان کے ڈالر ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران10.5کروڑ ڈالر کا اضافہ
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پاکستان کے ڈالر ذخائر میں 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی ذخائر بڑھ کر 21 ارب 70 کروڑ 42 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی ذخائر میں اضافہ کمرشل بینکوں کے ڈالر ڈپازٹس بڑھنے کے باعث ہوا، جہاں بینکوں کے ذخائر 9 کروڑ 33 لاکھ ڈالر اضافے کے بعد 5 ارب 35 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔
مرکزی بینک کے ذخائر میں بھی سوا کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یہ 16 ارب 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا دعویٰ مسترد کر دیا
پاکستان کےمیزائل پروگرام سے متعلق امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے رد عمل جاری کرتے ہوئے میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا دعویٰ مسترد کر دیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی حامل ہیں،اسٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ اور امن واستحکام کو برقرار رکھنا ہے،پاکستان کا میزائل پروگرام بین البرِاعظمی حد سے کہیں کم ہے،بھارت کے مقابلے میں قابلِ اعتماد کم ازکم دفاعی صلاحیت کے نظریئے پر مبنی ہے،بھارت کے زائد فاصلے تک مار کرنے والے میزائل خطے کیلئے باعثِ تشویش ہیں،پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام،عدم امتیاز اور تعمیری روابط کے فروغ کیلئے پر عزم ہے،پاکستان ایک متوازن اور محتاط طرزِ عمل اختیار کرنے پر زور دیتاہے۔
پاکستان ریلوے میں رعایتی پالیسی میں بڑی تبدیلی کردی گئی
پاکستان ریلوے نے رعایتی پالیس میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے تمام رعایتوں پر 50 فیصد کی حد مقرر کر دی ۔
ترجمان ریلوے کے مطابق تمام رعایتوں پرزیادہ سے زیادہ 50 فیصد کی حد مقرر کر دی گئی،رعایتی پالیسی کا اطلاق سال میں 10سنگل سفروں تک ہو گا،یہ سہولت تمام ٹرینوں اورکلاسز پر دستیاب ہو گی،گرین لائن،پاک بزنس،شاہ حسین ایکسپریس اورآؤٹ سورسڈ ٹرینیں اس رعایت سےمستثنیٰ ہوں گی، شریک حیات کودی جانے والی50 فیصد رعایت فوری طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کا لاہور میں روڈز اور سٹریٹس کے پرانے نام بحال کرنے کا اصولی فیصلہ
پنجاب حکومت نے یونیورسٹی کا درجہ پانے والے سرکاری کالجز اور لاہور میں روڈز اور سٹریٹس کے پرانے نام بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔
نوازشریف اورمریم نوازکی زیرصدارت لاہور ہیرٹیج ایریازریوائیول(لہر)کااجلاس ہوا،اجلاس میں لاہورمیں قدیمی اورتاریخی عمارتوں کےبحالی پراجیکٹس پررپورٹ پیش کی گئی،اجلاس میں لاہور میں روڈز اور سٹریٹس کے پرانے نام بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا، سرکاری کالجزکےنام کےآگےسے یونیورسٹی کا لاحقہ ہٹا کرپرانا نام ہی لکھا جائے گا، اجلاس میں ٹولنٹن مارکیٹ کے عقب میں کانوونٹ گارڈن بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں ٹولنٹن مارکیٹ میں ایوری تھنگ آرگینک کیفےبنانےپراتفاق کیا گیا،کانونٹ گارڈن میں سیمی کورڈ ایریا اورشاپس بھی بنائی جائیں گی ،بائیک اورکاروں کے لئےدو منزلہ انڈر گراؤنڈ پارکنگ تعمیر ہو گی،اجلس میں نیو میوزیم بلاک پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی،نیو میوزیم بلاک میں ورلڈ کلاس گیلریز بنائی جائیں گی،قدیمی اسلحہ، سکے،چائنیز اور سکھ گیلری بنیں گی، نیو میوزیم بلاک میں انٹر ایکٹیو سکرین بھی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہونگی ۔
شاہ عالم گیٹ تا رنگ محل چوک راستےکو پیدل گزرگاہ میں بدلنےکا فیصلہ کیاگیا،اس کے علاوہ لاہور کی آٹھ قدیمی اورتاریخی گزرگاہیں بحال کرنےکا فیصلہ کیا گیا،بھاٹی،موری،موچی،شاہ عالم،یکی، مستی، دلی گیٹ ایریازکی اندرونی شاہی گزرگاہیں تاریخی آب وتاب کےساتھ بحال کی جائیں گی، قدیمی شہر میں مریم زمانی مسجد اور دیگر تاریخی عمارتوں کو بھی بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا،شاہی گزرگاہوں میں سیاحوں کے لئے الیکٹرک کارٹ بھی چلائی جائیں گی۔
اجلاس میں اکبری گیٹ میں ٹورسٹ انفارمیشن آفس بھی قائم ہوگا،موچی گیٹ، اکبری گیٹ، یکی گیٹ اور مستی گیٹ کی بحالی کے پراجیکٹ پیش کیے گئے،شاہی قلعہ کی فصیل /دیوار کو قدیمی حالت میں بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا،شاہی قلعہ کے گرد ٹیکسالی گیٹ تا بھاٹی گیٹ فصیل فیز ون میں بنے گی،یکی گیٹ تا مستی گیٹ شاہی قلعہ فصیل فیز ٹو بھی بنے گا۔
اجلاس میں والڈ سٹی کےارد گرد بدرویں /صاف پانی کی نالی بحال کرنے کا جائزہ لیا گیا،تاریخی عمارتوں کی صفائی اوردیکھ بھال کیلئے ستھرا پنجاب کاسپیشل ونگ بنانے کی تجویز دی گئی،پرانی عمارتوں کے بیرونی حصوں کے یکساں قدیمی ڈیزائن کی بحالی کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اجلاس میں شاہ عالمی چوک میں باؤلی باغ کو بھی تجاوزات سے واگزار کرکے بحال کیا جائے گا،نیلا گنبد سے ملحقہ ڈیوڈھی کوتاریخی تعمیراتی مطابقت کے ساتھ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا،نیلا گنبد ڈیوڈھی میں سیاحوں کے لئے نیلا گنبد کیفے قائم کرنے پر اتفاق ہوا،اجلاس میں نیلا گنبد میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،نیلا گنبد میں چوک میں فرسٹ انڈیا بینک، ایوننگ ہال اور پاک ٹی ہاؤس کو تاریخی شکل میں بحال کیا جائے گا
اندرون لاہورمیں ہنرمندوں کی شناخت سےمنسوب 36 کوچہ / گلیوں پر رپورٹ پیش کی گئی،داتا دربار کی توسیعی پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ، توسیع کے لئے 18کنال اراضی حاصل کی جائے گی،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرین کو مارکیٹ ریٹس پر ادائیگی کی ہدایت کردی۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا چاند رات پر بازاروں میں اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے چاند رات پربازاروں میں اضافی نفری تعینات کرنے کا حکم دیدیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نےہراسانی کےواقعات کےسدباب کےلئےبازاروں میں ویمن پولیس اسکواڈکےگشت کی ہدایت دی،بازاروں میں خواتین وبچوں کی ساتھ ہراسانی کے واقعات سے تحفظ ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے بازاروں اورمارکیٹوں میں نگرانی کےلئےڈرون کیمروں اوررات میں نائٹ ویژن دوربین استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی،اس کے علاوہ اےٹی ایم اور بینکوں کے اطراف میں سیکیورٹی اورگشت بڑھانےکی ہدایت دی گئی، پولیس اور ٹرانسپورٹ حکام کو وین اڈے اور بس اسٹینڈ پر مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔
بس اسٹینڈاورمارکیٹوں کی سیکیورٹی انتظامات اوربس اور وین کی ونڈسکرین پرمقررہ کرایہ نامہ آویزاں کرنےکی بھی ہدایت دی گئی۔
پنجاب حکومت نے صوبے میں پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے صوبے میں پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر ضلع میں مخصوص اور معیاری ڈیزائن کے تحت یونٹس بنانے کی ہدایت کردی ۔
پنجاب کے تمام اضلاع میں کرائم سین یونٹس کانیٹ ورک پھیلانے کے لیے میانوالی،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور رحیم یارخان میں کرائم سین یونٹس کے قیام پر کام جاری ہے ۔ جبکہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق پنجاب کے بقیہ چھبیس اضلاع کے ہیڈکوارٹرز میں بھی فوری طور پر یونٹس قائم کیے جائیں گے ۔ نئےیونٹس کے قیام کو آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ داخلہ کو تمام اضلاع میں یونٹس کےلیےسرکاری اراضی کی نشاندہی کرنےکا حکم دیا گیا ہے ۔ ڈی جی پی ایف ایس اے کو بقیہ اضلاع کے لیے تفصیلی پلان محکمہ پی اینڈ ڈی کو بھیجنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرائم سین یونٹس کے ذریعے پنجاب بھرمیں شواہد جمع کرنے کے نظام کو جدید بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازکاعید پر زائد کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید پر زائد کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نےزائد کرایہ وصول کرنےوالوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئےضروری اقدامات کیےجائیں،عوام کو ریلیف دینےکیلئےمحکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کریں،عید کے موقع پر گھروں کولوٹنےوالےغریب مسافروں کےاستحصال کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نےڈپٹی کمشنرزکو زائدکرایوں کی وصولی اورٹکٹ بلیک روکنے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا،تمام بس سٹینڈز پرکرایہ نامےآویزاں کرنے،روزہ دارمسافروں کے افطار کا اہتمام کرنے کا بھی حکم دیا۔
تمام بس سٹینڈزپرصفائی ستھرائی،انتظارگاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام اور پنکھوں کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی،بازاروں اورمارکیٹوں میں سماج دشمن عناصرکی آمدورفت کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے۔
چاند رات، عیدالفطر پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ،اضافی نفری تعینات ہوگی
چاند رات، عیدالفطر کیلئے پنجاب پولیس کا سکیورٹی پلان سامنے آگیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہےکہ چاند رات، عیدالفطرپرلاہورسمیت صوبہ بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ،اضافی نفری تعینات ہوگی،چاند رات پرلاہورسمیت صوبہ بھر میں لیڈی پولیس سمیت17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے،چاند رات پرصوبائی دارالحکومت میں 5 ہزار افسران واہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے،عیدالفطرپر لاہور سمیت پنجاب بھر میں 29 ہزار عید اجتماعات کیلئے47 ہزار سے زائد افسران واہلکار تعینات ہونگے۔
عیدالفطرپرصوبائی دارالحکومت میں10ہزارافسران واہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے،اسپیشل برانچ،سی ٹی ڈی، سیکورٹی ایجنسیز کی مدد سےشرپسند عناصرپرکڑی نظررکھیں،موجودہ سیکیورٹی صورتحال کےپیش نظربین الصوبائی سرحدی و دریائی پولیس چیک پوسٹوں پراہلکارالرٹ رہیں،سی سی ٹی وی کیمروں سےمساجد، امام بارگاہوں اوراہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے،ڈولفن اسکواڈ، پی آریو، ایلیٹ ٹیمیں مساجد، مارکیٹوں، اہم مقامات کے گرد موثر پٹرولنگ کریں۔
آئی جی پنجاب نے کہا ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، پتنگ بازی کی ہرگز اجازت نہ دی جائے،خواتین، فیملیزکو ہراساں کرنےوالےاوباشوں کیخلاف سخت کاروائی ہوگی،آرپی اوز، ڈی پی اوزچاند رات،عیدالفطر سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں،اہم شاہراہوں، پبلک مقامات پرٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کی جائے۔
پاکستان نے ایران جانے کےلیے رائج راہداری سسٹم بند کردیا
گوادر کی ضلعی انتظامیہ نے ایران جانے کے لیے رائج رہداری سسٹم بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر گوادر کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق ضلع انتظامیہ نے ایران جانے کے لیے جاری رہداری سسٹم کو تاحکمِ ثانی معطل کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی فرد کو ایران جانے کے لیے رہداری جاری نہیں کی جائے گی۔
حکام کے مطابق راہداری سسٹم کے تحت سرحدی علاقوں کے رہائشی بغیر ویزا اور پاسپورٹ کے پاکستان اور ایران کے درمیان آمد و رفت کر سکتے تھے۔ یہ سہولت صرف دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں بسنے والے افراد کے لیے مخصوص تھی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ رہداری سسٹم کی بندش سے سرحد کے دونوں جانب رہنے والے خاندانوں کے درمیان میل جول متاثر ہوگا اور آمد و رفت میں مشکلات بڑھ جائیں گی۔
واضح رہے کہ یہ نظام طویل عرصے سے مقامی آبادی کے لیے ایک اہم اور آسان سفری سہولت کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔
مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ
مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کےمطابق جولائی تا فروری براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 1.19 ارب ڈالر رہی،گزشتہ سال اسی مدت میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 1.79 ارب ڈالر تھی،جولائی تا فروری براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 59 کروڑ85 لاکھ ڈالر کی کمی دیکھی گئی۔
فروری 2026 میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھ کر 21 کروڑ 35 لاکھ ڈالر ہوگئی،فروری 2025 میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 13 کروڑ 27 لاکھ ڈالر تھا،8 ماہ کےدوران مجموعی بیرونی سرمایہ کاری کاحجم 70 کروڑ 41 لاکھ ڈالررہا،پچھلے سال اسی مدت میں مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 1.58 ارب ڈالر تھی
ایندھن کے تحفظ کی حکومتی پالیسی، شہبازشریف کی ریلوے کو مال گاڑیوں میں اضافے کی ہدایت
ایندھن کے تحفظ کی حکومتی پالیسی کے پیش نظر وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان ریلوے کو مال گاڑیوں میں اضافے کی ہدایت کردی، ریلوے حکام نے چیمبرز آف کامرس اور تجارتی اداروں سے رابطے شروع کردیئے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت کے بعد محکمہ ریلوے نے کارگو کو سڑکوں سے ریل پر منتقل کرنے کے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ پاکستان ریلوے نے چیمبرزآف کامرس اورتجارتی اداروں سے رابطے کر کے تاجروں اورصنعتکاروں کو پاکستان ریلوےکےذریعےفریٹ کی بکنگ کروانے کی دعوت دینا شروع کر دی ہے۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے کے متعلقہ حکام کو ہنگامی طورپرمال گاڑیوں کیلئےبوگیوں کی مینوفیکچرنگ تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ، اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سرپلس رہا ۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ملکی کرنٹ اکاؤنٹ مسلسل دوسرے ماہ سرپلس ریکارڈ کیا گیا، جنوری میں بھی ملکی کرنٹ اکاؤنٹ6.8کروڑ ڈالر سر پلس رہا تھا،ماہانہ بنیاد پر ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس تاہم سالانہ بنیاد پرخسارے میں رہا۔
رواں مالی سال کے پہلے8ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، گزشتہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ 48 کروڑ ڈالر سرپلس رہا تھا۔
ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں اضافے سے ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا،درآمدات میں اضافہ،برآمدات میں کمی کرنٹ اکاؤنٹ سالانہ بنیاد پر خسارے کا شکارہوا۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کیخلاف آخری ون ڈے میچ میں ان فیلڈ امپائر کے خلاف شکایت کر دی
پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کیخلاف آخری ون ڈے میچ میں اِن فیلڈ امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے باضابطہ شکایت درج کرا دی۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے آخری اوور میں بنگلہ دیش کے ریویو کے معاملے پر میچ ریفری نعیم الراشد کو شکایت کی۔ رپورٹ کے مطابق آخری اوور کی پانچویں گیند پر امپائر نے رشاد حسین کی گیند کو وائیڈ قرار دیا تھا۔
بعد ازاں بنگلہ دیش کے کپتان نے ٹی وی اسکرین پر ری پلے چلنے کے بعد ریویو لیا۔ اس وقت پاکستان کو جیت کے لیے دو گیندوں پر 12 رنز درکار تھے۔ ریویو کے بعد امپائر کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا جس کے نتیجے میں پاکستان کو جیت کے لیے ایک گیند پر 12 رنز درکار رہ گئے۔
پاکستان ٹیم مینجمنٹ کا مؤقف ہے کہ اسکرین پر ری پلے چلنے کے بعد ریویو نہیں لیا جا سکتا تھا، تاہم امپائر نے اس کے باوجود ریویو کی اجازت دی۔ شکایت میں پاکستان نے میچ ریفری کو اس ممکنہ غلطی کی نشاندہی بھی کرائی ہے۔
پنجاب حکومت کے سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف بڑا فیصلہ
پنجاب حکومت کے سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف بڑا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب حکومت نے مہم میں شامل افراد اورپلیٹ فارمز کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایکس پر جاری بیان میں کہا اب بہت ہو چکا، مسلسل جھوٹ پھیلانے والے عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائےگا، ہتک عزت کے قانون 2024 کے تحت عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت کے سرکاری طیارے کے استعمال کے بارے میں جھوٹ، من گھڑت کہانیوں اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا کی ایک منظم مہم چند معروف جھوٹوں کے عادی عناصر اور جعلی خبروں کے پھیلانے والوں کی جانب سے چلائی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مہم میں شامل ہر فرد اور پلیٹ فارم کے…
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) March 15, 2026
مریم اورنگزیب نےکہا جعلی خبروں اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کو برداشت نہیں کیا جائے گا،اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا،غلط معلومات پھیلانے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا،پنجاب حکومت زیادہ سے زیادہ سزا کے حصول کے لیے قانونی چارہ جوئی کرے گی۔
آئی جی پنجاب کی صوبہ بھرمیں پتنگ بازی اورپتنگ فروشی کیخلاف موثر کارروائی کی ہدایت
آئی جی پنجاب عبدالکریم نےصوبہ بھرمیں پتنگ بازی اورپتنگ فروشی کیخلاف موثر کارروائی کی ہدایت کرتےہوئےکہا انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں سخت ایکشن لیا جائے۔
صوبہ بھر کےپولیس افسران کو ہدایت میں آئی جی پنجاب عبدالکریم کاکہنا تھاکہ کسی بھی جگہ پتنگ بازی برداشت نہیں،پتنگ بازی اورپتنگ فروشی میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی،ڈرونز، سیف سٹی کیمروں اور دوربینوں کی مدد سے پتنگ بازی میں ملوث افراد کی مانیٹرنگ کی جائے۔
آئی جی پنجاب نےتمام آر پی اوز،سی پی اوز،ڈی پی اوزکوحکم دیا ہےکہ وہ انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنائیں،آئی جی پنجاب نےوالدین کوکہا ہےکہ وہ اپنے بچوں کو اس خونیں کھیل سے دور رکھیں،شہری کسی بھی مقام پرپتنگ بازی کی صورت میں ون فائیو پر اطلاع دیکر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کےمطابق رواں سال لاہورسمیت صوبہ بھرمیں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر چھ ہزار سے زائد ملزمان گرفتارکیاگیا،ملزمان سےچار لاکھ سترہ ہزار ایک سو چوبیس پتنگیں،دس ہزار سات سو چونسٹھ ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔
صرف لاہورمیں بائیس سو اٹھائیس ملزمان گرفتار کیے گئے،ملزمان کےقبضہ سےدس ہزارچھ سو چورانوے پتنگیں اور تین ہزار نواسی ڈور چرخیاں برآمد ہوئیں۔
مشرق وسطیٰ میں جنگ، غیرملکیوں کیلئے پاکستانی ویزے کے حصول کا طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا
خطے کی بدلتی صورتحال کے باعث غیرملکیوں کیلئے پاکستانی ویزے کے حصول کا طریقہ کار بھی تبدیل کر دیا گیا، وزارت داخلہ آن آرائیول اور پرائر ٹو آرائیول ویزوں کے اختیار سے دستبردار ہو گئی۔
پاکستانی ویزے اب متعلقہ سفارتخانے اور سفارتی مشنز ہی جاری کریں گے، ویزہ اجرا میں تبدیلی کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق ویزہ پراسیسنگ کا سارا عمل سفارتی چینل سے ہی ہوگا۔ ویزے کیلئے درخواست موجودہ پورٹل کے ذریعے دی جاسکتی ہے۔ آن لائن درخواست آنے پر کیس متعلقہ سفارتخانے کو بھیجا جائے گا۔ متعلقہ سفارتخانے کی کلیئرنس سے ہی ویزے جاری ہوں گے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بقایا واجبات ادا کر دیے
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بقایا واجبات ادا کر دیے۔
پی ایف ایف کے مطابق آٹھ ایونٹس میں شرکت کرنے والے 230 کھلاڑیوں اور 62 آفیشلز کو ادائیگیاں کر دی گئیں،پاکستان فٹبال فیڈریشن اس وقت فیفا کی محدود فنڈنگ کے تحت کام کر رہی ہے۔
محسن گیلانی نےکہا کھلاڑی اور کوچزہمارے قومی اثاثے ہیں، انکی فلاح وبہبود کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے،فیفا کی محدود فنڈنگ کے باوجود کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور میں تیز طوفانی بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،ماہ رمضان کی پہلی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی دیکھنے میں آئی،شہرکا درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا،محکمہ موسمیات نے آج دن میں مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پنجاب کےمختلف شہروں وزیرآباد،حافظ آباد ،فیروز والا اور میانوالی کے گرد و نواح میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔
ننکانہ صاحب کے متعدد علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کیساتھ بارش،واربرٹن،بچیکی،سیدوالا اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی،
سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں کمی بھی ہوئی ہے،بارش کے باعث گیپکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے، بجلی غائب ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس، پاکستان کی لبنان میں اسرائیلی حملوں کی مذمت
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی نائب مندوب عثمان جدون نے کہا کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتا ہے،اسرائیل لبنان میں شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عثمان جدون کاکہناتھا کہ لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں،پاکستان لبنان میں اقوام متحدہ امن مشن کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے،اسرائیل لبنان کے قابض سے علاقوں سے فوری طور پر نکل جائے،28فروری کے بعد مشرق وسطیٰ میں ہونیوالے کشیدگی تشویش کا باعث ہے، پاکستانی حکومت اور عوام لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
چینی مندوب
چینی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مشرق وسطیٰ جنگ روز بروز پھیل رہی ہے،فریقین سے کہتے ہیں وہ جنگ بندی کی طرف آئیں۔
روسی مندوب
روسی مندوب نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی فوجی مہم جوئی سے پورا خطہ انتشار کا شکار ہے،امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہریوں کی بڑی تعداد میں اموات ہوئیں،امریکی اور اسرائیل نے ایران میں بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا،لبنان میں اسرائیلی کارروائیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
وزیراعلی پنجاب نے غیرقانوی اسلحہ کےخاتمے کی ذمہ داری بھی سی سی ڈی کوسونپ دی
وزیراعلی پنجاب نے غیرقانوی اسلحہ کےخاتمے کی ذمہ داری بھی سی سی ڈی کوسونپ دی جبکہ اسلحہ کی نمائش اورغیرقانونی استعمال کےسدباب کیلئےجامع ایکٹ تیارکرلیا گیا۔
وزیراعلی مریم نوازنے پنجاب غیرقانونی اسلحہ سرنڈر ایکٹ دوہزارچھبیس کی منظوری دیدی۔پنجاب غیرقانونی اسلحہ سرنڈرایکٹ میں ہرقسم کےغیرقانونی اسلحہ کےخاتمےکی شقیں شامل ہیں ۔نایاب اسلحہ گھر میں آویزاں کرنے کیلئے بھی خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔
نئے ایکٹ کے نفاذ کے بعدغیرقانونی اسلحہ سی سی ڈی کو جمع کرانا ہو گا لائسنس یافتہ اسلحہ بردار شہری کو بھی اسلحہ رکھنے کی معقول وجہ بیان کرنا ہوگی،ایکٹ کے تحت مقررہ مدت میں غیرقانونی اسلحہ جمع نہ کرانے پرسخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
پاکستان پر بیرونی قرضوں کے بوجھ میں مزید اضافہ، پہلے7 ماہ میں 1 ہزار 458ارب روپے نیا قرض لے لیا
پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں مزید اضافہ ہو گیاہے، پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ایک ہزار 458 ارب روپے کا نیا بیرونی قرض لے لیا، یہ قرض گذشتہ مال سال کی نسبت 12.7 فیصد زیادہ ہے، نئے قرض، رول اوور، آئی ایم ایف کی قسط سمیت مجموعی طور پر پاکستان کو 2 ہزار 857 ارب روپے ملے
دستاویز کے مطابق جولائی تا جنوری 5 ارب 17 کروڑ ڈالرکا نیا قرض لیا گیا، سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر، چین نے 1 ارب ڈالر قرض رول اوور بھی کیا، آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو 1 ارب ڈالر کی قسط بھی حاصل ہوئی ، عالمی اداروں نے 7 ماہ میں 2 ارب 12 کروڑ ڈالر فراہم کیے۔
جولائی تا جنوری 2026 اے ڈی بی نے 62 کروڑ 45 لاکھ ڈالرفراہم کیے ، اس دوران عالمی بینک نے پاکستان کو 60 کروڑ 80 لاکھ ڈالرقرض دیا ۔ سعودی عرب نے پاکستان کو 70 کروڑ 53 لاکھ ڈالر ، چین نے پاکستان کو 26 کروڑ 94 لاکھ ڈالر قرض دیا۔
نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کے تحت 1 ارب 48 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا گیا، اس دوران آئی ایم ایف سے 20 کروڑ 95 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے، آئی ایم ایف سے توسیع فنڈز سہولت کے تحت ملنے والے فنڈز علاوہ ہیں، پاکستان نے 7 ماہ میں بجٹ اسپورٹ کیلئے 51 کروڑ 87 لاکھ ڈالر حاصل کیے۔
نان پراجیکٹ ایڈ 92 کروڑ، پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 53 کروڑ 62 لاکھ ڈالر ملے ۔ رواں مالی سال نئے قرض، رول اوورز کی مد میں 25 ارب ڈالر ملنے کا تخمینہ ہے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے 2 ارب ڈالر رول اوور ہونا ابھی باقی ہے۔
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں کفایت شعاری اقدامات نافذ،نوٹیفکیشن جاری
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں کفایت شعاری اقدامات نافذ کر دیئے گئے جس کا نوٹیفکیشن بھی جار ی کر دیا گیاہے ، اسپیکرملک محمداحمدخان نےوزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب کی کفایت شعاری مہم کےتحت اقدامات کیے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر نے اپنی تنخواہ اور سرکاری پیٹرول سمیت تمام مراعات ترک کرنے کا اعلان کیا، اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 2 ماہ کے لیے 25 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
70فیصد سرکاری گاڑیاں بند رکھی جائیں گی صرف30 فیصد گاڑیاں دفتری امور کے لیے استعمال ہوں گی، پروٹوکول گاڑیوں کے اسکواڈ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔
پنجاب اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس غروب آفتاب سے پہلے شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس، اگر ناگزیر ہوں، تو ورچوئل یا آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے۔
قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی تعداد کو بھی کم سے کم سطح تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے ، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو دفاتر بند رہیں گے۔ اجلاس کے دنوں میں معمول کے مطابق کام ہوگا۔
رمضان المبارک میں دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جبکہ رمضان کے بعد صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔بجلی کے استعمال میں 70 فیصد کمی، غیر ضروری لائٹس اور برقی آلات بند رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیپر لیس ورکنگ اپنانے کا فیصلہ بھی کر لیا گیاہے۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تمام نئی خریداری فوری طور پر بند، صرف ناگزیر روزمرہ ضروریات کے لیے محدود خریداری کی اجازت ہوگی۔
جون 2026 تک نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔غیر ملکی وفود کے علاوہ سرکاری عشائیوں اور افطار ڈنرز کے انعقاد پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ۔
اسمبلی سیشن کے دوران ضرورت کے مطابق ان اقدامات میں مناسب تبدیلی کی جا ئے گی، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کا 80 فیصد عملہ گھر سے ورچوئل ڈیوٹی سر انجام دے گا۔
ضرورت پڑنے پر گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو ایک گھنٹے کے نوٹس پر دفتر طلب کیا جا سکے گا۔گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو آنریریا یا سیشن الاؤنس نہیں دیا جائے۔
5Gاسپیکٹرم کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ کل صبح ہو گا
فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ کل صبح ہوگا ، اسائنمنٹ بیس آکشن 2600 اور 3500میگا ہرٹز بینڈز کی پوزیشنز کیلئے ہوگا۔
پی ٹی اے کے مطابق کل دوسرے مرحلے میں اسائنمنٹ بیس آکشن کے تحت 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈز کی مختلف پوزیشنز کے لیے مقابلہ ہوگا۔ اس مرحلے میں دونوں بینڈز میں ٹاپ، مڈل اور لو فریکوئنسی پوزیشنز پیش کی جائیں گی تاکہ کمپنیوں کو اپنی سروسز کے لیے بہتر فریکوئنسی پوزیشن حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔
پی ٹی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو نیلامی سے بچنے کے لیے باہمی اتفاقِ رائے سے پوزیشنز طے کرنے کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔ تاہم اگر کمپنیوں کے درمیان اتفاق رائے نہ ہوسکا تو پوزیشننگ کے لیے باقاعدہ بولی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بولی کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ دوسرے راؤنڈ میں یہ قیمت بڑھ کر ایک ملین ڈالر تک جا سکتی ہے۔ پوزیشننگ آکشن کے ذریعے ادارے کو ایک سے دو ملین ڈالر تک اضافی آمدن ہونے کی توقع ہے۔
اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، رجسٹرڈ افراد کی تعداد 19 لاکھ سے تجاوز کرگئی
اپنی چھت اپنا گھر پروگرام،رجسٹرڈ افراد کی تعداد 19لاکھ سے تجاوز کرگئی،گیارہ لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔
بلاسود قرضے ، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے بڑھتے قدم،رجسٹرڈ افراد کی تعداد 19 لاکھ سے تجاوز کرگئی، گیارہ لاکھ 35 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں,وزیر ہائوسنگ پنجاب بلال یاسین کےمطابق ایک لاکھ اکتیس ہزار چھ سو اسی افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرض فراہم کیا جاچکا ہے، عیدالفطر کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب خوش نصیب خاندانوں کومالکانہ حقوق دیں گی۔
رواں ماہ مزید 18 ہزار تین سو پچہتر افراد کو قرض فراہم کیاجائےگا،صوبہ بھر میں تراسی ہزار تین سو تیس گھر مکمل،پینتالیس ہزار چار سو پچیس زیرتعمیر ہیں,اب تک ایک سو تراسی ارب سے زائد رقم تقسیم کی گئی،جس میں سے آٹھ اعشاریہ چار ارب کی وصولی بھی کی جاچکی ہے۔
ایران سے پاکستانیوں کی واپسی جاری، دسویں روز بھی متعدد افراد وطن پہنچ گئے
ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ دسویں روز بھی جاری رہا۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کے مطابق گبد ریمدان بارڈر کے راستے آج 15 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 111 افراد پاکستان پہنچ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ سرحد عبور کرنے والوں میں 5 ایرانی شہری، 48 پاکستانی بزنس مین اور 8 سی مین بھی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران 330 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 1121 افراد ایران سے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران سے آنے والے تمام ملکی و غیر ملکی افراد حکومت بلوچستان کے مہمان ہیں ۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے سی سی ڈی کو پریمیئر انویسٹیگیشن ایجنسی بنانے کا فیصلہ کر لیا
پنجاب حکومت نے جرائم کے خاتمے کیلئے سی سی ڈی کے دائرہ کار کومزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا، وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے جدید ترین آلات سے لیس ہیڈ کوارٹربنانے کی منظوری دے دی ۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے سی سی ڈی کوپریمیئرانویسٹیگیشن ایجنسی بنانےکا فیصلہ کرلیا۔جدیدفارنزک،تفتیشی مہارتوں،ماڈرن ٹیکنالوجی،اےآئی سافٹ ویئرسے نوازا جائےگا۔جدید ترین انٹیلی جنس سرویلنس،مشینری اورآلات سےسی سی ڈیزکوپاکستان کےسب سےجدید ترین ادارے میں بدلاجائےگا ۔وزیراعلی نےسی سی ڈی کاجدید ترین آلات سےلیس ہیڈکوارٹرز بنانےکی بھی منظوری دیدی۔غیرقانونی اسلحہ کےسدباب کےلئےنیاقانون اورجدیدتحقیقی مرکزبھی قائم کرنےکا فیصلہ کرلیاگیا۔مجرموں کا سراغ لگانےاوران کی مانیٹرنگ کےجدید ترین آلات بھی سی سی ڈی کو فراہم کئےجائیں گے۔پنجاب کےہرڈویژن،ضلع اورتحصیل میں سی سی ڈی آفس،تھانےاور رہائش گاہیں بنائی جائیں گی۔عیدالفطرکےبعدپنجاب بھرمیں غیرقانونی اسلحےکےخلاف مہم کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
پاکستان کالبنان میں اسرائیلی کارروائیوں پر عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ
پاکستان نے لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لبنان سمیت پورےخطے میں دیرپا امن کیلئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لبنان کے خلاف اسرائیلی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں شہری ہلاک اور پانچ لاکھ بےگھر ہوچکے ہیں۔ یہ کارروائیاں لبنان میں امن واستحکام کی کوششوں کونقصان پہنچارہی ہیں۔ اسرائیلی کارروائیاں خطے میں سیکیورٹی اور انسانی بحران مزید سنگین بنا سکتی ہیں۔
پاکستان نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری ، مکمل اورغیر مشروط طور پرلبنان سے اپنی افواج واپس بلائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کے مقابلےمیں لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ خطے میں دیرپا امن کیلئے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
فروری میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر، یو اے ای پہلے نمبر پر
اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے بڑی مقدار میں زرمبادلہ وطن بھیجا جس میں متحدہ عرب امارات پہلے نمبر پر رہا۔
سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے فروری میں سب سے زیادہ 70 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے۔
اسی طرح سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 68 کروڑ 55 لاکھ ڈالر وطن بھیج کر دوسرے نمبر پر جگہ حاصل کی۔
برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے فروری کے دوران 53 کروڑ ڈالر جبکہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 32 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان موصول ہوئیں۔
سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر ملکی معیشت کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ہنگامی حالات کے پیش نظر عوام لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں: مریم نواز کی عوام سے اپیل
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ کرایوں کی سخت نگرانی کی جائے، زائد اور ناجائز کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کا کہناتھا کہ ہنگامی حالات کے پیش نظر عوام لیٹ نائٹ شاپنگ سے گریز کریں، ضروری اشیا کی غیر ضروری خریداری یا ذخیرہ نہ کریں، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو بحران میں جراتمندانہ فیصلوں پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ مشکل حالات میں قوم کی مجبوری کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، بہادر قومیں مشکل حالات کا اتحاد، صبر اور دانش مندی سے مقابلہ کرتی ہیں۔
پنجاب حکومت کا بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کیلئے سرکاری فیول بند کرنے کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے خطے میں جنگ کے نتیجے میں معاشی مشکلات کے مقابلے کیلئے غیر معمولی اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے، پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزراء کے لئے سرکاری فیول بند کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری افسران کی گاڑیوں کیلئے پٹرول اور ڈیزل الاونس میں 50 فیصد فوری کمی کردی گئی جبکہ وزراء اور اعلی سرکاری افسر کے ہمراہ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پربھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔
ناگزیر سیکورٹی کیلئے صرف ایک گاڑی صوبائی وزراء اور اعلی سرکاری افسرکے ہمراہ ہوگی،سرکاری دفاتر میں "ورک فرام ہوم " کا فیصلہ کیا گیاہے جبکہ صرف ضروری عملہ ہی دفتر آئےگا ۔
اسکول،کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی، امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے ، سکول اور تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز لے سکیں گی۔
ایران میں پاکستانی سفیر کی پاکستانی شہریوں کو ایمبیسی سے رجسٹریشن کروانے کی ہدایت
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کو فوری ایمبیسی میں رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کر دی ۔
ایران میں سفیر کا ایکس پر پیغام میں کہنا تھا موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دیگر مسائل کے باعث بسوں کا انتظام مشکل ہو گیا ہے ۔ وطن واپس جانے کے خواہشمند پاکستانی فوری طورپر سفارتخانےمیں اپنے نام درج کروائیں ۔ رجسٹریشن کے بعد پاکستانیوں کی واپسی کا منصوبہ بنایا جائے گا ۔ مدثر ٹیپو نے قم میں موجود پاکستانیوں سے وطن واپسی کیلئے بطور خاص تعاون کی اپیل کی ہے ۔
پنجاب حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے پر سخت کریک ڈاؤن کا حکم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز نے ملاقات کی،جس میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی،ڈیمانڈ اور ذخائر پر تفصیلی غور کیا گیا اور جنگی حالات کے باعث طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کیلئے بچت پالیسی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں پٹرول،ڈیزل، ایل این جی اور دیگر ایندھن کے ذخائر سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ عالمی بحران کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نےزرعی استعمال کیلئے ڈیزل کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے،
اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مسلسل مانیٹرنگ پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت جاری کی، اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کی مسلسل نگرانی کا بھی حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے پیرا اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو صورتحال کی مانیٹرنگ اور ضروری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول پمپس پر عوام کو لائنوں میں کھڑا نہ ہونا پڑے اور پنجاب بھر میں کہیں بھی مقررہ نرخ سے زائد پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازکا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا،معاشی تحفظ کے لئے فوری فیصلے ناگزیر ہیں۔
پنجاب کی بیٹی اب کمزور نہیں بلکہ ریاست کا مضبوط ترین بازو ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا پنجاب کی بیٹی اب کمزور نہیں بلکہ ریاست کامضبوط ترین بازوہے،تعلیم،اور صحت کی سہولت سے لے کر اقتدار کی راہداریوں تک آج پنجاب کی عورت بااختیارہے،پنجاب کی ہر بیٹی کو اس مقام پر دیکھنا چاہتی ہوں جہاں وہ کسی کی محتاج نہ ہو۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنےیومِ خواتین پرپنجاب سمیت دنیابھرکی خواتین کوخراج تحسین پیش کیا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھاوہ صرف پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ہر اس عورت کی آواز ہیں جسے دبایاگیاتھا۔
مریم نواز نےکہاجب ایک عورت بااختیار ہوتی ہے، تو پوری نسل بااختیار ہوتی ہے،پنجاب کی بیٹیوں اعداد وشمار نہیں رہنےدیا بلکہ انہیں پالیسی ساز،محافظ اورمفکربنایاہے اب کسی کی جرات نہیں کہ وہ پنجاب کی کسی بیٹی کی طرف میلی آنکھ سےدیکھے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھاپنجاب کی بیٹیاں میری "ریڈلائن" ہیں ان کےتقدس پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔پنجاب کی عورت کو صرف خواب دیکھنا نہیں انہیں حقیقت بنانا سکھایا ہے۔
ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر کی چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ملاقات
پنجاب یونیورسٹی کے فلم اینڈ براڈکاسٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی چئیر پرسن، پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں انہوں نے کمیشن کےچیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پرانہیں مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر لبنی نے اس امر پر اظہار اعتماد کیا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اپنے وسیع تجربے کی بدولت ڈاکٹر نیاز پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کی درست سمت متعین کرنے اور جامعات و تعلیمی اداروں کو درپیش اہم مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر نے انہیں فلم ڈیپارٹمنٹ میں جاری تعلیمی اقدامات، تحقیقی سرگرمیوں اور تخلیقی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ گفتگو میں موجودہ تعلیمی منظرنامے میں میڈیا ایجوکیشن اور تخلیقی انڈسٹریز کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا اور شعبہ فلم کے لیے ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
اسحاق ڈار کا اماراتی نائب وزیراعظم سے رابطہ، حالیہ حملوں پر اظہار تشویش کیا
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اماراتی ہم منصب عبداللہ بن زید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران یو اے ای میں حالیہ حملوں پر اظہار تشویش کیا گیا، برادر اسلامی ملک کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور یو اے ای کے نائب وزیراعظم عبداللہ بن زید النہیان نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے خطے بشمول یو اے ای میں حالیہ حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ یو اے ای کے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے اماراتی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں بھی اضافہ
ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان ریلوے نے بھی کرائے بڑھا دیئے، اکانومی کلاس کے کرائے میں 5 فیصد اور اے سی کلاسز کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیاہے جبکہ مال گاڑیوں کے کرائے 20 فیصد بڑھائے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں اہم اجلاس ہوا۔ ڈیزل کی قیمتوں میں بیس فیصد اضافے کو دیکھتے ہوئے ٹرینوں کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ اکانومی کلاس کا کرایہ پانچ فیصد اور اے سی کلاسزکا دس فیصد بڑھایا گیا ہے۔ مال گاڑیوں کے کرایوں میں بیس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
اطلاق نو مارچ سے تمام مال گاڑیوں اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں پر ہو گا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔ البتہ مسافر ٹرینوں کے آپریشنل اخراجات کا اضافی بوجھ پاکستان ریلویز خود برداشت کرے گا۔
ملکہ کوہسار مری کے تاریخی مال روڈ کو جدید اور خوبصورت بنانے کے لیے کام شروع
حکومت پنجاب نے چھ ارب روپے کی لاگت سے مال روڈ ری ماڈلنگ منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کردیا ہے۔
منصوبے کے تحت مری کی تاریخی مال روڈ کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ اس مقصد کے لیے مال روڈ پر قائم ایک قدیم عمارت کو مسمار کر کے کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔ حکومت پنجاب منصوبے کی تکمیل کے لیے تقریباً بیس کنال اراضی ایکوائر کر رہی ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے سے متاثر ہونے والے افراد کو لاس آف بزنس، کاسٹ آف اسٹرکچر اور زمین کی مد میں معاوضے بھی ادا کیے جا رہے ہیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ ری ماڈلنگ کے بعد مال روڈ کو اس کی اصل تاریخی اور قدیم طرز پر بحال کیا جائے گا تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں ۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں سے منظوری کے بعد آئمہ کرام کو اعزازیہ ملنے کا سلسلہ جاری
پنجاب میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے منظوری کے بعد آئمہ کرام کو اعزازیہ ملنے کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ داخلہ نے اعداوشمار وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دیے۔
محکمہ داخلہ کی اعدادوشمار پر مبنی رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں اب تک 52 ہزار 913 آئمہ کرام نے اعزازیہ حاصل کر لیا ، پنجاب بھر میں 74 ہزار 235 مساجد کی فہرست مرتب کی گئی ،76 ہزار 144 آئمہ مساجد کی درخواستیں موصول ہوئیں ۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے تمام درخواستیں سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو تصدیق کے لیے بھجوائی گئی تھیں ، ضلعی سطح پر جانچ کے بعد 70 ہزار 653 درخواستیں منظور کی گئی ، متعدد کیسز کی مزید جانچ جاری ہے ۔
58 ہزار سے زائد آئمہ مساجد کے ڈیٹا کی نادرا سے تصدیق کے بعد بینک آف پنجاب میں اکاؤنٹس کھول دیے گئے۔ اعزازیہ کی مد میں اب تک ایک ارب 32 کروڑ 28 لاکھ 25 ہزار روپے جاری کیے جاچکے ہیں۔
عیدالفطر پر نئے نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ جانئے
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالفطر کے موقع پر نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے خواہشمند شہریوں کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق عیدالفطر 20 مارچ کو متوقع ہے، جس کے پیش نظر شہری عیدی دینے کیلئے نئے نوٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک نے خبردار کیا ہے کہ بعض افراد نئے نوٹ مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں جو غیر قانونی عمل ہے۔
8877 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے درخواست
اسٹیٹ بینک رمضان کے دوسرے ہفتے میں 8877 شارٹ کوڈ سروس فعال کرتا ہے۔ شہری اپنے موبائل سے ایس ایم ایس میں اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر اسپیس کے بعد پسندیدہ بینک برانچ کا کوڈ درج کریں اور 8877 پر بھیج دیں۔ جواب میں ایک منفرد ٹرانزیکشن کوڈ اور برانچ کا پتہ موصول ہوگا۔
متعلقہ بینک برانچ کا دورہ
ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد شہری اصل شناختی کارڈ اور اس کی کاپی کے ساتھ متعلقہ بینک برانچ جائیں۔ بینک عملہ ٹرانزیکشن کوڈ کی تصدیق کے بعد عموماً 10، 20 اور 50 روپے کے نئے نوٹوں کے پیکٹس فراہم کرتا ہے۔
بینک مینیجر سے رابطہ
اگر 8877 سروس مصروف ہو تو شہری براہ راست اپنی بینک برانچ سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ اکثر کمرشل بینک اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کیلئے محدود تعداد میں نئے نوٹ رکھتے ہیں اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک بی ایس سی دفاتر سے بھی حصول ممکن
کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر میں بھی نئے نوٹ دستیاب ہوتے ہیں جہاں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر نوٹ تبدیل کیے جاتے ہیں۔
آخری عشرے میں اے ٹی ایم سے بھی صاف نوٹ
بینک رمضان کے آخری دس دنوں میں اے ٹی ایمز میں نسبتاً صاف ستھرے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ لوڈ کرتے ہیں جو عیدی دینے کیلئے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
علاقائی کشیدگی اور تیل کی بڑھتی قیمت کے پیش نظر ’ ورک فرام ہوم‘ کی تجاویز پر غور شروع
علاقائی کشیدگی کے باعث تیل کی بڑھتی قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال پر حکومت متحرک ہو گئی ہے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا پندرہ دن کے بجائے ہفتہ وار جائزہ لینے اور دفاتر میں دو دن ورک فرام ہوم کی تجاویز زیر غورآئیں
علاقائی کشیدگی کے باعث تیل کی بڑھتی قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا جبکہ توانائی کی بچت کیلئے قومی ایکشن پلان کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا دور کی طرز پر آن لائن اور اسمارٹ آفس ورکنگ کے آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں کارپوریٹ سیکٹر، ٹیلی کام اور آئی ٹی کمپنیوں میں ہفتے میں دو دن آن لائن خدمات دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق مارچ دو ہزار چھبیس کے دوران دفاتر میں صرف ضروری عملہ رکھنے اور کم از کم اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں آن لائن سیشن کے امکان پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تیل کی فراہمی برقرار رکھنے کیلئے سعودی عرب سے متبادل روٹ کے ذریعے سپلائی کی درخواست بھی کی گئی ہے جبکہ حکومت آئل کمپنیوں کو اضافی اخراجات کی ادائیگی کے معاملے پر بھی غور کرے گی۔
پاکستان کے مجموعی قرضوں میں سالانہ بنیاد پر 10 فیصد اضافہ
وفاقی حکومت کی جانب سے قرض لینے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ملک کے سالانہ بنیادوں مجموعی قرضوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2026 تک پاکستان پر مجموعی قرضوں میں سالانہ بنیاد پر 10 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے ،
اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 میں ملک پر مجموعی قرضہ 72 ہزار 124 ارب روپے تھا، یوں ایک سال کے دوران مجموعی قرضوں میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری 2026 تک ملک پر مجموعی قرض کا بوجھ 79 ہزار 322 ارب روپے ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری کے دوران مقامی قرض میں 615 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ بڑھ کر 55 ہزار 978 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
مرکزی بینک کے مطابق مقامی قرضوں میں سے 47 ہزار 122 ارب روپے لانگ ٹرم قرضوں پر مشتمل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے قرضے ملکی معیشت پر دباؤ میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جنگ سے پیدا صورتحال پر بحث
قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں اور ان کی وجہ سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بحث ہوئی ، فاروق ستار نے کہا کہ ایران اورخلیجی ممالک سےہماری دوستی اور بھائی چارہ ہے۔ جبکہ پاکستان اور امریکا تعلقات کےنئے دور کا آغاز ہوا ، اسے بھی مدنظر رکھنا ہے۔شیخ آفتاب نے کہا کہ پاکستان کی پوری کوشش ہےامن قائم ہو اور مزید نقصان کو روکا جائے۔ علی محمد خان نے تجویز دی کہ نوازشریف ، بانی پی ٹی آئی اور آصف زرداری مل کر فیصلے کریں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج بھی ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کا معاملہ زیر بحث رہا۔ رکن قومی اسمبلی اختیاربیگ نے کہا کہ مذاکرات جاری ہونے کے باوجود اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا۔ پاکستان،روس،چین اور اقوام متحدہ کو یہ جنگ روکنی چاہیے۔ اسامہ حمزہ نے کہا کہ پاکستان بورڈ آف پیس سے فوری الگ ہو ۔ امریکا کوویت نام اور افغانستان کی طرح ایران میں بھی شکست ہوگی ۔ شیخ آفتاب نے کہا کہ پاکستان کی پوری کوشش ہےکہ امن قائم ہو اورمزید نقصان نہ ہو۔ جنگ میں اسکول کی بچیوں کونشانہ بنانا کون سی انسانیت ہے۔ ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے معرکہ حق میں ہمیں کامیابی دلائی۔ معرکہ حق میں کامیابی سے ہمارا سر فخر سے بلند ہوا۔
ایران اورخلیجی ممالک سےہماری دوستی اور بھائی چارہ ہے، ساتھ ہی پاکستان،امریکا تعلقات کےنئےدورکا آغازہوا ، اسےبھی مدنظررکھنا ہے ۔ شاہدہ رحمانی نے کہا کہ مودی نےاسرائیل کا دورہ کرکے نیتن یاہو سےجنگ شروع کروائی۔ اسرائیل کا ایران میں رجیم چینج کا خواب پورا نہیں ہوا۔ ایٹمی طاقت کے باعث پاکستان آج محفوظ ہے۔
نعیمہ کشور نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو مدبرانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی کے لئے بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔ نوازشریف ، بانی پی ٹی آئی اورآصف زرداری مل کر فیصلے کریں۔ اسٹیل ملز کراچی کے ملکیتی اثاثہ جات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کی گئیں۔ بتایا گیا کہ اسٹیل ملز کےکل اثاثہ جات آٹھ سو اٹھائیس ارب روپےسےزائد ہیں،جبکہ ملزملازمین کی مجموعی تنخواہیں چھبیس کروڑ اٹھارہ لاکھ روپےسےزائد ہیں۔ وزارت فوڈ سیکیورٹی نےرواں سال گندم کی متوقع پیداوارسےمتعلق تحریری جواب ایوان میں جمع کروا دیا۔۔ بتایا کہ ملک بھرمیں رواں سال گندم کی انتیس ملین میٹرک ٹن سے زائد پیداوارہونےکی توقع ہے۔ بعد میں قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات دن ڈھائی بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
’ میں شادی سے ایک دن قبل گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی‘ اداکارہ کنول فاروق کا انکشاف
نامور پاکستانی اداکارہ کنول فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والدین نے ان کی شادی طے کی تھی لیکن وہ شادی سے ایک رات قبل گھر سے چلی گئی تھیں۔
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ انسان زندگی میں جو بھی پیشہ اختیار کرنا چاہتا ہے، اکثر وقت کے ساتھ اس کی ترجیحات بدل جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کیریئر کا آغاز بطور ڈیزائنر کیا، اپنا بوتیک کھولی، بیوٹیشن کے طور پر کام کیا اور سیلون بھی چلایا، تاہم بعد ازاں وہ ماڈلنگ اور اداکاری کی دنیا میں آ گئیں۔
اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ وہ ایک بار شادی سے بھی بھاگ چکی ہیں اور یہ بات بالکل سچ ہے۔ میزبان کے اصرار پر انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر والے شادی پر زور دے رہے تھے، اس لیے انہوں نے والدین کی خوشی کے لیے انکار نہیں کیا، خوب شاپنگ کی اور تیاریوں میں حصہ لیا، لیکن شادی سے ایک رات پہلے گھر چھوڑ دیا۔
میزبان کے سوال پر کہ شادی کے کارڈز تقسیم ہو چکے ہوں گے اور تیاریاں مکمل ہو چکی ہوں گی، کنول فاروق نے بتایا کہ ان کے والدین انہیں جانتے تھے اور کسی حد تک اندازہ بھی تھا، اسی لیے محدود مہمانوں کو مدعو کیا گیا اور ابتدا میں صرف نکاح کی تقریب رکھی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ والدین اس فیصلے سے خوش تھے، اسی لیے انہوں نے بروقت انہیں کچھ نہیں بتایا اور چاہا کہ وہ کچھ وقت تک خوش رہیں۔
حکومت نےاہم قانون سازی پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کر دیئے، ذرائع
ذرائع کا کہناہے کہ حکومت نےاہم قانون سازی پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کر دیئے ہیں،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں نیب ترمیمی بل کی بیشتر شقوں پر اتفاق رائے ہو گیا ہے،
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے نیب ترمیمی بل پر اپنی ترامیم حکومت کو بھجوا دیں،حکومت نےنیب ترمیمی بل پر پی پی کی ترامیم سے اتفاق رائے کیا ہے،حکومت نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی کو نیب ترمیمی بل کا مسودہ فراہم کیا تھا، نیب ترمیمی بل کی دو شقوں پر اختلاف برقرار ہے، نیب ترمیمی بل کی تمام شقوں پر آج اتفاق رائے ہو جائے گا،نیب ترمیمی بل کی کل سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری کا امکان ہے،چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کی ترمیم بل کا حصہ ہے۔
پی ٹی اے کا ویلیو ایڈڈ سروسز کی غیر قانونی ایکٹیویشن سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ویلیو ایڈڈ سروسز کی غیر قانونی اور غیر مجاز ایکٹیویشن سے متعلق عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے باضابطہ ایڈوائزری جاری کر دی۔ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کام شعبے میں شفافیت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ترجمان کے مطابق بعض صارفین کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ان کے موبائل نمبرز پر ویلیو ایڈڈ سروسز ان کی اجازت کے بغیر فعال کی جا رہی ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صارف کی اجازت کے بغیر کوئی ویلیو ایڈڈ سروس فعال نہیں کی جا سکتی۔ وی اے ایس ایکٹیویشن کے لیے ون ٹائم پاس ورڈ کی تصدیق لازمی قرار دے دی گئی۔
او ٹی پی شیئر کیے بغیر کوئی سروس فعال نہیں ہوگی، جبکہ غیر مجاز ایکٹیویشن ناقابل قبول ہوگی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موبائل صارفین مشکوک لنکس اور غیر ضروری سروسز سے محتاط رہیں۔ غیر متعلقہ چارجز کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ آپریٹر سے رابطہ کیا جائے ۔ صارفین شکایت کے اندراج کے لیے پی ٹی اے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم سے رجوع کریں۔۔ ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ٹیلی کام شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کاکویت کےولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ، حملوں میں جانی نقصان پر اظہار افسوس
وزیراعظم شہبازشریف نے کویت کے ولی عہد صباح الخالد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے تناظرمیں گفتگو کی گئی ، شہبازشریف نے کویت پر حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے حملوں کے بعد بڑھتی کشیدگی میں کمی کی فوری ضرورت پر زور دیا ۔
وزیراعظم نے برادرممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی مذمت کی ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے تمام فریقین کو سفارتی کاری پر توجہ دینے پر زور دیا اور کہا کہ ایسے مزید اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے جس سے کشیدگی بڑھے گی۔
آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پرایران کی حکومت اور عوام کےساتھ دلی تعزیت کرتاہوں: نوازشریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا کہ رہبرمعظم حضرت آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پرایران کی حکومت اور عوام کےساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ ایران کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے ۔ اس طرح کے نقصان کے گہرے جذباتی ، سیاسی اور قومی اثرات ہیں ۔ سوگ کے دوران ایرانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے نقصان کے گہرے جذباتی ، سیاسی اور قومی اثرات ہیں ۔ سوگ کے دوران ایرانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں ۔ میں خطے میں استحکام ، امن اور باہمی احترام کی اہمیت کا اعادہ کرتا ہوں ۔ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو ابدی سکون اور رحمت عطا فرمائے ۔ اللہ تعالی ایرانی قوم کو اس گہرے اور ناقابل تلافی نقصان کا مقابلہ کرنے کی ہمت اور استقامت عطا فرمائے ۔
ماہانہ بنیاد پر شرح مہنگائی میں 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ
ماہ رمضان کے دوران متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ،ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں صفر اعشاریہ تین فیصد اضافہ ریکارڈ کی گئی،فروری میں مہنگائی سات فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کےمطابق ماہانہ بنیادپرمہنگائی میں 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا،گزشتہ ماہ دیہی علاقوں میں مہنگائی زیادہ تیزی سے بڑھی،دیہی علاقوں میں 7.3 فیصد اور شہروں میں مہنگائی 6.8 فیصد ریکارڈ کی گئی،جولائی تا فروری مہنگائی کی اوسط شرح 5.46 فیصد رہی۔
رپورٹ کےمطابق ماہانہ بنیاد پر ٹماٹر 23 فیصد،پھل 11.48 فیصدتک مہنگے ہوئے،دال ماش 8.19 فیصد، مشروبات 1.65 فیصد،گوشت 1.45 فیصدمہنگا ہوا،دال مونگ،خشک میوے،گندم کی مصنوعات بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کےمطابق ماہانہ بنیاد پربجلی ٹیرف میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ہوا،لانڈری 2 فیصد،ٹیلر فیس 2 فیصد، کوئلہ 1.71 فیصد تک مہنگا،گزشتہ ماہ انڈے 22 فیصد، چکن 20 فیصد تک سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کےمطابق مشروبات 1.65 فیصد،گوشت 1.45 فیصدمہنگا ہوا،گندم کی مصنوعات بھی مہنگی ہونےوالی اشیا میں شامل ہیں،ماہانہ بنیاد پر بجلی ٹیرف میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کےمطابق گزشتہ ماہ انڈے 22 فیصد،چکن 20 فیصد تک سستا ہوا، آلو 16 فیصد،دال مسور 4 فیصد،پیاز 3.90 فیصد،سبزیاں 3.88 فیصد تک سستی ہوئی،بیسن،گھی، کوکنگ آئل،گڑ،چینی کی قیمت میں بھی معمولی کمی آئی،سالانہ بنیاد پر غذائی اشیا 4.58 فیصد تک مہنگی ہوئیں،جلد خراب ہونے والی کھانے پینے کی اشیاء 0.42 فیصد تک سستی ہوئیں۔
رپورٹ کےمطابق لانڈری 2 فیصد،ٹیلرفیس 2 فیصد،کوئلہ 1.71 فیصد تک مہنگا، کپڑے اور جوتے 5.72 فیصد،ہاؤسنگ، پانی، بجلی،گیس،فیول 10 فیصدمہنگا ہوا،الکوحل مشروبات،تمباکو بھی 3.53 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کےمطابق سالانہ بنیادپرصحت کی سہولیات 6.24 فیصد،تعلیم 8.78 فیصدتک مہنگی ہوئی،اس دوران ریسٹورنٹ،ہوٹل چارجز 4.37 فیصد،ٹرانسپورٹ کرائے 0.27 فیصدبڑھے،سالانہ بنیاد پرتفریحی و ثقافتی سہولیات میں 4.50 فیصد تک کمی کا دعوی کیا گیا ہے۔
فروری 2026 میں مہنگائی 7 فیصد تک پہنچ گئی،جنوری 2026 میں مہنگائی کی شرح 5.8 فیصد تھی، فروری 2025 میں مہنگائی 1.5 فیصد کی سطح پر تھی۔
پاکستان میں فی تولہ سونا 13300 روپے مہنگا ہوگیا
ایران پر حملہ اور جنگ پھیلنے کا اثر ، گولڈ مارکیٹس میں سونے کی بلند پرواز دیکھی جارہی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرزایسوس ایشن کےمطابق پاکستان میں فی تولہ سونا 13300 روپےمہنگا ہوکر 563862 روپے کا ہوگیا،جبکہ10 گرام سونے کے بھائو 11402 روپے کے اضافے سے 483420 روپے ہو گئے
آج پاکستان میں چاندی کی فی تولہ قیمت 188 روپے بڑھکر 10050 روپے ہو گئی،دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 133 ڈالر مہنگا ہوکر 5411 ڈالر کا ہو گیا۔
پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا
پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
صوبہ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کردیاگیا ہے،جس کے تحت ایمرجنسی، وارڈز، آپریشن تھیٹر اور فارمیسی کے ڈیوٹی روسٹر فوری طور پر نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
اسپتالوں میں سیکیورٹی عملہ اورکنٹرول رومزمکمل فعال رکھنےکا بھی حکم دیدیا گیاہے،محکمہ صحت کےحکام کےمطابق ہائی الرٹ کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سےنمٹنے کےلیےپیشگی انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔
ایران، اسرائیل جنگ کے باعث ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی
ایران اور اسرائیل کےدرمیان کشیدہ صورتحال اور جنگ کے تناظر میں ایران میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل شروع ہو گیا۔
ڈپٹی کمشنرگوادرنقیب اللہ کاکڑ کےمطابق ایران میں پھنسے 5طلبہ سمیت 51 پاکستانی شہری گبد ریمدان سرحد عبورکرکےبحفاظت پاکستان پہنچ گئے،وطن واپس آنے والوں میں تاجر،سیاح اور طلبہ شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نےبتایا کہ سرحد پر ایف آئی اے کی جانب سے 24 گھنٹےامیگریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ واپسی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ایران سےواپس آنے والے افراد کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عارضی رہائش،کھانے پینے اور سفری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
انتظامیہ صورتحال پرمسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اورمزید پاکستانیوں کی ممکنہ واپسی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، موثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی سیکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس ہوا جس دوران شہباز شریف نے موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر جامع اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے سیکیورٹی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ تمام اداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطہ اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تمام سیکیورٹی ادارے موجودہ صورتحال کے پیش نظر الرٹ ہیں، ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ایران کی صورتحال کے پیش نظر وزارت خارجہ کو خصوصی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کی باحفاظت وطن واپسی کیلئےتمام تراقدامات اٹھائے جائیں،پاکستانیوں کو آذر بائیجان کے ذریعے بحفاظت پاکستان لایا جائے۔
وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کو آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی ۔
شہبازشریف نے کہا کہ مسلح افواج ملکی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئےہر دم تیار ہیں،چیف آف ڈیفنس فورسزعاصم منیر کی زیرقیادت افواجِ پاکستان بہترین انداز میں فرائض انجام دے رہی ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسزکی قربانیوں کوپوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں مذاکرات کی ناکامی اور کشیدگی کے آغاز پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حملے ایسے وقت کیے گئے جب پُرامن اور مذاکراتی حل تک پہنچنےکیلئے سفارتی کوششیں جاری تھیں،اس نوعیت کی کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائیں گی،اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر ،متحدہ عرب امارات پر حملوں کی بھی سخت مذمت کرتے ہیں، تمام برادر ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان نے زیادہ سے زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
وزارت خارجہ کا کہناتھا کہ یہ بلااشتعال حملے خلیجی برادر ریاستوں کی خودمختاری کی صریحا خلاف ورزی ہیں۔ یو اے ای میں حملے کے دوران ایک پاکستانی شہری کی افسوسناک ہلاکت کی مذمت کرتے ہیں۔
تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ مزید ایسے اقدامات سے گریز کریں،پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیتا ہے،پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ سفارت کاری کی جانب واپس آئیں ،تمام فریقین بحران کا پُرامن اور مذاکراتی حل تلاش کریں۔
سپریم کورٹ نے عام انتخابات میں این اے 251 سے خوشحال خان کو کامیاب امیدوار ڈیکلیئر کردیا
سپریم کورٹ آف پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق اہم کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے این اے 251 سے خوشحال خان کاکڑ کو کامیاب امیدوار قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن کو ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمہ فارم 45 کے گرد گھومتا ہے اور دس پولنگ اسٹیشنز کے فارم پینتالیس اور فارم سینتالیس میں واضح فرق موجود ہے۔ ان کے مطابق ہر پولنگ اسٹیشن پر ان کے مؤکل کے سو ووٹ کم جبکہ مخالف امیدوار سید سمیع اللہ کے ووٹ بڑھائے گئے۔جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے کہ جس نے بھی یہ فارمولا بنایا اس نے سو ووٹوں کا ہی بنایا۔ دوران سماعت آر او کے خلاف کارروائی سے متعلق قانون پر بھی بحث ہوئی جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ اس حوالے سے قانون میں مکمل باب موجود ہے۔
پاکستان اور افغانستان پر فوری جنگ بندی کیلئے زور دیتےہیں: روسی دفتر خارجہ
پاکستان کے خلاف افغان طالبان کی جارحیت پر روس اور ایران نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، دونوں ملکوں نے بات چیت کیلئے ثالث کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق روسی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان پر فوری جنگ بندی کیلئے زور دیتےہیں ، دونوں ممالک اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے دور کریں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہاکہ ماہِ مبارک رمضان ضبطِ نفس اور عالمِ اسلام میں یکجہتی کے فروغ کا مہینہ ہے، افغانستان اور پاکستان اپنے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ ایران گفتگو میں سہولتکاری اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن مدد کو تیار ہے۔
ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان اپنے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں ۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ ایران گفتگو میں سہولتکاری اور باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ہر ممکن مدد کو تیار ہے، ماہ مبارک رمضان ضبط نفس اور عالم اسلام میں یکجہتی کے فروغ کا مہینہ ہے ۔
افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کا آپریشن عضب للحق جاری ہے جس میں افغان طالبان رجیم کے 133 کارندے ہلاک کر دیئے گئے ہیں جبکہ 200 سے زائد زخمی ہیں ، افغان طالبان کی 27 پوسٹیں تباہ کر دی گئیں ہیں جبکہ 9 پر قبضہ کر لیا گیا ۔
وزیر اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق پاک فوج نے کابل ، پکتیا اور قندھار میں افغان طالبان کے دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا جس میں مزید ہلاکتوں کا امکان ہے ، افغان رجیم کے دو کور ہیڈ کواٹرز کو تباہ و برباد کر دیا گیاہے ۔
اس کے علاوہ تین بریگیڈ ہیڈکواٹرز، دو ایمونیشن ڈپو، ایک لاجسٹک بیس، تین بٹالین ہیڈکواٹرز، دو سیکٹر ہیڈ کواٹرز ، 80 سے زائد ٹینکس ، آرٹلری گنز اور اے پی سیز کو تباہ کر دیا گیا ہے ، پاکستان کی جانب سے موثر کارروائی تاحال جاری ہے ۔
موجودہ سرحدی کشیدہ صورتحال اور ماہ صیام کےدوسرے جمعتہ المبارک پر پنجاب پولیس ہائی الرٹ
موجودہ سرحدی کشیدہ صورتحال اور ماہ صیام کےدوسرے جمعتہ المبارک پر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیاہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملکی اندرونی سرحدوں کی حفاظت کےپیش نظر دہشتگردوں، شرپسندوں،مشکوک افراد پر کڑی نظررکھیں۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کاہرجوان ملک وقوم کی حفاظت کیلئےاپنی بہادر افواج، سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔ آئی جی پنجاب نے مساجد،عبادت گاہوں،چیک پوسٹس،غیرملکی سفارتخانوں ،حساس مقامات وتنصیبات کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ،سول ڈیفنس،ریسکیو1122،سیکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں،ڈولفن اسکواڈ،پولیس رسپانس یونٹ،ایلیٹ ٹیمیں اہم مقامات کے گرد پٹرولنگ بڑھا دیں،خوارج پرکڑی نظررکھنے کے لئے سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔
ان کا کہناتھا کہ پنجاب پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سیکیورٹی،لا اینڈ آرڈر،امدادی سرگرمیاں یقینی بنائے گی،شہری من گھڑت افواہوں،غیرمصدقہ سوشل میڈیا پیغامات پر ہرگز دھیان مت دیں۔
نیشنل بینک آف پاکستان کا 2025 میں 85.9 ارب روپے کا ریکارڈ خالص منافع
نیشنل بینک آف پاکستان نے سال 2025 کے دوران 85.9 ارب روپے کا ریکارڈ خالص منافع حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بینک کے ترجمان کے مطابق قبل از ٹیکس منافع 178.9 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 216 فیصد نمایاں اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بینک کی مجموعی آمدن 31.9 فیصد اضافے کے بعد 311.7 ارب روپے ہو گئی۔
نیشنل بینک نے 350 فیصد فی حصص نقد منافع دینے کا بھی اعلان کر دیا۔بینک کا کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو 26.21 فیصد کی مضبوط سطح پر برقرار رہا۔
ترجمان کے مطابق اسلامی بینکاری کے اثاثوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جو 95.5 فیصد بڑھ کر 651.9 ارب روپے تک پہنچ گئے۔
مزید برآں، نیشنل بینک آف پاکستان نے 2025 کے دوران قومی خزانے میں 93 ارب روپے ٹیکس کی مد میں ادا کیے۔
سپر 8 مرحلہ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا
ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سپر8 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے کے بعد سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی جبکہ پاکستان کیلئے بھی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
سری لنکا کی جانب سے مینڈس 31 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ ڈونیتھ ویلا لاگے 29 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن راویندرا نے 4 ، میٹ ہنری نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ، نیوزی لینڈ نے مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے جس میں کپتان مچل سینٹنر 47 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ راچن راویندرا نے 32 اور فن ایلن نے 23 رنز بنائے جبکہ کولے میکونچی 31 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران درپردہ رابطوں کے متعلق مزید حقائق سامنے آ گئے
پارلیمنٹ ہاؤس میں دھرنے کے دوران در پردہ رابطوں کے متعلق مزیدحقائق سامنے آ گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کوطبی معائنہ کیلئے شفاء اسپتال منتقل کرنے پر آمادہ ہو گئی تھی جبکہ حکومت قاسم زمان اورایک پارٹی رہنما کو ساتھ بھیجنے کو بھی تیار ہو گئی تھی،اپوزیشن کی جانب سے بہنوں کی سفارش پر ڈاکٹر نوشیروان برکی کا نام دینے پر معاملات آگے نہ بڑھ سکے۔
ذرائع کے مطابق حکومت ڈاکٹر ندیم قریشی کو بھی بانی کے معائنے کیلئے شفاء اسپتال بھیجنے کو تیارتھی جبکہ حکومت قاسم زمان اور ایک پارٹی رہنما کو ساتھ بھیجنے کو بھی تیار ہو گئی تھی لیکن علیمہ خانم نے قاسم زمان کا نام واپس لینے اور ڈاکٹر برکی کو ساتھ بھیجنے کی تجویز دی ، اپوزیشن کی جانب سے بہنوں کی سفارش پر ڈاکٹر نوشیروان برکی کا نام دینے پر معاملات آگے نہ بڑھ سکے۔
حکومت اپوزیشن قیادت کو ملاقات کیلئے جیل میں بانی پی ٹی آئی تک رسائی کو تیارتھی ،دھرنے کے دوران سہیل آفریدی اور بیرسٹر گوہر کے حکومتی حلقوں سے رابطے رہے،بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی صورت حال کا علم تھا، محمود اچکزئی اور راجا ناصر عباس کو بھی رابطوِں کے بارے میں اعتماد میں لیا گیا، ڈاکٹر برکی کے نام پر حکومت نہ مانی تو بیرسٹر گوہر اور راجا ناصر عباس کو پمز بھیجا گیا۔
بیرسٹر گوہر،راجا ناصر عباس نے پمز میں بریفنگ کے دوران اطمینان کا اظہار کیا تھا،راجا ناصر عباس نے ڈاکٹرز کا اطمینان سامنے آنے پر بکرے کا صدقہ کرنے کی تجویز دی تھی۔
پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ حکومت نےبانی کےاسپتال داخلےکی نہیں،شفاءاسپتال میں طبی معائنےکی پیشکش کی تھی۔ ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال میں داخل کرنے پر کبھی بھی ہم علیحدہ نہیں تھے، ڈاکٹر طارق فضل
حکومت پنجاب ملازمین کی کم ازکم اجرت 40 ہزار روپے کو لازم بنانے کے لئے پرعزم
پنجاب اسمبلی میں ملازمین سوشل سیکیورٹی آرڈیننس 1965 ترمیم کا بل پیش کر دیا گیاہے، پنجاب حکومت ملازمین کی کم ازکم اجرت 40 ہزار روپے کو لازم بنانے کے لئے پرعزم ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بل میں دور جدید کے تقاضوں کے مطابق قانونی اصلاحات تجویز کی گئیں ہیں، صوبائی ملازمین سوشل سکیورٹی(ترمیم) ایکٹ 2026 کے نام سے جانا جائے گا ۔
بل کے متن کے مطابق کم از کم اجرت 40 ہزار روپے ہو چکی تاہم 1965 کے مسودہ قانون میں پرانی تنخواہ کی حد کے دائرہ کارکی شق برقرار ہے،زیادہ سے زیادہ تنخواہ کی حد 22 ہزار روپے مقرر رہنے سے قانونی و محکمانہ پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔
بل کے مطابق جولائی 2022 سے ادا کی گئی سوشل سیکیورٹی شراکتوں کو درست قرار دینا ناگزیر ہے، ان ترامیم سے 24 ارب روپےکا نقصان روکا جائے گا۔ بعداز پیشگی بل 2 ماہ کے لئے کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ، کمیٹی کی منظوری کے بعد بل ایوان سے منظور ہو گا ، بل کی حتمی منظوری گورنرپنجاب دیں گے۔
نجی شعبہ کے ساتھ مل کر پاکستان کو ایکسپورٹ لیڈ معیشت بنائیں گے، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گورننس فورم میں وفاقی وصوبائی حکومتوں کیساتھ نجی شعبہ شریک ہے، گورننس کا امتحان ہے کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنائیں۔
احسن اقبال کا کہناتھا کہ چین نے سیاسی استحکام ، پالیسیوں کےتسلسل اور اداروں کی مضبوطی سےترقی کی،پاکستان میں اس وقت صوبوں اورمرکز میں رابطوں کے فقدان سے ڈویلپمنٹ کا چیلنج ہے،افسوس ہے ایٹمی ملک ہونے کے باجودہ ہم بچوں کی غذائی قلت ختم نہ کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کیلئے تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، نجی شعبہ کے ساتھ مل کر پاکستان کو ایکسپورٹ لیڈ معیشت بنائیں گے، برآمدات میں تیزی سے اضافہ نہ کیا تو آئی ایم ایف کے چنگل سے نہیں نکل سکیں گے، اڑان پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے سنجیدہ ہیں ۔
ان کا کہناتھا کہ حکومت نے بجٹ میں درآمدی ڈیوٹیز کم کی ہیں،حکومت احتیاط کے ساتھ ڈولپمنٹ کی مٹھی کھول رہی ہے، روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی میں اضافہ ہوا تھا ،اب ایکسچینج ریٹ میں استحکام پیدا ہوا، ترسیلات زر 40 ارب ڈالرہوگئیں،ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری، صوبوں اورمرکز میں رابطہ کاری بڑھانا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہے، نجی شعبے کی مدد سے پاکستان کو برآمدی معیشت بنانا ہے، برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک لے جانا ہے، آئی ایم ایف سے جان چھڑانے کیلئے برامدات بڑھانا ہوں گی ،جب خام مال کی درآمد بڑھے گی تو تجارتی خسارہ بڑھے گا،خام مال سے بننے والی مصنوعات برآمدات بڑھانے میں مدد دیں گی،90 لاکھ پاکستانی سالانہ 40 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجتے ہیں۔
پنجاب حکومت کی بھرتیوں سے متعلق پالیسی میں ترمیم کی منظوری
پنجاب حکومت نے سرکاری بھرتیوں پر پابندی سے متعلق پالیسی میں اہم ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت لمپ سم پے پیکج پر ہونے والی بھرتیاں بھی اب صوبائی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے بھرتیوں سے متعلق اپنے اور بیوروکریسی کے اختیارات صوبائی کابینہ کو منتقل کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں فنانس اور سروسز ونگ کی مشاورت سے ترمیم تیار کی گئی جسے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کابینہ میں پیش کیا گیا۔
صوبائی کابینہ نے ترمیم کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ 29 جولائی 2022 کے حکم کے تحت سرکاری بھرتیوں پر مکمل پابندی عائد تھی، تاہم ترقیاتی منصوبوں کی اسامیوں کو پہلے ہی اس پابندی سے استثنیٰ حاصل تھا۔
اسی طرح قانونی و آئینی عہدوں پر تقرریاں بھی پابندی سے مستثنیٰ رہیں جبکہ Punjab Public Service Commission کے ذریعے ہونے والی بھرتیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ تھیں۔
بی ایس 5 اور اس سے اوپر کی پوسٹ پرنرمی کے کیسزایس سی سی ایف ڈی دیکھتی ہے ، بی ایس 1 سے 4 تک بھرتیوں میں نرمی کا اختیار وزیراعلیٰ کوحاصل تھا ، لمپ سم پے پیکج پر بھرتیوں کا واضح ذکرپہلے سرکلر میں شامل نہیں تھا ، ریگولیشنز ونگ نے سرکلر میں نئی شق شامل کرنے کی تجویزدی ، اب لمپ سم پے پیکج پر براہِ راست بھرتی ممکن نہیں ، ہر کیس الگ سے کابینہ سے منظور ہوگا۔
چوہدری شوگرملز کیس؛ نیب کا تفتیش بند کرنے کی حتمی منظوری کیلیے احتساب عدالت سے رجوع
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نوازشریف سے متعلق چوہدری شوگر ملز کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔
احتساب عدالت کےجج رانا محمد عارف نے درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت نیب لاہور نے چوہدری شوگر ملز کی تفتیش بند کرنے کی حتمی منظوری کیلیے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا۔
دائردرخواست میں مؤقف اختیارکیاگیا ہےکہ لاہور ہائیکورٹ کے 4فروری کےاحکامات کی روشنی میں چوہدری شوگر ملز سے متعلق تفتیش بند کرنے کی حتمی منظوری دی جائے۔
احتساب عدالت نےدرخواست پر ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ سماعت کے دوران مریم نواز اور نواز شریف کی جانب سے وکیل جاوید ارشد بھٹی نے وکالت نامہ جمع کرا دیا،عدالت نے مزید سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔
واضح رہےکہ چوہدری شوگر ملز کیس میں مشکوک سرمایہ کاری اورشیئرہولڈنگ میں خوردبرد کے الزامات کے تحت تفتیش کی جا رہی تھی۔
داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ بھکر پرخودکش حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید، 1 زخمی
داجل بین الصوبائی چیک پوسٹ بھکر پرخودکش حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ ایک اہلکار زخمی ہواہے ۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کانسٹیبل فہیم عباس اور شہباز مدنی کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیاہے اور سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیاہے ۔
آئی جی پنجاب نے زخمی کانسٹیبل ارشد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کر دی ہے ۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ کانسٹیبل فہیم عباس اور شہباز مدنی نے ملک و قوم کی حفاظت کے دوران فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا، پنجاب پولیس شہداء کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، بہترین ویلفیئر ہماری اولین ترجیح ہے،پنجاب پولیس کا ہر جوان فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔
قومی شناختی کارڈ اور پاکستان اوریجن کارڈ قواعد میں اہم ترامیم، کیو آر کوڈ کو قانونی حیثیت حاصل
حکومت نے قومی شناختی کارڈ اور پاکستان اوریجن کارڈ کے قواعد میں اہم ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کیو آر کوڈ کو باقاعدہ سیکیورٹی اور تصدیقی فیچر کی قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔ کیو آر پر مبنی تصدیق کے ذریعے آف لائن اور آن لائن فوری ویری فکیشن ممکن ہو سکے گی۔ مزید برآں “کیو آر کوڈ یا دیگر تکنیکی فیچر” کو مائیکروچپ کے متبادل کے طور پر بھی قابلِ استعمال قرار دیا گیا ہے۔
مختلف اقسام کے قومی شناختی کارڈز کی جگہ یکساں نوعیت کا کارڈ جاری کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔ شناختی کارڈ معطل ہونے کی صورت میں اس سے منسلک تمام تصدیقی اور توثیقی خدمات بھی فوری طور پر معطل ہوں گی۔
نئے نظام میں فنگر پرنٹس اور آئرس اسکین کو قواعد کا باقاعدہ حصہ بنا دیا گیا ہے ۔ اسی طرح 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو عمر بھر کے لیے مؤثر اسمارٹ شناختی کارڈ جاری کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے رہائشیوں کے کارڈ پر مخصوص عبارت درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسمارٹ شناختی کارڈز کے نئے نمونے بھی متعارف کرائے گئے ہیں جن میں کیو آر کوڈ اور جدید سیکیورٹی لے آؤٹ شامل ہوگا۔
پاکستان کے سرجڑے بچوں کو آپریشن کیلئے ریاض پہنچا دیا گیا
پاکستان کے سرجڑے بچوں سفیان اور یوسف کو آپریشن کیلئے ریاض پہنچادیا گیا۔
بچوں کوخادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر ریاض پہنچایا گیا۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے کےبعد بچوں کوفوری طور پرنیشنل گارڈ کےکنگ عبداللہ اسپسشلسٹ چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیاجہاں ان کا طبی معائنہ اورضروری ٹیسٹ کیے جائیں گے،بچوں کے اہل خانہ نے علاج کیلئے اقدامات پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
مسلم لیگ ن کا پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کو تگڑا جواب دینے کا فییصلہ
مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کو تگڑا جواب دینے کا فییصلہ کرلیا،اجلاس میں اپوزیشن کی نعرہ بازی پر حکومت بھی بھرپور جواب دیا جائے گا،وزیر قانون رانا اقبال کی زیر صدارت میں اہم فیصلے کرلیے گئے۔
پارلیمانی پارٹی کا اجلاس میں مسلم لیگ ن نےفیصلہ کیاکہ پنجاب اسمبلی ہراجلاس سےپہلےپارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقدکیا جائےگا،پارٹی ذرائع کےمطابق اجلاس میں اپوزیشن کے رویئے کے مطابق بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں طے ہواکہ حکومتی بنچوں سے اپوزیشن کی نعرہ بازی کا بھرپورجواب دیا جائے گا،وزیرقانون پنجاب رانا اقبال کی زیرصدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی کارکردگی پر ان کو بھرپورخراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اجلاس کےدوران اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد کےمثبت کردارکو بھی سراہا گیا،اس موقع پر وزیر پارلیمانی امور مجتبی شجاع الرحمٰن نے پارلیمانی کیلنڈر بارے بریفنگ دی ،چیف وہپ ن لیگ رانا ارشد نے ممبران کو ایوان میں پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل بارے آگاہ کیا۔
پنجاب اسمبلی میں ن لیگ پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
پنجاب اسمبلی میں ن لیگ پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، ذرائع کا کہناہے کہ مسلم لیگ ن ہر اجلاس سے پہلےپارلیمانی پارٹی کا اجلاس کیا کریگی، اجلاس میں اپوزیشن کے رویئے کے مطابق بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن کی نعرہ بازی پر حکومت بھی بھرپور جواب دے گی، جس کا حتمی فیصلہ ہو گیا، ہر ممبر کو ماہانہ ریفریشمنٹ فنڈ کی مد میں 20 ہزار روپے چیف وہپ کو جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے،پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازکی کارکردگی پر ان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔
پارلیمانی پارٹی کےاجلاس میں اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد کے مثبت کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ، پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت وزیر قانون رانا اقبال نے کی، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں صوبائی وزیر پارلیمانی امور مجتبی شجاع الرحمٰن نے پارلیمانی کیلنڈر بارے بریفنگ دی، چیف وہپ ن لیگ نے ممبران کو ایوان کے اگلے لائحہ عمل بارے آگاہ کیا۔
گرانفروشی پر جرمانہ کرنے کے بجائے گرفتاری اور دوکان سیل کرنے پر فوکس ہے ، سلمیٰ بٹ
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہا ہےپنجاب حکومت کا گرانفروشی پر جرمانہ کرنے کے بجائے گرفتاری اور دوکان سیل کرنے پر فوکس ہے ۔ آٹا معیاری نہ ہونے پر فلور مل کا لائسنس منسوخ ہو گا ۔ رمضان سہولت بازاروں کی کارکردگی پر لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔
راولپنڈی چوہڑ بازار کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سلمیٰ بٹ نے مزید کہا راولپنڈی میں چالیس ہزار گھرانوں کو نگہبان کارڈ دیا گیا ۔ اور اس کے ذریعے لوگوں کی دہلیز پر دس ہزار پہنچایا جا رہا ہے ۔ سہولت بازاروں اور سترہ ہزار کریانہ اسٹوروں کو نگہبان کارڈ سے جوڑا گیا ۔ سبزی ، دالوں ، فروٹ کی قیمتیں دس فیصد کم کی گئیں ۔ راولپنڈی میں سولہ رمضان دسترخوان گائے گئے ان میں سے سات دسترخوان ہسپتالوں میں ہیں ۔ اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کا شور سنائی دیتا ہے۔ حکومت کی پوری کوشش ہے قیمتوں کو کنٹرول کریں تمام محکمے فورس کی طرح کام کر رہے ہیں، اب تک ڈیڑھ سو سے زائد دکانیں سیل کیں ۔ ایک سو پچھتر سے زائد گراں فروش پکڑے ۔ راولپنڈی میں چودہ ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے میت کو اسپتال سے گھر پہنچانے کیلئے ایمبولینس سروس کی منظوری دیدی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےمیت کو اسپتال سےگھرپہنچانےکیلئےایمبولینس سروس شروع کرنےکی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا،سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بریفنگ دی،اجلاس میں طے کیا گیا کہ میت کو اسپتال سے دوسرے شہر لے جانے کی سہولت مفت دی جائے گی۔
پنجاب کی ہر تحصیل میں اسپتال سے گھر میت لےجانےکیلئے کم از کم ایک وین میسر ہوگی،مرحوم کے اہلخانہ 1122پرکال کرکےیااسپتال کاؤنٹر سے مفت وین سروس لے سکیں گے،میت کی منتقلی سروس کی اسمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔
بڑےسرکاری اسپتالوں،ہرتحصیل میں سرکاری وہیکل سروس شروع کرنے کے لیے پلان طلب کرلیا گیا،اجلاس میں پرائیویٹ ایمبولینس سروسز کے ریٹ مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کے بعد ریگولائز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان، اوآئی سی،عرب تنظیموں سمیت کئی مسلم ممالک نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر کے بیان کو مسترد کردیا
پاکستان، سعودی عرب، ترکیے، متحدہ عرب امارات اور اردن سمیت کئی مسلم ملکوں نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیرکا بیان مسترد کر دیا۔
مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ، اسلامی تعاون تنظیم، عرب لیگ اورخلیج تعاون تنظیم کے مشترکا مذمتی بیان میں کہاگیاکہ امریکی سفیرکابیان غیر ذمہ دارانہ اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیامشترکہ بیان میں مغربی کنارےسمیت عرب علاقوں پراسرائیلی تسلط قابل قبول قراردینےپرشدید تحفظات کا اظہارکیاگیا،ایسےخطرناک اور اشتعال انگیز بیانات عالمی قوانین اور یواین چارٹر کے منافی ہیں، ایسے بیانات سے علاقائی سلامتی اور استحکام کو شدید خطرات لاحق ہوں گے،ایسے بیانات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ویژن اورغزہ امن منصوبے کےمنافی ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیاکہ مقبوضہ فلسطینی اور عرب علاقوں پراسرائیل کوئی خود مختاری نہیں رکھتا، مغربی کنارے پر قبضے یا اسے غزہ پٹی سے الگ کرنےکی سخت مخالفت کی جائےگی۔
واضح رہے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی نے کہا تھا کہ اسرائیل کو پورے مشرقِ وسطیٰ پر قبضے کا حق حاصل ہے،اگر اسرائیل دریائے نیل سے نہر فرات تک کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو یہ ٹھیک ہوگا۔
پاکستان کی افغانستان میں دہشت گردوں کےخلاف بڑی کارروائی،خوارج کمانڈر اختر سمیت متعدد دہشت گرد مارےگئے
افغانستان طالبان کی جانب سے پاکستان میں کیئے گئےدہشتگردی کی کارروائیوں کے جواب میں پاکستان نے افغانستان میں مختلف مقامات پر دہشتگردوں کے 7ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے، خوارج کمانڈر اختر سمیت متعدد دہشت گرد مارےگئے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبہ پکتیا ،پکتیکا، ننگر ہار او رخوست میں جیٹ طیاروں نے بمباری کی جس دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں ، دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے ملیا میٹ کر دیئے گئے ہیں ۔
وزارت اطلاعات و نشریات
وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت اور ان کے سہولت کار ملوث ہیں۔ دہشتگردوں نے حال ہی میں اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں کارروائیاں کیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان، فتنہ الخوارج اور اس کے اتحادیوں نے قبول کی ہے۔
بیان کے مطابق پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ یہ دہشتگرد کارروائیاں افغانستان میں موجود قیادت کی ہدایات پر کی گئیں۔
وزارت کے مطابق پاکستان نے متعدد بار افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں اور پراکسی عناصر کے استعمال سے روکنے کے لیے قابلِ تصدیق اقدامات کرے، تاہم افغان عبوری حکومت اس سلسلے میں مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے کوشاں رہا ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان نے جوابی کارروائی کے طور پر انٹیلی جنس بنیادوں پر پاکستان۔افغانستان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج (FAK) سے وابستہ پاکستانی طالبان، ان کے اتحادیوں اور ISKP کے سات دہشت گرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو انتہائی درستگی اور مہارت کے ساتھ نشانہ بنایا۔
پاکستان ایک بار پھر عبوری افغان حکومت سے توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور خوارج اور دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے، کیونکہ پاکستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ سب سے مقدم ہے۔
نئے طیارے کی خریداری خرچ نہیں بلکہ طویل مدتی سرمایہ کاری
پاکستان سمیت دنیا بھر میں صوبائی حکومتوں کے پاس سرکاری فضائی سہولتیں موجود ہونا کوئی نئی روایت نہیں بلکہ ایک انتظامی ضرورت سمجھی جاتی ہے۔ ہنگامی دوروں، قدرتی آفات میں فوری رسپانس، بین الصوبائی رابطوں اور ریاستی امور کی تیز رفتار انجام دہی کے لیے سرکاری طیارے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق موجودہ طیارہ پرانا اور تکنیکی طور پر غیر محفوظ ہو چکا تھا۔ ہوا بازی کے شعبے میں خریداری سے زیادہ اخراجات مینٹیننس اور حفاظتی رسک پر آتے ہیں۔ بظاہر سستا نظر آنے والا پرانا جہاز مرمت، گراؤنڈ ٹائم اور حفاظتی خدشات کے باعث طویل مدت میں زیادہ مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔
نیا طیارہ دراصل خرچ نہیں بلکہ لانگ ٹرم سرمایہ کاری ہوتا ہے۔ اس کی آپریشنل لائف 30 سے 40 سال تک ہو سکتی ہے، مینٹیننس لاگت نسبتاً کم رہتی ہے اور ری سیل ویلیو بھی برقرار رہتی ہے۔ مزید یہ کہ یہ کسی ایک فرد نہیں بلکہ آنے والی تمام حکومتوں کا ادارہ جاتی اثاثہ ہوتا ہے۔
مزید یہ کہ ایسے اثاثے اپنی مالی قدر خود پیدا کرتے ہیں۔ پرانے طیارے کی فروخت، کولیٹرل ویلیو اور ممکنہ کارپوریٹ/چارٹر استعمال (Air Punjab ماڈل) کے ذریعے اس کے اخراجات بڑی حد تک پورے ہو سکتے ہیں۔
دنیا کے مختلف ممالک میں سرکاری ایوی ایشن اثاثے اسی طرز پر استعمال کیے جاتے ہیں تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم رکھا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ہر حکومتی خریداری کو اسکینڈل قرار دینے کے بجائے اس امر کا جائزہ لینا چاہیے کہ آیا فیصلہ طویل مدتی فائدے، سلامتی اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے یا نہیں۔ اگر جواب مثبت ہو تو اسے سیاسی معاملہ بنانے کے بجائے پالیسی فیصلہ سمجھنا چاہیے۔
لاہور: ستھرا پنجاب اتھارٹی نے اینٹی لیٹرنگ فورس متعارف کر ا دی، 12 ٹیموں نے فیلڈ سرویلنس شروع کر دی
لاہور میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب اتھارٹی نے اینٹی لیٹرنگ فورس متعارف کرا دی ہے۔
حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اینٹی لیٹرنگ اسکواڈ کے لیے 25 موٹرسائیکلوں پر مشتمل فلیٹ فراہم کیا گیا ہے۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین کے مطابق اینٹی لیٹرنگ اسکواڈ کی 12 ٹیموں نے فیلڈ سرویلنس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اور شہر کی مختلف مارکیٹوں اور شاہراہوں پر نگرانی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر کوڑا پھینکنے والوں کو وارننگ دی جا رہی ہے، تاہم 15 روز بعد باقاعدہ جرمانوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔ کوڑا پھینکنے یا جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی جی کے مطابق دکانوں کے باہر کوڑا رکھنے والے دکانداروں کو بھی پہلے نوٹس جاری کیے جائیں گے اور بعد ازاں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جرمانے کے باوجود خلاف ورزی جاری رکھنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔













