Live Updates: بھارت کیخلاف جوہری ہتھیار استعمال کرسکتے ہیں، خالد جمالی
جنگ ہوئی تو عددی اکثریت کوئی معنی نہیں رکھتی، ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیر
سفارت کاری کی طاقت یا انکار؟پاکستان کا جنگ کی دھمکیوں کے بیچ نیا کھیل
سفارت کاری کے کچھ اصول ہوتے ہیں بیٹھنے،اٹھنے مصافحہ کرنے اور چلنے پھرنےکے انداز بھی اصولوں میں شمار ہوتے ہیں ،آپ کسی افیشل کیساتھ کس انداز میں گفتگو کرتے ہیں اورآپ کا انداز ہر ایک اصول کو عیاں کرتا ہے کہ آپ کس اصول کو اپنا رہے ہیں اور کیا آنے والے مہمان افیشل کو پیغام دے رہے ہیں۔مصافحہ کرنے کا انداز بھی کئی پیغامات دے رہا ہوتا ہے، یہ سفارت کاری (diplomacy) باریکیوں سے بھرپور ہوتی ہے۔کسی مہمان سفارت کار کا استقبالیہ مہمان کی قدر و قیمت کی پہچان ہوتی ہے اور ریاستی تاثر کو عیاں کر رہا ہوتا ہے کہ وہ استقبال کرتے ہیں کس انداز میں کرتے ہیں اگر استقبال نہیں کرتے تو اس کی پوزیشن دیکھی جاتی ہے۔
اگر کسی ایک ریاست کی دوسری ریاست کیساتھ کشیدگی بڑھ رہی ہو اور اس میں کوئی تیسرا فریق ثالثی کا کردار ادا کرتا ہے یعنی ایک کا پیغام دوسرے کو پہنچا رہا ہوتا ہے ڈپلومیسی میں shuttle diplomacy یا پھر Proximity Talks کا اصول لگتا ہےجب یہ اصول لگتا ہے پھر اگلا مرحلہ دونوں فریقین کے حکام کیساتھ ملاقاتیں کرنے کا آتا ہے، اگر ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ملک کو میزبان ملک جان بوجھ کر ایئرپورٹ یا اعلیٰ سطح پر استقبال نہیں کرتا تویہاں strategic snub کا فارمولا لگتا ہے جس کا مطلب اور اشارہ ہوتا ہے کہ میزبان ملک کہہ رہا ہے ہم رسمی طور پر خوش نہیں ہیں، لیکن غیر رسمی طور پر بات چیت کی گنجائش باقی ہے۔1970میں عرب اسرائیل کے پیغامات جو ہنری کسنجر لیکر آتا رہا ہے وہ اسی فارمولے کا حصے تھے۔
اب سوال یہ ہے کہ ایسا اقدام اٹھانے سے کس ملک کی پوزیشن مضبوط سمجھی جائے گی؟جس ملک نے ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ملک کے افیشل کا استقبال نہیں کیااس کی ظاہری پوزیشن بھاری ہوتی ہے وہ استقبال نہ کر کے دنیا کو یہ دکھا رہا ہوتا ہے کہ اس کو خود پر اعتماد ہے، کسی ملک کیطرف نہیں دیکھ رہا بلکہ آزادی پالیسی پر عمل کر رہا ہے وہ ثالثی حکام کی آمد و عالمی دباؤ کو خاطر خواہ میں نہیں لے رہا۔
ایران اور سعودی عرب کی پراکیسز چل رہی تھی پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی ہمیشہ کوشش کرتا رہا ہے2014 میں نواز شریف کی حکومت بنی پہلا دورہ سعودیہ عرب کا تھا ریڈ کارپٹ کیساتھ شہزادہ ولی عہد نے استقبال کی، اور وہاں ملاقاتوں کے بعد نواز شریف کا جہاز سیدھا ایران گیا کوئی ہائی پروفائل وزیراعظم کا استقبال کرنے نہیں آیابلیو کارپٹ بچھایا گیا، 2018 میں عمران خان کی حکومت آئی عمران خان نے سعودیہ کا دورہ کیا بہترین انداز میں استقبال کیا گیا اور وہاں ملاقاتوں کے بعد عمران خان سیدھا ایران گئے ایران میں کوئی استقبال نہیں کیا گیا۔
دونوں پاکستانی وزیراعظم کے دورے ناکام رہے لیکن ایک چیز جو ہر بار کی گئی کہ سعودیہ نے فل پروٹوکول دیکر بات ماننے سے انکار کر دیا ، ایران نے پرتپاک استقبال نہ کرنے کےبعد مذاکرات کرنے کی حامی بھر لی۔ ایران پوزیشن میں تھا وہ کسی افیشل کا استقبال بھی نہیں کرتا تھا سعودیہ خوف زدہ ہو کر مذاکرات ملتوی کرتا رہا لیکن آخر کار چین نے دونوں کو بیٹھا دیا۔ اور خوف کو ختم کر کےدونوں ممالک کے تعلقات بہتر کروائے۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے پاکستان پہنچے لیکن ان کا ہم منصب یا دفتر خارجہ کا ترجمان استقبال کیلئے نہیں گیا ، ایرانی سفیر نے اپنے افیشل کا استقبال کیا۔ پاکستان نے عالمی دنیا میں سفارت کاری کے ذریعے ایسا شور مچا کر پوزیشن حاصل کر لی ہے جو جنگ جیتے بغیر پاکستان نے اپنا بیانیہ بہترین انداز میں پیش کیا ، پاکستان کی جانب سے ایرانی حکام کا استقبال نہ کرنا یہ پیغام ہے کہ ہم آزادانہ طور پر کھڑے ہیں، انھوں نے حملے کا سوچا ہم کسی کے پاس نہیں جائیں گے بلکہ سیدھا جنگ میں کود پڑیں گے مذاکرات میز بند کر دیں گے۔
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کی پیشکش
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ سے گریز کرنے کی اپیل کی۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، جنگ مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے صورتحال مزید خراب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے رابطہ
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جو ایک ہفتے کے اندر دونوں رہنماؤں کا دوسرا رابطہ ہے اور اس دوران جنوبی ایشیا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے گوتریس کی خطے کی حالیہ پیشرفت میں دلچسپی اور رابطوں کو سراہا اور کشیدگی میں کمی کے ساتھ کسی بھی تصادم سے بچنے کی ضرورت کے موقف کا خیرمقدم کیا۔
شہباز شریف نے پہلگام حملے کی آزادانہ، شفاف، غیر جانبدار اور معتبر تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا اور کہا کہ بھارت نے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا لیکن اس کے باوجود وہ اشتعال انگیز بیان بازی جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
سیکریٹری جنرل نے وزیراعظم کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششوں سے آگاہ کیا۔
پاک بحریہ نے بھارتی طیارے کا سراغ لگانے اور نگرانی کی ویڈیو جاری کر دی
پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے رافیل طیاروں کو جیم کرنے کے بعد اب پاک بحریہ نے بھی دشمن کے طیارے کا سراغ لگانے اور نگرانی کرنے کی ویڈیو جاری کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملک کا دفاع کرنے کیلئے ہر طرح سے تیار اور چوکس ہیں جس کا مظاہرہ بھارت کو اپنے جدید کہلانے والے طیارے رافیل کو جیم ہونے کی صورت میں دیکھنے کو ملا اور اب پاک بحریہ نے 4 اور 5 مئی کی درمیان شب بھارتی بحریہ کے طیارے P8Iکا سراغ لگاتے ہوئے اس کی مسلسل نگرانی کی ۔
پاک بحریہ کی جانب سے بھارتی بحریہ کے فضائی طیارے کی مسلسل نگرانی کی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے جس سے دشمن کو ایک اور بڑا جھٹکا پہنچاہے ۔
عباس عراقچی کا دورہ پاکستان ،خطے کو مودی کے جنگی جنون سے بچانے کیلئے بردار ہمسایہ ایران بھی سرگرم
خطے کو مودی کے جنگی جنون سے بچانے کیلئے بردار ہمسایہ ایران بھی سرگرم ہو گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھارت سے پہلے پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچے، جہاں وزارت خارجہ آمد پر ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سے ایرانی وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی کی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے ایرانی وزیرخارجہ سے بندر عباس میں دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پراظہارتعزیت کی،ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنےتاریخی، گہرے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیراعظم نے پہلگام واقعے کے بعد ہندوستان کےاشتعال انگیز رویئے کے باعث جنوبی ایشیاء میں کشیدگی پراظہارتشویش کیا اور بغیر ثبوت پاکستان کوپہلگام واقعےسےجوڑنےکی کسی بھی کوشش کوواضح طورپرمسترد کردیا۔
اگر بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر کوئی جارحیت کی تو اسے پچھتانا پڑے گا،اسحاق ڈار
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت تعلقات پر بات ہوئی۔ملاقات میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور پہلگام واقعہ سے مکمل لا تعلقی کا اظہار کر چکا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ بھارت کا رویہ داخلی ناکامیوں اور مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے اور پاکستان پہلے ہی شفاف تحقیقات کی پیشکش کر چکا ہے اگر بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر کوئی جارحیت کی تو اسے پچھتانا پڑے گا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم صبر کا مظاہرہ کریں گے، مکمل ضبط و تحمل اختیار کریں گے، ہم پہل کرتے ہوئے کوئی بھی اشتعال انگیز قدم نہیں اٹھائیں گے تاہم اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی، کوئی اشتعال انگیز قدم اٹھایا تو ہم اس کا بھرپور جواب دیں گے۔
نائب وزیر اعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران گزشتہ چند ہفتوں سے خود مصروف ہے امریکا کے ساتھ مذاکرات میں ایک نہایت اہم قومی معاملہ پر۔ ہم ان کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ان مذاکرات کا اچھا نتیجہ نکلے، جو اس خطے اور پوری دنیا کی مشترکہ خوشحالی، امن اور سلامتی کے لیے کا سبب بنے۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے تجارت، توانائی اور رابطوں میں تعاون بڑھانے سمیت پیچیدہ مسائل کو سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق بھی کیا۔
بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح، دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے بہت سے ترقیاتی منصوبے شروع ہو چکے ہیں،غیر ملکی مدد سے دہشت گردی بلوچستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں منعقدہ 15ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹرینز، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی کے نمائندگان، نوجوان، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کا مقصد مستقبل کی بلوچ قیادت کو اہم مسائل سمجھنے اور مربوط جواب دینے کے قابل بنانا ہے،15ویں نیشنل ورکشاب میں بلوچستان سے زیادہ سے زیادہ نمائندگی دی گئی ہے،آرمی چیف نے بلوچستان کے سماجی واقتصادی حالات بہتر بنانے پر حکومت کی مسلسل توجہ کو اجاگر کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں سول سوسائٹی کے کردار کو سراہا اور سول سوسائٹی پر صوبے میں ترقی وخوشحالی لانے کیلئے کردار ادا کرنے پر زور دیا ۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، دشمن تشدد کو ہوا دینے، خوف و ہراس پھیلانے اورصوبےکوغیر مستحکم کرنےکےدرپےہے۔
بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش بارہویں روز میں داخل
پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش آج بارہویں روز میں داخل ہو گئی ہے، جس کے باعث اب تک 1250 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہو چکی ہیں اور 250 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان رپورٹ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق فضائی حدود کی بندش سے ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، انڈیگو ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس جیسی بڑی بھارتی ایئر لائنز شدید متاثر ہوئی ہیں۔ فضائی راستے کی بندش کے سبب کئی پروازوں کو لمبے روٹس اختیار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ بعض پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
خاص طور پر بھارتی A320 طیارے وسط ایشیائی ممالک تک طویل راستے طے کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، جس کے باعث انڈیگو ایئر کی الماتے، تاشقند اور دیگر وسط ایشیائی شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے۔
فضائی حدود بند ہونے کے باعث بھارت سے امریکا، برطانیہ اور یورپ جانے والی پروازوں کو متبادل راستے اختیار کرنے پر دگنے اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ پروازوں کے دورانیے میں 4 سے 10 گھنٹے کا اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ عملے کی تبدیلی بھی یورپی ایئرپورٹس پر کی جا رہی ہے، جس سے لاگت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ متبادل ایئرپورٹس پر لینڈنگ، ری فیولنگ اور ایئرپورٹ چارجز کی مد میں بھی ایئرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
وزیراعظم کی برطانیہ کو پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات میں شمولیت کی دعوت
وزیراعظم شہبازشریف سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی ہے جس دوران وزیراعظم پاکستان نے پہلگام واقعے کے بعد جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق شہبازشریف نے کہا کہ ثبوت فراہم کیے بغیر پہلگام واقعے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں، وزیراعظم نے واقعےکی اعلیٰ سطح شفاف،غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا اور برطانیہ کوشمولیت کی دعوت دی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کی اقتصادی ترقی ہے، پاکستان کبھی بھی ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھائے گا جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہو، برطانیہ،پاک بھارت سے دوستانہ سفارتی تعلقات استعمال کرے اور خطے میں کشیدہ صورتحال بہتر بنانے میں کردار ادا کرے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے موقف سے آگاہ کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برطانیہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
پاکستان کی پہلی خاتون پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو نے تھائی حریف کو ناک آؤٹ کردیا
پاکستان کی پہلی پروفیشنل ویمن باکسر عالیہ سومرو نے تھائی لینڈ میں اپنے کیریئر کا فاتحانہ آغاز کیا، انہوں نے پہلی ہی فائٹ میں تھائی حریف کو ناک آؤٹ کردیا۔
پاکستان کی پہلی خاتون پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو نے تھائی حریف کو ناک آؤٹ کرکے اپنے کیریئر کا فاتحانہ آغاز کردیا۔
کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی پہلی خاتون پروفیشنل باکسر عالیہ سومرو نے اپنے کیریئر کا فاتحانہ آغاز کیا، انہوں نے تھائی لینڈ میں تھائی حریف کو ناک آؤٹ کرکے شکست دی۔
باکسر عالیہ سومرو پروفیشنل فائٹ جیتنے کے بعد کراچی ایئرپورٹ پہنچیں تو خاندان سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر عالیہ سومرو کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کے حق میں نعرے لگائے گئے، عالیہ سومرو قومی پرچم پہن کر ایئرپورٹ سے باہر نکلیں، ان کے ہاتھ میں جیتا ہوا بیلٹ بھی تھا۔
لاہور ہائیکورٹ کا اخباری خبر کو بطور ثبوت تسلیم کرنے سے متعلق اہم فیصلہ
لاہور ہائیکورٹ نے اخباری خبر کو بطور ثبوت تسلیم کرنے کے حوالے سے قانونی نقطہ طے کردیا، 10 صفحات پر مشتبمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر رپورٹر خود عدالت میں پیش ہو تو اخباری خبر کو بطور وضاحتی ثبوت تسلیم کیا جاسکتا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ سال مظفرگڑھ میں قتل ہونیوالے صحافی اشفاق حسین کے ملزمان کی ضمانت منظور کرلی، ضمانت کیلئے اخباری خبر کو بطور وضاحتی ثبوت تسلیم کیا جاسکتا ہے، لاہور ہائیکورٹ نے قانونی نکتہ بھی طے کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے دس صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اگر رپورٹر خود عدالت میں پیش ہوتو اخباری خبر کو بطور وضاحتی ثبوت تسلیم کیا جاسکتا ہے۔
جسٹس امجد رفیق نے صحافی اشفاق حسین کے قتل میں گرفتار ملزمان ثمر عباس اور رمضان کی درخواست ضمانت منظور کرلیں، اشفاق حسین کو گزشتہ سال مظفرگڑھ میں قتل کردیا گیا تھا۔
عدالت نے تفصیلی تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ضمانت کیلئے اخباری خبر کو بطور وضاحتی ثبوت تسلیم کیا جاسکتا ہے تاہم اخباری خبر کو ریکارڈ پر موجود دیگر ثبوت سے ملاکر دیکھنا ہوگا، صرف اخباری خبر کسی حقیقت کو پورے یقین سے ثابت کرنے کیلئے ناکافی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر خبر دینے والا رپورٹر عدالت میں پیش ہوتا ہے تو اسکی خبر کو قابل قبول ثبوت تسلیم کیا جائے گا۔
عدالت نے تحریر کیا کہ ایف آئی آر کے مطابق 15 مئی 2024ء کو صحافی اشفاق حسین اپنے بھائی کے ہمراہ گھر جارہے تھے، دو نامعلوم افراد نے صحافی اشفاق حسین کو گولیاں مار کر قتل کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی صحافی کے قتل پر سخت نوٹس لیا تھا۔
بقول وکلاء اخباری رپورٹ کے مطابق پولیس نے 5 ماہ بعد صحافی اشفاق کے قتل کے ملزموں کو گرفتار کرلیا۔
پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونا غیرمعمولی مہنگا ہوگیا
سونے کی قیمت میں یکدم غیر معمولی اضافہ ہوگیا، فی تولہ قیمت 7800 روپے اضافے سے تین لاکھ 50 ہزار روپے کا ہوگیا۔
پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں فی تولہ قیمت کی قیمت میں یکم اضافہ بڑا اضافہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق فی تولہ سونا 7800 روپے اضافے سے تین لاکھ 50 ہزار روپے کا ہوگیا جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 6687 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 68 روپے پر پہنچ گئی۔
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونے کی قیمت میں 76 ڈالر کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نرخ 3316 ڈالر پر پہنچ گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6500 روپے اور فی اونس 65 ڈالر سستا ہوا تھا۔
دوسری جانب اپریل کے مہینے میں پاکستان میں سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر فی تولہ 20800 روپے اور عالمی سطح پر فی اونس 195 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بھارت میں گودی میڈیا نے عوامی شعور دبا کر تنقیدی سوچ کو جرم بنا دیا
بھارت میں گودی میڈیا نے عوامی شعور دبا کر تنقیدی سوچ کو جرم بنا دیا۔
پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی عوام مودی سرکار اورگودی میڈیا پر برس پڑی،ردعمل میں کیا گودی میڈیا کے رپورٹر مودی کی تقلید میں اندھے ہو چکے ہیں،یہ مودی کی تقلید میں اس قدر اندھے ہو چکے ہیں کہ بغیر تحقیق کے ہی ہر جھوٹ کو سچ مان لیتے ہیں۔
گودی میڈیا نےلوگوں کی عقل ہی سلب کر لی ہے،بھارتی میڈیا کے متاثرین اب مودی کے ہر جھوٹ کو سچ مان کر فخر محسوس کرتے ہیں،سچ دکھانے کا دعویٰ کرنے والا گودی میڈیا صرف حکومتی ترجمان بن کر رہ گیا ہے۔
پاکستان کرپٹو کونسل کی 50 دن میں ریکارڈ کامیابی، سب حیران
پاکستان کرپٹوکونسل (پی سی سی) نے شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے محض 50 دن میں عالمی منظر نامے میں کرپٹو انڈسٹری میں پاکستان کاپرچم سربلند کرکے سب کو حیران کردیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہ کہ پاکستان کرپٹو کونسل کا آغاز 14مارچ 2025ء کو ہوا لیکن اس مختصر عرصے میں اس ادارے نے جو کچھ کر دکھایا اس سے دنیا بھر کے مبصرین اور ناقدین متاثر ہیں، عالمی سطح پر بڑا قدم ہے کہ کونسل کی طرف سے ایک ایسا اعلان ہوا جس نے دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر مرکوز کردی ہیں۔
بائنانس کے بانی چانگ پین گڑا (سی زیڈ) کو اسٹریٹجک ایڈوائزر مقرر کردیا گیا، یہ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو ایکسچینج کی بنیاد رکھی اور جن کی ذاتی دولت بسا اوقات 100 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔
پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے ایسی عالمی شخصیت کو ریاستی سطح پر مشیر مقرر کرنا ایک غیرمعمولی پیشرفت ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ خطے کا کوئی دوسرا ملک، حتیٰ کہ بھارت بھی ایسی کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔
ٹرمپ کی حمایت یافتہ بلاک چین کے ساتھ ایک اور حیران کن پیشرفت ہے جس میں پی سی سی نے ورلڈ لبرٹی فنانشل (ڈبلیو ایف ایل) کے ساتھ لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کئے۔ یہ ایک امریکی بلاک چین منصوبہ ہے جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل ہے۔
خطے میں کرپٹو کرنسی میں پاکستان کا ابھرتا ہوا کردار جس وقت خطے میں سرحدی تناؤ کی خبریں گرم تھیں، اس وقت پاکستان کی یہ اسٹریٹجک پیشرفت عالمی میڈیا میں موضوع بنی۔
پہلگام واقعے میں ملوث حملہ آور بھاری سکیورٹی کے باوجود موقع واردات پرکیسے پہنچے؟ بھارتی خاتون
پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر بھارتی عوام کی جانب سے سخت سوالات اور تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی خاتون کا کہنا ہے کہ حملہ آور بھاری سکیورٹی کے باوجود موقع واردات پرکیسے پہنچے؟واردات کرنے کے بعد ان کا فرارہونا نظام کی سنگینی پر سوالیہ نشان ہے،سکیورٹی خدشات موجود ہونے کے باوجود کیوں موثر اقدامات نہ کئےگئے؟،لوگوں کو قتل کرنے کے بعد دہشتگرد کیسے فرارہوگئے،اطلاع پہلے سےموجود تھی،تواسکی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟
دفاعی ماہرین کا کہنا ہےکہ شواہدسےواضح ہےکہ پہلگام فالس فلیگ بھارتی ایجنسیز کی ناکامی ہے پاکستان پربےبنیادالزامات کی بجائے بھارت کو اپنی عوام کے سوالات کاجواب دینا چاہیے،بھارت سے اٹھنے والی آوازوں سے واضح ہےکہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن مودی سرکار کی ناکامی ہے۔
نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود میں ایک فیصد کمی
اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، شرح سود ایک فیصد کمی کے بعد 11 فیصد پر آگئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود میں ایک فیصد (100 بیسز پوائنٹس) کی کمی کردی۔
مرکزی بینک سے جاری اعلامیے کے مطابق ایک فیصد کمی کے بعد شرح سود 12 سے کم ہوکر 11 فیصد پر آگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا منظر نامہ پچھلے تخمینے کے مقابلے میں مزید بہتر ہوا ہے، ایم پی سی نے محتاط زری پالیسی مؤقف برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ ملکی زرِ مبادلہ ذخائر جون 2025ء تک بڑھ کر 14 ارب ڈالر ہو جائیں گے۔
نیویارک ٹائمز نے مشکل وقت میں آرمی چیف کی صلاحیتوں کا اعتراف کرلیا
آرمی چیف نے مشکل وقت میں سامنے سے قیادت کرنے کی مثال قائم کردی، ٹینک پر کھڑے ہوکر جوانوں کا خون گرمایا اور بھارتی جارحیت کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرلیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جنرل عاصم منیر دو قومی نظریے پر سختی سے کاربند ہیں جبکہ مودی مسلمانوں کو ہندوتوا کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر مرد آہن بن کر سامنے آئے ہیں، جنگی صورتحال میں فرنٹ سے لیڈ کرنے کی مثال قائم کردی۔ امریکی اخبار نے بھی سپہ سالار کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرلیا۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں جنرل عاصم منیر کی صلاحیتوں کا احاطہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق آرمی چیف نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کیا، جنگی مشقوں کے دوران ٹینک پر چڑھ کر جوانوں سے خطاب کیا اور ان کا جذبہ جگایا
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر بھارت کیخلاف سخت مؤقف رکھتے ہیں، دو قومی نظریے پر سختی سے کاربند ہیں، جس کا برملا اظہار بھی کرتے ہیں
دو خفیہ اداروں کی سربراہی کے بعد آرمی چیف بننے والے جنرل عاصم منیر
آپریشنل صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس کے میدان میں بھی طویل تجربہ رکھتے ہیں۔
امریکی اخبار نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہندوتوا کے نظریے پر کاربند ہیں، وہ مسلمانوں کو اپنے نظریے کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے ہیں۔
بھارتی ہندوؤں نےمودی کے جھوٹے ڈرامے کو مسترد کرتے ہوئے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا
دنیا بھرسمیت بھارت سے بھی مودی کے فالس فلیگ کے خلاف آوازیں اٹھنے کا سلسلہ جاری ہے
بھارتی ہندوؤں نےمودی کےجھوٹےڈرامے کو مسترد کرتےہوئے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا،بھارتی ہندو خاتون میناکشی بالی نے پہلگام حملے کو مودی حکومت کا ایک منصوبہ بند فالس فلیگ آپریشن قرار دیا۔
بھارتی خاتون کا کہنا ہےکہ پہلگام فالس فلیگ کا مقصد عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا تھا،اب دیش میں بہار کے انتخابات آ رہے ہیں اس لیےکشمیرمیں حملہ کر کے اصل حقیقت کی پردہ پوشی کی جا رہی ہے،مودی تو بولتا تھا کہ ہماری فوج اتنی طاقتور ہےکہ کوئی پرندہ بھی پر نہیں مار سکتا، پھر یہ دہشت گرد کیسے آ گئے؟
ہندوؤں کومارکرمسلمانوں کو ذمہ دار ٹھہرا کرمودی اس سازش سےپیچھے نہیں ہٹ سکتا،وقف قانون بھی صرف مسلمانوں کی جائیداد ہڑپنے کے لیے ہے،بھارتی مسلمانوں کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے،مسلمانوں کے خلاف امتیازی قوانین بنا کر ہندو ووٹ بینک مضبوط کیا جا رہا ہے،
مسلمانوں کے کندھوں پربندوق رکھ کر مودی ہندوؤں کو مسلمانوں کے خلاف اکسا رہا ہے،مودی تو اڈانی اورامبانی کے غلام ہیں، ایئرپورٹ بیچ دیا، تیل بیچ دیا، اس ملک کی ہر چیز بیچ دی۔اگر ہم خاموش رہے تو یہ ظلم دلتوں، اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقوں تک پھیل جائے گا،
ماہرین کا کہنا ہےکہ بھارت کی عوام کو بھی سمجھ ہے کہ حملہ بہار انتخابات سے قبل کیا گیا تاکہ کشمیر میں کشیدگی بڑھا کر سیاسی فائدہ حاصل کیا جا سکے،اگربھارتی فوج واقعی باصلاحیت ہے تو دہشت گرد اتنی گہرائی تک حملہ کیسے کر سکتے ہیں؟ یہ سیکیورٹی کی بڑی ناکامی ہے
مودی سرکار ہندوؤں کو قتل کروا کر مسلمانوں پر غداری کا الزام لگاتی ہے تاکہ عوام میں نفرت پھیلا کر ووٹ حاصل کیے جا سکیں،بھارت میں اب دیگر اقلیتوں کو بھی نشانہ بنانے کی تیاری ہو رہی ہے اور یہ صرف مسلمانوں تک محدود نہیں رہے گا
بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری،ایک اور کشمیری شہید
قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی درندگی کا سلسلہ جاری ہے، 23 سالہ نوجوان امتیاز احمد مغرای کو ضلع کولگام میں حراست کے دوران بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کردیا گیا۔
پہلگام حملے کے بعد قابض فوج کی زیر حراست شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
امتیاز احمد کا تعلق کولگام سے تھا،امتیاز محنت کش مزدور تھا جو چند ہی روز قبل اپنے گھر واپس آیا،دو روز قبل امتیاز کو بھارتی فوج نے گھر سے حراست میں لیا،نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہےکہ امتیاز کو بھارتی فورسز نے زیر حراست تشدد کا نشانہ بنایا،امتیاز احمد کی لاش نالے میں سے برآمد ہوئی
پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی فوج نے کشمیر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے،واقعے پر وادی بھر میں شدید عوامی غم و غصہ اور احتجاج ریکارڈ کیا جارہا ہے، یہ واقعہ بھارتی حکومت کے کشمیر میں امن کے دعوؤں کی کھلی تردید ہے۔
کشمیریوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھارتی فوج کے مظالم پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
بھارتی سکھ نے میجر گورو آریا کی اصلیت کھول دی
پنجاب کے لوگوں کی 2 بٹالین کی نفری گجرات بارڈر پر کھڑی کر دو تو گورو آریا اپنی دھوتی چھوڑ کر بھاگ جائے گا۔
بھارتی سکھ کا کہنا ہےکہ جب بھی بارڈر پر لڑائی چھڑی وہاں سکھ جاتے تھے،میجرگورو آریا جیسے لوگ حالات خراب ہوتے ہی صابن کھا کر پیٹ خراب کر کے بیماری کے بہانے بنانا شروع کردیتے تھے،گجرات اور دہلی کی تاریخ پڑھ لیں ،وہاں کبھی لڑائی نہیں ہوئی۔
اگرگجرات اور دہلی میں لڑائی ہو تو گورو آریا جیسےلوگ اپنی دھوتی چھوڑکر بھاگ جائیں گے،دفاعی ماہرین کا کہنا ہےکہ بھارتی سکھ نے گورو آریا کی اصلیت بیان کر دی ہے۔
صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کو معطل کردیا گیا
پنجاب حکومت نے ہڑتال کرنیوالے صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کو معطل کردیا، ڈاکٹر عارف بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی میں تعینات تھے۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں ہڑتال کی گئی، پنجاب حکومت نے ایکشن لیتے ہئے صدر وائی ڈی اے بینظیر بھٹو اسپتال ڈاکٹر عارف کو معطل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق وائی ڈی اے کے رہنماء ڈاکٹر فخر منیر کر بھی نوکری سے برطرف کردیا گیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے او پی ڈی میں ہڑتال کررکھی ہے۔
مودی سرکارمقبوضہ وادی میں 6 نئے ڈیم بنانے کا ارادہ رکھتی ہے، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے پیچھے بھارت کے خطرناک عزائم واضح ہونے لگے۔
بھارتی میڈیا نےدعویٰ کیا ہےکہ مودی سرکار مقبوضہ وادی میں 6 نئے ڈیم بنانے کا ارادہ رکھتی ہے،سندھ طاس معاہدے کی موجودگی میں بھارت پاکستان سے پوچھنے کا پابند ہے،حکومت پہلے سے موجود ڈیموں کی گنجائش بڑھانے پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے۔
بھارتی حکومت کوئی بھی منصوبہ شروع کرنےسے 6 ماہ پہلے پاکستان کو اطلاع دینے کا پابند ہے، سندھ طاس معاہدہ معطل ہونے کی وجہ سے اب بھارت بغیر پوچھے منصوبہ شروع کرسکتا ہے
فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ فیصلہ اسے ہفتے سنایا جائے گا۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ جناح ہاؤس حملے میں غفلت برتنے پر جبری ریٹائر کئے گئے افسران میں کور کمانڈر لاہور بھی شامل ہیں۔ جسٹس نعیم اختر اعوان نے اٹارنی جنرل کو نو مئی واقعات کے میرٹ پر بات کرنے سے روک دیا کہا آپ نو مئی واقعات کے سوالوں کا جواب نہیں دے سکیں گے، اس لیے بہتر اس پر بات نہ کریں۔
سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ کے روبرو فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔
جسٹس مسرت ہلالی نے پوچھا کہ کیا لوگ جناح ہاؤس کا گیٹ پھلانگ کرگئے یا اندر سے کھولا گیا؟، اگر اندر سے کسی نے دروازہ کھولا تو ملی بھگت کا جرم بنے گا۔ اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میں اس بارے میں چیک کرنے کے بعد ہی بتاؤں گا کہ کیسے ہوا تھا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کہ کیا 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ جرم کی نیت سے ہی ہوا تھا؟، کیا نیت احتجاج ریکارڈ کرانے کی تھی یا حملہ کرنے کی؟، کیا ہوسکتا ہے نیت احتجاج کی ہو مگر معاملہ حد سے تجاوز کرگیا ہو؟، حد سے تجاوز نہیں کرنا چاہئے تھا مگر کیا گیا۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ جرم ہی تھا۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل صاحب آپ غلط راستے پر چل پڑے ہیں، ہم نے 9 مئی واقعے کے میرٹ پر کسی کو بات نہیں کرنے دی، میرٹ پر بات کرنے سے ٹرائل اور اپیل میں مقدمات پر اثر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی تفصیلات میں گئے تو بہت سے سوالات اٹھیں گے، 9 مئی پر اٹھنے والے سوالات کے جواب دینا شاید آپ کیلئے ممکن نہ ہو۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے پوچھا کیا بغیر پنشن ریٹائر ہونے والے جنرل کور کمانڈر لاہور تھے؟۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا جی بالکل، کور کمانڈر لاہور کو ہی بغیر پنشن ریٹائر کیا گیا۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے سوال کیا کہ کیا کور کمانڈر لاہور ٹرائل کورٹ میں بطور گواہ پیش ہوئے ہیں؟۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ سے جب اپیل آئے گی تو عدالت کو معلوم ہوجائے گا۔ جسٹس نعیم اختر نے ریمارکس دیئے کہ یہی تو بات ہے آپ جواب نہیں دے سکیں گے، بہتر ہے یہ باتیں نہ کریں۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ آئین میں ترمیم مشکل کام ہے لیکن 26 مرتبہ کی بھی گئی، آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ایسا کیا ہے کہ آسانی سے ہونیوالی ترمیم بھی نہیں کی جاتی۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے سزاؤں کیخلاف اپیلیں دائر ہوچکی ہیں، 86 مجرمان اپیلیں کرچکے، باقیوں کو اپیل دائر کرنے کے وقت میں رعایت دیں گے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ آج میں نے 45 منٹ مانگے تھے جن میں سے 25 منٹ عدالتی سوالات کے تھے، میں نے 20 منٹ صرف جسٹس جمال مندوخیل کیلئے رکھے تھے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ مجھے اپنا کوئی مسئلہ نہیں، ملک کے مستقبل کا سوچ رہا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پاک فوج کے 3 اعلیٰ افسران کو بغیر پنشن اور مراعات کے ریٹائر کیا گیا، جن میں لیفٹیننٹ جنرل، بریگیڈیئر اور لیفٹیننٹ کرنل شامل ہیں، پاک فوج کے 14 افسران کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا، ناپسندیدگی اور عدم اعتماد کا مطلب ہے انہیں مزید کوئی ترقی نہیں مل سکتی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کہ کیا فوج نے کسی افسر کیخلاف فوجداری کارروائی بھی کی؟۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ فوجداری کارروائی تب ہوتی جب انہوں نے جرم کیا ہوتا، افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی 9 مئی واقعہ نہ روکنے پر کی گئی۔ جسٹس جمال نے ریمارکس دیئے کہ آرمی ایکٹ واضح ہے محکمانہ کارروائی کے ساتھ فوجداری سزا بھی ہوگی۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے وقت لوگ گرفتاریاں دیتے تھے، لوگوں نے خود کو آگ لگائی اور خود سوزیاں کیں، کسی نے بھی اس وقت املاک کو آگ نہیں لگائی۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ میرے والد نے خود بطور سیاسی کارکن کئی مقدمات بھگتے، کبھی کسی کے ذہن میں بھی نہیں آیا کہ عوامی املاک کو نقصان پہنچائیں۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل ہونے پر کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، عدالت نے کہا کہ مختصر فیصلہ اسی ہفتے کے دوران سنایا جائے گا۔
پی ایس ایل 11 میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائزز کو 10 سال کے لائسنس جاری کیے گئے تھے، پی ایس ایل 11 میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، حیدرآباد، میرپور خاص، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں سے 2 ٹیمیں ہوسکتی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کو بریفنگ دی، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی اور سی ای او کی عدم موجودگی پر قائمہ کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ایس ایل میں رواں سال اردو کمنٹری کو شامل کیا گیا، فرنچائزز کو 10 سال کے لائسنس کا اجراء کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی ٹیمیں 6 سے بڑھا کر اگلے سال 8 کر دی جائیں گی، حیدرآباد، فیصل آباد، سیالکوٹ اور میرپور خاص میں سے 2 ٹیمیں پی ایس ایل میں شامل ہوسکتی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کی وجہ سے لوگ اسٹیڈیمز نہیں آتے، ہر فارمیٹ کیلئے الگ الگ ٹیمیں بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔
پی سی بی حکام نے بریفنگ میں مزید کہا کہ ہماری خواتین کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے بھارت نہیں جائے گی، چیمپئنز ٹرافی سے ڈھائی ارب روپے سے زائد کا منافع حاصل ہوا ہے۔
پوری طرح تیار ہیں، بھارت نے جارحانہ اقدام اٹھایا تو بھرپور دفاع کریں گے، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا پوری طرح تیار ہیں،بھارت نے جارحانہ اقدام اٹھایا تو بھرپور دفاع کریں گے،صورتحال مزید کشیدہ کرنے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے۔
نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈارکا اسلام آباد میں تقریب سےخطاب میں کہا پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے،پاکستان ایک عرصےسے دہشت گردی کے خلاف لڑرہا ہے
انکا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہرطرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنےکی صلاحیت رکھتی ہیں،30 اپریل کو بھارتی فضائیہ نے جارحیت کی کوشش کی،پاک ایئرفورس نے ناکام بنایا،عالمی برادری بھی سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا نوٹس لے،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے
مزید کہا اپنے حصے کے پانی کا ایک قطرہ ضائع نہیں ہونے دیں گے، سندھ طاس معاہدے کو ممسوخ نہیں کیا جاسکتا،مستقبل پانی سے جڑا ہے،آئندہ جنگیں بھی پانی پر ہوں گی
ملکی دفاع ناقابل تسخیر، پاکستان کا فتح میزائل کا کامیاب تجربہ
ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا گیا، پاکستان نے زمین سے زمین پر 120 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے فتح سیریز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ صدر مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے مسلح افواج کو شاباش دی۔
پاکستان کا 3 روز میں دوسرا میزائل تجربہ، انڈس مشقوں کے دوران زمین سے زمین پر مار کرنیوالے فتح سیریز کے میزائل کی کامیاب لانچنگ کردی، جدید نیوی گیشن سسٹم سے لیس میزائل 120 کلومیٹر تک ہدف کو بہتر اور درست انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سینئر افسران، اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل لانچنگ کا مشاہدہ کیا، تجربے کا مقصد آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانا ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اورآرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ عسکری قیادت کا آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اظہار اطمینان کیا۔
کہا پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور اس کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد ہے۔
سیاسی قائدین کی بھی کامیاب تجربے پر سائنسدانوں کو مبارکباد، صدر مملکت آصف زرداری نے ملکی سلامتی اور دفاع یقینی بنانے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا میزائل کی تربیتی لانچ کی کامیابی سے واضح ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے تہنیتی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔ کہا کامیاب تجربہ زمین سے زمین تک ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے میں ایک اور سنگ میل ہے، پاک فوج نے مشکل حالات میں قوم کو بہترین تحفہ دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ فتح میزائل دشمن کی ایئربیسز اور فوجی تنصیبات کو تباہ کرنے میں معاون ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتہ 3 مئی کو پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا، جس کی رینج 450 کلو میٹر ہے، یہ میزائل ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے سپر ٹیکس کے نفاذ پر سوالات اٹھادیئے
جسٹس جمال مندوخیل نے سپر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق سوالات اٹھادیئے۔ وکیل ایف بی آر رضا ربانی نے کہا کہ سپر ٹیکس تباہ شدہ گھروں کی مرمت کیلئے استعمال ہوگا، اس میں علاقہ واضح نہیں، سپر ٹیکس اور انکم ٹیکس دو چیزیں ہیں۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ آپ یہ بتا دیں کہ یہ ٹیکس آرٹیکل 173 کے تحت ہی لگایا تھا یا نہیں۔
وکیل ایف بی آر رضا ربانی نے کہا کہ ٹیکسیشن کا پورا طریقۂ کار آرٹیکل 173 میں واضح کیا گیا ہے، خزانہ کی قائمہ کمیٹی پہلے بجٹ کے حوالے سے طے کرتی ہے، خزانہ کمیٹی اسے ایوان بالا میں بھیجتی ہے وہاں سے پھر بجٹ منظور ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ فور بی لوکل پرپس کیلئے نہیں ہوتا وہ لوکل باڈی کیلئے ہوتا ہے، فور بی میں واضح ہے کہ سپر ٹیکس تباہ شدہ گھروں کی مرمت کیلئے استعمال ہوگا، اس میں علاقہ واضح نہیں، سپر ٹیکس اور انکم ٹیکس دو چیزیں ہیں، سپر ٹیکس کسی خاص مقصد کیلئے لگایا جاتا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے پوچھا کہ سپر ٹیکس سے جمع کی گئی رقم کس طرح تقسیم ہوتی ہے؟، کیا قانون سازی کے بغیر آپ سپر ٹیکس لگاسکتے ہیں؟۔ رضا ربانی نے بتایا کہ سپر ٹیکس کے حوالے سے قانون سازی کی گئی تھی، سپر ٹیکس کا سارا پیسہ وفاقی مجموعی بجٹ میں جاتا ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی مجموعی بجٹ کو کس طرح استعمال کرنا ہے یہ آرٹیکل 175 میں بتایا گیا ہے۔ رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپر ٹیکس کی رقم پہلے وفاقی مجموعی بجٹ میں جائے گی، سپر ٹیکس کے حوالے سے 2016ء کے دیباچے میں لکھا ہوا ہے کہ رقم پہلے وفاقی مجموعی بجٹ میں جائے گی۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ وکیل ایف بی آر رضا ربانی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
بجلی صارفین کو اضافی بوجھ سے بچالیا، 4700 ارب روپے کی بچت کی، اویس لغاری
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ماضی میں کم سے کم لاگت کی بجلی نہیں خریدی گئی، عارضی طریقوں سے بجلی خریداری کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوتی گئی، بجلی صارفین کو بوجھ سے بچالیا، 4700 ارب روپے کی بچت کی ہے۔
محمد ادریس کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی کا اجلاس ہوا، وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے قائمہ کمیٹی توانائی کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کم سے کم لاگت کی بجلی نہیں خریدی گئی، ہم نے مختلف عارضی طریقوں سے بجلی خریداری کے اصول بنائے، عارضی طریقوں سے خریداری کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوتی گئی۔
اویس لغاری کا کہنا ہے کہ 1953 ارب روپے کے بوجھ کو مہنگے بجلی کے منصوبے ہٹا کر کم کیا گیا، منصوبوں کے اوقات کار میں ردوبدل کرکے 2790 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے، بجلی صارفین پر 4700 ارب روپے کا بوجھ آنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اب حکومت مزید بجلی نہیں خریدے گی، اگلے چند ہفتوں میں نیپرا کو یہ پلاننگ جمع ہوجائے گی، اگلے دس سالوں میں 4700 ارب روپے کے اضافی اخراجات نہیں ہوں گے، 4700 ارب روپے وہ بچت ہے جو کہ آنے والے منصوبوں میں کی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ ہم نے مستقبل میں عوام کو بوجھ سے بچالیا ہے، جو بجلی کی قیمت اوپر جانی تھی وہ اب نہیں جائے گی، اگر ہم اس پلاننگ کو ٹھیک نہ کرتے تو بوجھ ہر حال میں صارفین پر پڑنا تھا۔
کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں بھی بارش کی نوید سنادی، مغربی ہواؤں کے 3 اسپیل کراچی پر اثر انداز ہورہے ہیں، آج شہر میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم ضیغم کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج شام سے گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، مغربی ہواؤں کا سسٹم 10 مئی تک شہر پر اثر انداز ہوگا، مغربی ہواؤں کے 3 اسپیل کراچی پر اثر انداز ہونگے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آج شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوں گی، آئندہ چند روز تک پارہ 35 سے 37 ڈگری تک ریکارڈ کیا جائے گا۔
بھارت نے آبی دہشت گردی کا باقاعدہ آغاز کردیا، پانی بند، دریائے چناب خشک ہوگیا
مودی سرکار پاکستان کیخلاف آبی دہشت گردی کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ دریائے چناب پر بنے سلال ڈیم کے تمام دروازے بند کردیے گئے۔ پانی کا بہاؤ مکمل طور پر روک دیا گیا۔ مقبوضہ جموں کے علاقے رئیسی میں دریائے چناب خشک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب پر بنے سلال ڈیم کے تمام دروازے بند کردیے گئے۔ پانی کو بہاؤ مکمل طور پر روک دیا گیا۔ مقبوضہ جموں کے علاقے رئیسی میں دریائے چناب خشک ہوگیا۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی نے ویڈیو بھی جاری کردی۔
مودی سرکار نے گزشتہ روز بھی سندھ طاس معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بگلیہار ڈیم سے پانی کا بہاؤ روک دیا تھا تاہم گنجائش کم ہونے کے باعث آج بگلیہار ڈیم کا ایک گیٹ کھول دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اگلے قدم کے طور پر مقبوضہ کشمیر کے کشن گنگا ڈیم میں بھی پانی روکنے جارہا ہے، جس کے بعد دریائے جہلم میں پانی کم ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ بھی مودی سرکار نے پاکستان کے حوالے سے کئی جارحانہ فیصلے کیے، جن میں پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی بھی شامل ہے۔
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے بہترین سفارتی حکمت عملی کو اختیار کیا، اور بھارت کے سفارتی عملے کو بھی 30 افراد تک محدود کر دیا گیا تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا تھا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، پانی بند کیا گیا تو پاکستان اسے جنگ تصور کرے گا۔
جنوبی ایشیا میں دو ایٹمی قوتوں کے درمیان کشیدگی سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ میں جعفر ایکسپریس حملے کا االزام علاقائی حریف پر عائد کیا ہے، اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو قبول کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا، تاہم بھارت کی جانب سے امن کے لیے اقدامات کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا سلسلہ برقرار ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ اور اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے دونوں ملکوں پر کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا ہے، تاہم بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی رکھے ہوئے ہے۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں پن بجلی کے دو منصوبوں پر کام شروع کردیا
بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں دو اہم پن بجلی منصوبوں ’’سلّال اور بگلیہار‘‘ پر ذخائر کی گنجائش بڑھانے کیلئے ”ریزر وائر فلشنگ“ کا عمل شروع کر دیا، جس کے بعد پاکستان کے ساتھ پانی کی تقسیم کے معاہدے پر تناؤ مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ اقدام بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے ہٹ کر کیا گیا پہلا عملی قدم ہے، جو 1960ء سے اب تک تین جنگوں اور متعدد جھڑپوں کے باوجود دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان قائم رہا ہے۔
گزشتہ ماہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ایک حملے کے بعد، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے، سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا تھا۔ نئی دہلی کا دعویٰ ہے کہ حملے میں پاکستان کا ہاتھ ہے، تاہم اسلام آباد نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے یا موڑنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور کی جائے گی۔
ذرائع نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ”ریزر وائر فلشنگ“ کا عمل یکم مئی سے 3 دن جاری رہا، جس کا مقصد آبی ذخائر سے تلچھٹ کو نکال کر بجلی کی پیداوار میں بہتری لانا اور ٹربائنز کو نقصان سے بچانا ہے۔
یہ کام بھارت کی سب سے بڑی پن بجلی کمپنی ”این ایچ پی سی لمیٹڈ“ اور مقامی حکام کی نگرانی میں کیا جارہا ہے اور اس بارے میں پاکستان کو کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، حالانکہ سندھ طاس معاہدہ اس قسم کی کارروائیوں سے روکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلّال (690 میگاواٹ) اور بگلیہار (900 میگاواٹ) منصوبوں پر یہ صفائی کا کام ان کی تعمیر کے بعد پہلی بار کیا جارہا ہے، کیونکہ معاہدے کے تحت اس کی اجازت نہیں تھی، ان منصوبوں کی تعمیر کے دوران بھی پاکستان نے کئی تکنیکی اعتراضات اٹھائے تھے۔
چناب دریا کے کنارے آباد مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ یکم مئی سے تین دنوں تک سلّال اور بگلیہار ڈیمز سے پانی چھوڑا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ذخائر کو تقریباً خالی کرکے صفائی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، سلّال منصوبہ اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا نہیں کر پارہا تھا، کیونکہ ذخائر میں مٹی اور تلچھٹ جمع ہوچکی تھی، بگلیہار منصوبے کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ریزر وائر فلشنگ عام طور پر نہیں کی جاتی کیونکہ اس میں کافی مقدار میں پانی ضائع ہوتا ہے اور ایسے موقع پر نیچے کے ممالک کو آگاہ کیا جانا ضروری ہوتا ہے تاکہ کسی ممکنہ سیلاب سے بچا جاسکے۔
بھارت کے وزیر آبی وسائل پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ یقینی بنائیں گے کہ سندھ دریا کا ایک قطرہ بھی پاکستان نہ پہنچے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت فوری طور پر پانی کے بہاؤ کو نہیں روک سکتا، کیونکہ معاہدہ اسے صرف بغیر ذخیرے والے پن بجلی منصوبے تعمیر کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
بھارت کے سابق واٹر کمیشن چیف کشویندر ووہرا کے مطابق معاہدے کی معطلی کے بعد اب بھارت آزاد مرضی سے منصوبے آگے بڑھا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت پاکستان کو دریاؤں کی روانی سے متعلق اعداد و شمار فراہم کرتا رہا ہے اور سیلاب کی پیشگی اطلاع بھی دیتا رہا ہے۔ تاہم، حالیہ معطلی کے بعد یہ تعاون بھی خطرے میں پڑگیا ہے۔
پاکستان نے معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی عدالت میں جانے کی دھمکی دی ہے، جبکہ دونوں ممالک نے پہلے بھی ہالینڈ کی مستقل ثالثی عدالت میں اختلافات کے حل کی کوششیں کی ہیں، جن میں کشن گنگا اور رتلے منصوبوں کے ذخیرے کی گنجائش کے امور شامل تھے۔
سفارتی ماہرین اور آبی امور کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ اقدام خطے میں ایک نیا تنازع کھڑا کرسکتا ہے اور مستقبل میں آبی جنگ کے خدشات کو جنم دے سکتا ہے۔
بھارتی جارحیت پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی جارحیت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا،سلامتی کونسل کے صدر نے آج دو پہر کو بند دروازہ اجلاس بلا لیا۔۔
خبر رساں ادارے کے مطابق پنرہ رکنی کونسل کے ارکان بھارتی جارحیت اور تازہ ترین صورتحال پر غور کریں گے،پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کونسل کےسامنے پاکستان کوموقف پیش کریں گے۔
رپورٹ کےمطابق اجلاس کےبعد عاصم افتخار عالمی میڈیا کیلئے بھی بیان جاری کریں گے،پاکستان نے کسی بھی عالمی پلیٹ فارم پر پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کر چکا ہے۔
امریکی چینل سی این این کے نمائندے کا کنٹرول لائن پرسرجیوار گاؤں کا دورہ
امریکی چینل سی این این کے نمائندے نےکنٹرول لائن پر سرجیوار گاؤں کا دورہ کیا ہے،
دورہ سی این این کے بین الاقوامی سفارتی ایوارڈ یافتہ ایڈیٹر نک رابرٹسن نے کیا،نک رابرٹسن بھارتی فوج کے جعلی مقابلےمیں شہید افراد کےگاؤں سرجیوار پہنچ گئے،نک رابرٹسن نےشہید فاروق اورمحمد دین کے سوگواران کے انٹرویو بھی کئے۔
شہداء کے لواحقین نے سی این این کو انٹرویو میں دل دہلا دینے والے انکشافات کئے،اس کے علاوہ سی این این کے ایڈیٹر نک رابرٹسن نے عینی شاہدین سے بھی انٹرویو لئے،سی این این کی ٹیم کو بھارتی فوج کے ظلم کے بارے میں بتایا گیا۔
بھارتی فوج نے 24 اپریل کو آزاد کشمیر کےمحمد فاروق اور محمد دین کو جعلی مقابلے میں شہید کیا،
محمد فاروق اور محمد دین کے سوگواران کی بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے انصاف کی اپیل کردی۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے فیک انکاونٹرز بین الاقوامی سطح کا مسئلہ بن چکا ہے۔
ہم ’’آہنی برادر‘‘ ہیں، چین امن کے لیے پاکستان کی حمایت کرے گا،چینی سفیر
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔
ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں چین کے سفیر چیانگ زئے ڈونگ نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اہمیت کے امور اور پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی حکومت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیانات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔
آصف زرداری نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے اور چینی حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار اور آزمودہ دوستی کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک ’’آہنی برادر‘‘ ہیں، ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ انہوں نے پاکستان کے نقطہ نظر کو چین کے ساتھ شیئر کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
چیانگ زئے ڈونگ کا مزید کہنا تھا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش کے حصول کیلئے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کریگا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آمد پر ان کا استقبال ایڈیشنل سیکرٹری مغربی ایشیا، پاکستان میں ایرانی سفیر اور دیگر سینئر حکام نے کیا۔اس دورے کے دوران عباس عراقچی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈاراور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی یہ ملاقاتیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہیں۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے سماء ٹی وی کے معروف پروگرام دوٹوک کرن ناز کیساتھ گفتگو میں کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ پاکستان آ رہے ہیں، ایران پاکستان کا ہمسایہ ہے اور اس کے بھارت سے بھی اچھے تعلقات ہیں، ممکن ہے موجودہ صورتحال میں ایرانی وزیر خارجہ کوئی کردار ادا کرسکیں۔
خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ایران نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے پیشکش کی تھی ، کہ وہ بھارت اور انڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روک کر امن کا راستہ تلاش کرسکتے ہیں۔
پی ایس ایل سیزن 10: کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی
پی ایس ایل سیزن 10 کے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔
لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان کھیلے جانے والے کرکٹ میچ میں عرفان خان نیازی کی جارحانہ بیٹنگ نے کراچی کنگز کو کامیابی دلوائی ہے۔ عرفان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز نے مقررہ ہدف 168 رنز کو آخری اوور میں مکمل کیا۔ سعد بیگ نے 25 رنز جبکہ ڈیوڈ وارنر اور ٹم سائفرٹ نے بالترتیب 24، 24 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے ان کی جانب سے محمد نعیم نے شاندار 65 رنز اور فخر زمان نے 51 رنز اسکور کیے۔ یہ اسکور ٹارگٹ کے لیے کافی نہ تھا اور لاہور قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان آج نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا
اسٹیٹ بینک آف پاکستان(ایس بی پی) آج شرح سود کے متعلق نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر ے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اہم اجلاس آج اسٹیٹ بینک میں منعقد ہوگا۔اس اجلاس میں معاشی اشاریوں کا جائزہ لیا جائے گا اور پالیسی ریٹ کا اعلان پریس ریلیز کے ذریعے کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی آئی ایم ایف بورڈ اجلاس اور تجارتی خسارہ موجودہ شرح سود کو برقرار رکھنے کی وجوہات بن سکتے ہیں۔ تاہم بزنس کمیونٹی اور تجزیہ کاروں کی جانب سے شرح سود میں کمی کی توقع کی جا رہی ہےکیونکہ مہنگائی ساٹھ سال کی کم ترین سطح پر ہے۔
بروکریج ہاؤس کے سروے کے مطابق نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود آدھا یا ایک فیصد کم کیا جا سکتا ہے یہ اقدام معیشت کی بہتری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم ہو سکتا ہے۔
آج کے اجلاس کے نتائج کا معیشت پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے اور یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے کیا فیصلے کیے جاتے ہیں۔
وزیراطلاعات اورڈی جی آئی ایس پی آرکی سیاسی جماعتوں کےرہنماؤں کوبیک گراونڈ بریفنگ ختم
وزیر اطلاعات اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد صورتحال پر بریفنگ دی ان کیمرہ بریفنگ میں قومی بیانیہ اور آئندہ کی حکمت عملی پر سیاسی رہنماؤں کواعتماد میں لیاگیا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ایک ان کیمرہ سیشن میں قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دی۔ یہ سیشن پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں منعقد کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ اور کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے، لیکن اگر جارحیت مسلط کی گئی تو افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی سیاسی رہنماؤں کو حکومت کے سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے آگاہ کیا۔ بیک گراونڈ بریفنگ میں حکومتی اتحاد کے رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ تحریک انصاف نے اس بریفنگ کا بائیکاٹ کیا۔
پاکستان کی حکومت قومی سلامتی کے امور پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور سیاسی قیادت کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ملک کی سلامتی اور خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔
ہم پاک فوج کےساتھ مل کرلڑیں گے،دشمن نےغلط قدم اٹھایا توجواب ہم دیں گے، رہائشی زیرولائن
پاک بھارت کشیدگی کے باعث جہاں بھارتی باشندے خوف و ہراس کا شکار ہیں، وہیں پاکستانی شہری بے خوف و خطر پرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔شہریوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کےساتھ مل کرلڑیں گے،دشمن نےغلط قدم اٹھایا توجواب ہم دیں گے۔
زیرولائن پاک بھارت بارڈر پر موجود گاؤں گوئینڈ کے باسیوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاک فوج کے ساتھ مل کر ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، مقامی رہائشی محمد اعظم مصطفوی نے کہاکہ ہم پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔ اگر دشمن نے غلط قدم اٹھایا تو جواب ہم دیں گے۔
رہائشی زیرولائن کے دیہاتیوں کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے ان کا یہ عزم اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
زیرولائن کے باسیوں کی گفتگو سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے ملک کی سلامتی کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا حوصلہ اور عزم اس وقت خاص طور پر اہم ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے پاکستانی عوام اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بھارت کی ایل او سی کے متعدد مقامات پر بِلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا منہ توڑ جواب
بھارت نے ایل او سی کے متعدد مقامات پر پاکستانی پوسٹوں پر بِلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کا پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے نکیال، کھوئی رٹہ، شاردا، کیل، نیلم اور حاجی پیر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے ان سیکٹرز میں دشمن کی بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار اور پُرعزم ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت اور پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی
امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت اور پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں امریکی شہریوں کو دہشت گردی اور دیگر خطرات کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق بھارت میں دہشت گرد کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں جس کے باعث امریکی شہریوں کو چوکنا رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں بھی دہشت گرد حملوں کے امکانات موجود ہیں۔
بھارت کے سیاحتی مقامات، شاپنگ مالز اور بازاروں میں حملوں کا خطرہ ہے جبکہ مشرقی اور وسطی بھارت دہشت گردی کی وجہ سے غیر محفوظ ہیں۔
ایڈوائزری میں بھارتی سیاحتی مقامات پر جرائم، تشدد اور جنسی حملوں کی اطلاعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق پاکستان اور بھارت کی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب تصادم کا خطرہ ہے جہاں دونوں ممالک کی فوجیں موجود ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو ان علاقوں میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مودی نےجوڈرامہ رچایا،مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرنےپروہ کچھ بھی کرسکتےہیں،وزیردفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مودی نےجوڈرامہ رچایا،مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرنے پروہ کچھ بھی کرسکتےہیں،ممکن ہے ایرانی وزیر خارجہ موجودہ صورتحال میں کوئی کرداراداکرسکیں۔
وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے سماء ٹی وی کے معروف پروگرام دو ٹوک کرن ناز کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی مسئلے کو بانی کی رہائی سے جوڑنا حب الوطنی نہیں، ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے پر بھی قومی سلامتی کا اجلاس بلایا گیا تھا لیکن اُس وقت بانیِ تحریک انصاف اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ ان کی تمام تر توجہ بانی کی رہائی پر ہے، قومی مفادات پر نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ابھی تک معاملات سندھ طاس معاہدے کے مطابق چل رہے ہیں، اب تک کوئی بڑی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ ایرانی وزیر خارجہ پاکستان آ رہے ہیں، ایران پاکستان کا ہمسایہ ہے اور اس کے بھارت سے بھی اچھے تعلقات ہیں، ممکن ہے موجودہ صورتحال میں ایرانی وزیر خارجہ کوئی کردار ادا کرسکیں۔
وفاقی وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ مودی نے جو ڈرامہ رچایا ہے، وہ مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ اگر بھارت کوئی حرکت کرتا ہے تو پاکستان اس سے دو قدم آگے جائے گا،لیکن پاکستان پہل نہیں کرے گا پاکستان اس وقت ٹیکنالوجی میں کسی سے پیچھے نہیں، ماڈرن جنگیں اب ٹیکنالوجی کی مدد سے ہی لڑی جائیں گی اور پاکستان کو اس میدان میں برتری حاصل ہے، رافیل طیارے اُڑانے والے بھی تو چاہئیں، وہ کہاں سے لائیں گے۔
ایرانی وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی کل پاکستان کاسرکاری دورہ کریں گے،ترجمان
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی کل پاکستان کاسرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ سیدعباس عراقچی کل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے عباس عراقچی کی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقاتیں ہوں گی ۔
شفقت علی خان کے مطابق ملاقاتوں میں علاقائی اورعالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا یہ اعلیٰ سطح کا دورہ پاکستان اور ایران کے دوطرفہ گہرے اورمضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ دورہ پاک ایران تعاون کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ کے دورے سے دوطرفہ تعاون میں اضافے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ایران نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے پیشکش کی تھی ، کہ وہ بھارت اور انڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روک کر امن کا راستہ تلاش کرسکتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ٹرک کھائی میں گرنے سے 3 اہلکار ہلاک
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں بھارتی فوج کا ایک ٹرک سڑک سے پھسل کر 600 فٹ گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 3 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ حادثہ بیٹری چشمہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب ٹرک جموں سے سری نگر کی طرف جا رہا تھا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں لیکن کھائی کی گہرائی کے باعث جب تک ٹیمیں نیچے تک پہنچیں، تینوں فوجی اہلکار جان کی بازی ہار چکے تھے۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت امیت کمار، سوجیت کمار اور مان بہادر کے ناموں سے کی گئی ہے۔
پاکستان نے بھارت سے ہر قسم کی اشیاء کی درآمد پر پابندی لگا دی، نوٹیفکیشن جاری
حکومت پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے پیش نظر بھارت سے ہر قسم کی اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ بھارت سے ہر قسم کی اشیاء کی درآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے قومی سلامتی اور عوامی مفاد کے پیش نظر کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلہ درآمدات و برآمدات کنٹرول ایکٹ 1950 کی دفعہ 3 کی ذیلی دفعہ کے تحت کیا گیا جس کے مطابق انڈیا سے آنے والی اشیاء کی درآمد پر پابندی ہوگی، پاکستان سے سمندر، زمین یا ہوا کے ذریعے گزرنے والی بھارتی اشیا پر بھی پابندی عائد ہو گی ۔
نوٹیفکیشن دیگر ممالک کی برآمدات جو انڈیا کے لیے ہوں ان پر بھی پابندی ہوگی، اس آرڈرسے پہلے جاری ہونے والے لیٹر آف کریڈٹ پر اطلاق نہیں ہوگا، نئی پابندیوں کا اطلاق ان درآمدات یا برآمدات پر نہیں ہوگا جن کے لیے بل آف لیڈنگ پہلے جاری ہو چکے ہوں۔
پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو اربوں کا نقصان
پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کرنے کے فیصلے کو 11 روز گزر چکے ہیں جس کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔
گزشتہ 10 روز میں 1150 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہوچکی ہیں اور ایئرلائنز کو مجموعی طور پر 225 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔
ایئر انڈیا، انڈیگو ایئر، اسپائس جیٹ، آکاسا ایئر اور ایئر انڈیا ایکسپریس جیسی بڑی بھارتی ایئرلائنز کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں جنہیں پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث متبادل اور طویل راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں۔
ان روٹس میں بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہوکر بحیرہ عرب کے ذریعے گزرنا پڑتا ہے جس سے فیول اخراجات اور دیگر آپریشنل لاگت میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ نقصان ایئر انڈیا اور انڈیگو ایئر کو ہوا ہے۔
انڈیگو ایئر کو تو الماتی، تاشقند سمیت وسط ایشیائی ممالک کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بھی معطل کرنا پڑا۔
دہلی، ممبئی، احمد آباد، امرتسر اور بنگلور سمیت کئی بڑے شہروں سے امریکا، یورپ اور برطانیہ جانے والی بھارتی پروازوں کو اب لمبے راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں جس سے فلائٹ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے بھی تجاوز کر رہا ہے۔
ایئرپورٹ چارجز، دو بار لینڈنگ، ری فیولنگ، اور یورپ میں عملے کی تبدیلی جیسے اقدامات نے بھارتی ایئرلائنز کے اخراجات کو روزانہ کی بنیاد پر کئی کروڑ روپے تک پہنچا دیا ہے۔
ان حالات میں بھارتی مسافر اپنی ہی ایئرلائنز پر اعتماد کھو بیٹھے ہیں اور دیگر ممالک کی ایئرلائنز کو ترجیح دے رہے ہیں۔
پروازیں منسوخ ہونے کے باعث بھارتی مسافروں کو ریفنڈز میں بھی مشکلات کا سامنا ہے جس پر سوشل میڈیا پر مودی سرکار کے خلاف شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
پاکستان پر آنچ بھی آئی تو انڈیا کو چھوڑیں گے نہیں، سکھ برادری کا اعلان
پہلگام واقعہ فالس فلیگ اور بھارتی ڈرامہ ہے، سکھ برادری نے بے نقاب کر دیا۔ کہنا ہے کہ اگر جنگ ہوئی تو ہم بھارتی فوج کو پنجاب سے نہیں گزرنے دیں گے، گرو صاحب کی دھرتی (پاکستان) پر آنچ بھی آئی تو انڈیا کو چھوڑیں گے نہیں۔
سکھ برادری نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا پہلگام حملہ سراسر فالس فلیگ ہے۔
سکھ برادری نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو جڑ سے اکھاڑ دیا، پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے جو پہلگام ڈرامہ کیا ہے اس کا مقصد پاکستان پر جنگ مسلط کرنا ہے، اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
سکھ برادری نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین دشمن کیلئے نہیں پاک فوج کیلئے لنگر، پانی اور دعائیں حاضر ہیں، اگر پاکستان کی اور گرو صاحب کی دھرتی پر آنچ بھی آئی تو انڈیا کو چھوڑیں گے نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہماری وہ دھرتی ہے جس کی ہم پوجا کرتے ہیں، اگر جنگ ہوئی تو ہم بھارتی فوج کو پنجاب سے نہیں گزرنے دیں گے، بھارت جنگ کی آڑ میں اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
پاکستان پہلگام واقعے کی تحقیقات میں ملائیشیا کی شرکت کا خیر مقدم کرے گا: شہبازشریف کا ملائیشین وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ
وزیراعظم شہبازشریف نے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران خطے کی تازہ صورتحال اور پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے اشتعال انگیز رویے سے آگاہ کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم سے گفتگو کے دوران جنوبی ایشیا میں موجودہ کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور بغیر ثبوت واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کو یکسر مسترد کیا ۔
شہبازشریف نے واقعے کی عالمی ، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ان تحقیقات میں ملائیشیا کی شرکت کا خیر مقدم کرے گا، پاکستان نے ہمیشہ ہر شکل میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں سے توجہ ہٹارہے ہیں، پاکستان کسی تنازعے میں الجھنا نہیں چاہتا،ملک اقتصادی استحکام کی راہ پر ہے۔
دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا ، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ اس سال ملائیشیا کا سرکاری دورہ کرنے کا منتظر ہوں۔
یہ ٹیلی فون کال پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی دوستی کی عکاس ہے۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ۔
بھارتی سیاستدان خود رافیل کا مذاق اڑانے لگے
بھارت کے رافیل طیارے خود بھارتی سیاستدانوں کیلئے بھی مذاق بن گئے۔ اترپردیش میں کانگریس پارٹی کے صدر اجے رائے نے رافیل طیاروں کو کھلونوں سے تشبیہ دیدی۔
ویڈیو بیان میں کانگریس پارٹی کے اترپردیش کے صدر اجے رائے نے کہا کہ مودی سرکار نے رافیل طیاروں پر لیموں نچوڑ کر ہینگرز میں کھڑے کردیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے وزیر دفاع نے رافیل طیاروں پر لیموں نچوڑا، اب طیاروں پر مرچیں لٹکا دی ہیں، سرکار صرف بڑی بڑی بڑھکیں مار رہی ہے۔
اجے رائے ویڈیو میں کھلونا طیارے کے ساتھ لیموں اور مرچیں لٹکا کر بھارتی فضائیہ کا مذاق اڑاتے رہے۔
پانی کے قابل استعمال ذخائر میں 16 لاکھ 74 ہزار ایکڑ فٹ اضافہ
بارشوں اور گرمی کے آبی ذخائر پر مثبت اثرات کا سلسلہ جاری ہے، دو ماہ میں قابل استعمال پانی کے ذخائر میں 16 لاکھ 74 ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا۔
واپڈا کے مطابق تین مارچ کو پانی کا قابل استعمال ذخیرہ 4 لاکھ 37 ہزار ایکٹر فٹ تھا، تین مئی کو قابل استعمال پانی کا ذخیرہ 21 لاکھ 11 ہزار ایکڑ فٹ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق تربیلا میں 6 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا، پانی کی سطح 28 فٹ بلند ہوگئی، منگلا میں 9 لاکھ 62 ہزار ایکڑ فٹ پانی کی آمد سے سطح آب 49 فٹ بڑھ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چشمہ بیراج میں 90 ہزار ایکڑ فٹ پانی کا اضافہ ہوا، دریائے سندھ میں پانی کی آمد 78 ہزار کیوسک بڑھ گئی، جہلم میں پانی کی آمد میں 30 ہزار کیوسک، چناب میں 23 ہزار 300 کیوسک اور دریائے کابل میں پانی کی آمد میں 19 ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد سے بھارت نے پاکستان کا روکنے کی دھمکی دے رکھی ہے تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو بار بغیر اطلاع جہلم اور چناب میں پانی چھوڑا جاچکا ہے۔
پہلگام فالس فلیگ حملے کے بعد بھارت کے اندر سے مودی اور بھارتی میڈیا پر تنقید
پہلگام فالس فلیگ حملے کے بعد بھارت کے اندر سے مودی اور بھارتی میڈیا پر تنقید شروع ہوگئی۔
مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر بھارتی شہریوں نے سیکیورٹی فیلئیر کے حوالے سے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا،منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں بھارتی شہریوں نے مودی اور بھارتی میڈیا پر سوالات اٹھا دئیے
پوڈکاسٹ ہوسٹ نے سوال پوچھا کہ کیا پہلگام سیکیورٹی فیلئیر نہیں ہے؟جس پر پوڈ کاسٹ مہمانوں نے جواب دیا کہ پلوامہ بھی سیکیورٹی فیلئیر تھا، پٹھان کوٹ بھی
کہا جاتا ہے کہ 2 لوگ پاکستانی کشمیر گئے ، 7 سال ٹریننگ کی اور واپس آگئے، تو یہ سب کون مانیٹر کر رہا تھا ؟
مودی حکومت دعوی کرتی ہے کہ اس نے بھارت خصوصا کشمیر کو دہشتگردی سے پاک کر دیا،کیا بی جے پی حکومت کو 11 سال کافی نہیں تھے؟،مودی نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مختلف اقدامات کا دعوی کیا مگر نتیجہ کیا نکلا ؟
بھارتی الیکٹرانک میڈیا پر تو حملے کی وجوہات اور سیکیورٹی فیلئیر پر کوئی بات ہی نہیں کرتا،بھارتی میڈیا بس یہی بتا رہا ہے کہ ہندوؤں کو مار دیا اور مودی یہ کہ رہا ہے،
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور بھارتی میڈیا اپنے ہی جھوٹ پر یقین کرنے کی بیماری میں مبتلا ہو چکا ہے۔
او آئی سی کا بھارت میں مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز حملوں کی غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ
اسلامی تعاون تنظیم کے تحت مستقل آزاد انسانی حقوق کمیشن نے بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسلاموفوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور مسلمانوں کیخلاف انتقامی حملوں کے بڑھتے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے تحت مستقل آزاد انسانی حقوق کمیشن نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کیخلاف مظالم پر بیان جاری کردیا۔ اپنے بیان میں او آئی سی نے مطالبہ کیا کہ پہلگام واقعےکے بعد ہندوانتہا پسندوں کیجانب سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت نفرت انگیز حملوں کی غیرجانبداربین الاقوامی تحقیقات کرے۔
آئی پی ایچ آر سی کا کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی حکام کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔
بیان کے مطابق بھارت کے پانچ اگست 2019 کے اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ او آئی سی کے بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کورہاکیاجائے اور اجتماعی سزاؤں کا سلسلہ بند کیا جائے۔کشمیری عوام کو بنیادی آزادیوں کی فوری بحالی دی جائے۔
او آئی سی نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کی اپیل کرتے ہوئے آزادانہ و منصفانہ رائے شماری کا مطالبہ بھی دہرادیا۔
بھارت کی بلا جواز الزام تراشی نے خطے کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا، اعصام الحق
نامور ٹینس سٹاراعصام الحق کاکہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی بلا جواز الزام تراشی نے خطے کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
نامور ٹینس سٹاراعصام الحق نےاپنےبیان میں کہا بھارت کے ان بے بنیاد الزامات کو ہم رد کرتے ہیں، ملکی سالمیت کے لیے پوری پاکستانی قوم اور افواج یکجا اور متحد ہے۔
اداکار سید محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت نےایسا پروپگینڈا اور منفی کھیل رچایا کہ جس میں وہ خود رسوا ہوگیا،اگر ہمارے ازلی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ہم سب متحد ہو کر اس کا جواب دیں گے۔
اداکار منیب بٹ کا کہنا تھا کہ بھارت بغیرکسی ثبوت کے الزام پاکستان پر لگا رہا ہے،بھارتی عوام کو اپنی حکومت سے یہ سوال پوچھنا چاہیے کہ بھارتی فوج کی بڑی تعداد کے باوجود اتنا بڑا حملہ کیسے ہو گیا،ہم افواج پاکستان کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
اداکار جمال شاہ کا کہنا تھا کہ مودی نفرت کی آڑ میں پلوامہ اور پہلگام جیسے جعلی حملے کروا کر محض لوگوں کے دل میں نفرت پیدا کر رہا ہے،پہلگام ہماری سرحد سے 300 کلومیٹر دور ہے اور یہ حملہ آپ کے نو لاکھ فوجیوں کی ناکامی ہے،اداکارہ سیمی راحیل کا کہنا تھا کہ ہم اپنی حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ نامور شخصیات کا افواج پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی قومی اتحاد کی علامت ہے۔
بھارت کیخلاف جوہری ہتھیار استعمال کرسکتے ہیں، خالد جمالی
روس میں تعینات پاکستانی سفیر خالد جمالی نے واضح کیا ہے کہ بھارت کیخلاف جنگ ہوئی تو عددی اکثریت کوئی معنی نہیں رکھتی، پاکستان روایتی اور ایٹمی دونوں طرح کے ہتھیار استعمال کر سکتا ہے۔
ماسکو میں تعینات پاکستانی سفیر خالد جمالی نے بھارت پر بجلی گرا دی۔ روسی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت کی جنگی تیاریوں کے ثبوت موجود ہیں، بھارتی رہنماؤں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کے باعث ہم بھی الرٹ ہیں، کسی بھی بھارتی جارحیت کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب بات پاکستان اور بھارت کی ہورہی ہو تو ہم عددی اکثریت کی بحث میں نہیں پڑتے، بھارت کیخلاف جنگ ہوئی تو پاکستان روایتی اور ایٹمی دونوں طرح کے ہتھیار استعمال کرسکتا ہے۔
خالد جمالی کا کہنا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات وہاں سے آرہے ہیں، جو ہمیں چوکنا رہنے پر مجبور کرتے ہیں، کچھ خفیہ دستاویزات بھی ہمارے ہاتھ آئی ہیں، جو پاکستانی کے خلاف کارروائی کی نشاندہی کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصے کا پانی روکنا یا اس کا رخ بدلنا جنگی اقدام تصور ہوگا اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سیما حیدر کے گھر گھسنے والا مشتبہ شخص گرفتار
پاکستان سے بھارت جانے والی سیما حیدر پر کالے جادو کا الزام لگانے اور گھر میں گھسنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص پاکستانی شہری سیما حیدر اور ان کے شوہر سچن مینا کے گھر میں زبردستی داخل ہوگیا جس کے بعد ایک بڑا تنازعہ کھڑا ہوا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت تیجس کے نام سے ہوئی ہے، جو گجرات کا رہائشی ہے، اور ذہنی بیماری کا شکار بتایا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تیجس نے تفتیش کے دوران الزام عائد کیا کہ سیما حیدر اور سچن مینا نے اس پر ”کالا جادو“ کرایا ہے۔
سونے کی فی تولہ قیمت میں 6500 روپے کی کمی ریکارڈ
پاکستان میں ہفتہ وار بنیادوں پر سونے کی قیمت میں فی تولہ 6500 روپے اور عالمی سطح پر 65 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مقامی مارکیٹ میں پیر 28 اپریل سے ہفتہ 3 مئی تک مجموعی طور پر سونے کی قیمت میں فی تولہ 6500 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد سونے کی قیمت 30 لاکھ 48 ہزار 700 روپے سے کم ہوکر 3 لاکھ 42 ہزار 200 روپے پر پہنچ گئی۔
صرافہ ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پیر سے ہفتے کے دوران سونے کی دس گرام قیمت میں بھی مجموعی طور پر 5839 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نرخ 2 لاکھ 99 ہزار 220 روپے سے کم ہوکر دو لاکھ 93 ہزار 381 روپے ہوگئے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی اس عرصے کے دوران سونے کی فی اونس قیمت بھی 65 ڈالر کمی کے بعد تین ہزار 305 ڈالر سے 3240 ڈالر پر آگئی۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم اس سے قبل گزشتہ ماہ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت تاریخ میں پہلی بار تین لاکھ 60 ہزار سے زائد تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6500 روپے اور فی اونس 65 ڈالر سستا ہوا تھا۔
کراچی کنگز کے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کردی گئیں
کراچی کنگز میں دو تبدیلیاں کردی گئیں، انجرڈ ہونے والے فاسٹ بولرز فواد علی اور ایڈم ملنے کی جگہ سعد بیگ اور شاہنواز دھانی ٹیم کا حصہ بن گئے۔
کراچی کنگز نے کھلاڑیوں کی انجری کے باعث اسکواڈ میں تبدیلیاں کر دیں، فاسٹ بولر فواد علی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد آئندہ چند میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فواد کی جگہ ایمرجنگ کیٹیگری میں کراچی کنگز نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز نے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے، جو ایڈم ملنے کی جگہ لیں گے۔
نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر ایڈم ملنے گٹھے کی انجری کے باعث پہلے ہی پی ایس ایل 10 سے باہر ہوچکے ہیں۔
پہلگام حملے پر بیان، سونو نگم کیخلاف مقدمہ درج
معروف بھارتی گلوکار سونو نگم کو ایک کنسرٹ کے دوران پہلگام حملے سے متعلق بیان دینا مہنگا پڑگیا، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 25 اپریل کو بنگلورو میں اس وقت پیش آیا جب ایک کالج میں موسیقی پروگرام ہورہا تھا اور ایک مداح نے سونو نگم سے فرمائش کی کہ وہ کنڑ زبان میں گانا گائیں۔
گلوکار سونو نگم نے مداح کی فرمائش پر ناراضی کا اظہار کیا اور تبصرہ کیا جسے وہاں پر موجود کئی افراد نے اشتعال انگیز قرار دے دیا۔
سونو نگم کا کہنا تھا کہ ’یہی وجہ ہے جو پہلگام میں ہوا اور تم لوگ جو کررہے ہو، وہی مسئلہ ہے۔
سونونگم کے ان الفاظ پر سامعین ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگئے اور اس کے بعد ان کی اس گفتگو کو لے کر سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہوگیا۔
لوگوں کی جانب سے سونو نگم پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے ایک سادہ درخواست کو دہشتگردی کے واقعے سے جوڑ کر کنڑ بولنے والے افراد کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔
کنڑ تنظیم ’کرناٹک رکشنا ویدیکے‘ نے گلوکار کیخلاف پولیس میں باقاعدہ شکایت درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا سونو نگم نے ایسا بیان دیا ہے جس سے لسانیت کو ہوا ملتی ہے۔
شکایت میں مؤقف اختیار کای گیا ہے کہ گلوکار کے بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ کنڑ بولنے والے متشدد یا انتہا پسند ہو سکتے ہیں۔
مقامی پولیس نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے گلوکار سونو نگم کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
بھارتی میڈیا پرمسلسل پاکستان کیخلاف کچھ بڑا ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا پھیلایا جارہا ہے، رپورٹ
پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی میڈیا نے غنڈا گردی کی انتہا کردی۔
نیوز لانڈری کےمطابق بھارتی میڈیا نےپاکستان کیخلاف جنگ کا آغاز بھی کردیا،بھارتی میڈیا نے مودی کی ہندوتوا پالیسی کو اپناتے ہوئےمسلمانوں کیخلاف سخت نفرت انگیز مواد پھیلایا،بھارتی میڈیا پر مسلسل پاکستان کیخلاف کچھ بڑا ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا پھیلایا جارہا ہے۔
مودی کی معمول کی میٹنگز کو بھی بھارتی میڈیا پر سنسنی کے جنگی اقدامات کے طور پر پیش کیا جارہا ہے، بھارتی میڈیا پر جعلی پاکستانی ماہرین کو بلا کر ذلیل کرنے اور دھمکیاں دینے کا ٹرینڈ بھی وائرل ہے۔
ارناب گوسوامی نےن لیگ اور پی ٹی آئی کےحامیوں کو بھی بلاکرپروپیگنڈا کرنےکی ناکام کوشش کی، گودی میڈیا مسلسل مودی کی ناقص پالیسیوں کیخلاف سوال کو نظر انداز کررہا ہے۔
گودی میڈیا نے مودی سرکار سے نہ تو ناقص سیکیورٹی اور نہ ہی پالیسی فیلیئر کے متعلق سوال کیا،بھارتی میڈیا نے پہلگام متاثرین کو نظر انداز کرتے ہوئے پوری توجہ پاکستان کیساتھ جنگ پر مرکوز کردی۔
بھارتی صحافی کا کہنا ہے کہ بھارتی نیوز چینلز اور اینکرز پورے ملک کیلئے باعث شرمندگی ہیں۔
ملائیشیا نے بھارت سے تنازع میں پاکستانی مؤقف کی حمایت کر دی
ملائیشیا نے بھارت سے تنازع میں پاکستانی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطےکی بدلتی صورتحال پرقریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ۔ ملائیشیا کے وزیرخارجہ نے پاکستان کے موقف کی حمایت کا اعادہ کیا ۔
اسحاق ڈار نے ملائشین وزیر خارجہ کو کشیدہ علاقائی صورتحال کے بارے میں بتایا ۔ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا مسترد کر دیا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کیلئے پرعزم ہے۔ اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔
دوسری جانب پاک، بھارت کشیدگی ختم کرانے کےلیے روس اور ایران کے وزرائے خارجہ متحرک ہوگئے۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے بھارتی ہم منصب جے شنکر کو فون کیا پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا۔ روسی وزیرخارجہ نے کہا دونوں ملک کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں۔
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک اختلافات کو ایک طرف رکھیں اورمسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کرے۔ سرگئی لاروف نے پہلگام میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی پیر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق عباس عراقچی پاکستان کے اعلی حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور حالیہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ایرانی وزیرخارجہ اس ہفتے کے آخر میں بھارت کا بھی سرکاری دورہ کریں گے اورپاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی پر زور دیں گے۔
سوزوکی سوئفٹ آسان اقساط پر دستیاب، قیمت کا بھی اعلان
سوزوکی سوئفٹ گاڑی کی آسان اقساط میں خریداری ممکن بنانے کیلئے یو بی ایل ڈرائیو پروگرام متعارف کروایا دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یو بی ایل ڈرائیو پروگرام کے تحت صارفین سوزوکی سوئفٹ کی 3 اقسام آسان اقساط میں حاصل کرپائیں گے۔
سوزوکی سوئفٹ جی ایل مینویل کی گاڑی کی کل قیمت 43 لاکھ 36 ہزار ہے جسے صارفین 13 لاکھ 44 ہزار کی ڈاؤن پیمنٹ اور ایک لاکھ 2 ہزار کی ماہانہ قسط سے حاصل کرسکتے ہیں۔
سوزوکی سوئفٹ جی ایل (سی وی ٹی) کی قیمت 45 لاکھ 60 ہزار ہے۔ اس گاڑی کی ڈاؤن پیمنٹ 15 لاکھ 96 ہزار اور ماہانہ قسط ایک لاکھ 2 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
سوزوکی سوئفٹ کا سب سے مہنگا ویریئنٹ جی ایل ایکس (سی وی ٹی) 47 لاکھ 19 ہزار کا ہے، جسے یو بی ایل کے فنانس پروگرام کے تحت 17 لاکھ 46 ہزار اور ایک لاکھ 2 ہزار کی آسان ماہانہ قسط پر صارفین کیلئے پیش کیا جارہا ہے۔
یو بی ایل ڈرائیو پروگرام میں صارفین کی سہولت کیلئے اپلائی اور ویریفکیشن کے عمل کو آسان رکھا گیا ہے۔ پروگرام سے استعفادہ کرنے کے خواہشمند افراد یو بی ایل کی ویب سائٹ اور قریبی برانچز کے ذریعے اپلائی کرسکتے ہیں۔
اسکائپ کل (پیر) سے ہمیشہ کیلئے بند ہوجائیگا
مائیکروسافٹ کمپنی نے مشور ویڈیو میٹنگ پلیٹ فارم اسکائپ کو 22 سال کی طویل سروس کے بعد پیر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فیصلہ مائیکروسافٹ کی طرف سے بنائے گئے ایک دوسرے ویڈیو میٹنگ پلیٹ فارم ’’میٹنگ‘‘ کی مقبولیت کے بعد سامنے آیا ہے جس پر کمپنی اب اپنی تمام تر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہے۔
مائیکروسافٹ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ٹیم میں بھی ان خصوصیات کو جاری رکھا گیا ہے جو اسکائپ میں موجود تھیں۔
مائیکرو سافٹ ٹیم کے ذریعے انفرادی اور گروپ ویڈیو کالز، مسیجنگ اور فائل شیئرنگ جیسی خدمات سے مفت فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق گزشتہ 2 سالوں میں ٹیم استعمال کرنیوالے صارفین کی تعداد میں 4 گنا اضافہ ہوا ہے۔
اسکائپ کے صارفین 2008ء میں 400 ملین تک پہنچ گئے تھے تاہم بعد میں دوسری ایپس آنے کے باعث اس کے استعمال میں کمی آتی رہی اور کووڈ کے دوران جہاں دوسرے ویڈیو کانفرنس پلیٹ فارمز کے صارفین کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا وہیں اسکائپ کے صارفین کی تعداد میں کوئی خاطرخواہ اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔
رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ نے ٹیم پر کام کرنا شروع کردیا اور بالآخر اسکائپ کو پیر (5 مئی) کے دن مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی اطلاع صارفین کو بھی دی گئی ہے۔
محسن نقوی ایک روزہ دورے پر عمان پہنچ گئے، اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی عمان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر مسقط پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا مسقط ایئرپورٹ پہنچنے پر عمارت کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام، سیکریٹری داخلہ خالد بن ہلال بن سعود البوسیدی، عمان میں پاکستان کے سفیر سید نوید صفدر بخاری اور دیگر شخصیات نے خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی اور مسقط کے سیکریٹری داخلہ خالد بن ہلال بن سعود کے درمیان ملاقات ہوئی، عمانی حکام نے محسن نقوی کو عمان آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ عمان کے ساتھ انسداد منشیات اور انسداد انسانی اسمگلنگ کے ضمن میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی عمان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں عمان حکومت کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔
پاکستانی خاتون سے شادی پر بھارتی فوج کا اہلکار منیر احمد ملازمت سے برطرف
پاکستانی خاتون سے شادی پر بھارتی فوج کا اہلکار منیر احمد کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، کانسٹیبل/جی ڈی منیر احمد نے 24 مئی 2024 کو پاکستانی شہری مینل خان سے واٹس ایپ ویڈیو کال پر نکاح کیا۔ دلہن کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے ہے۔ منیر احمد کا تعلق سی آر پی ایف کی 41 ویں بٹالین سے تھا اور وہ اس وقت مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات تھے۔
بھارتی میڈیا، خصوصاً دائیں بازو سے وابستہ چینلز، نے اس شادی کو "سیکیورٹی رسک" اور "سازش" قرار دیا، جبکہ درحقیقت یہ نکاح مکمل طور پر ذاتی و مذہبی نوعیت کا تھا۔
مینل خان قانونی طور پر 15 روزہ ویزے پر بھارت گئی تھیں، جو 22 مارچ 2025 کو ختم ہوا۔ ان کے شوہر نے ویزا کی مدت میں توسیع کے لیے درخواست دی، لیکن بھارتی افسران کو اس ازدواجی تعلق سے ہی خطرہ محسوس ہوا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، مقبوضہ کشمیر کے زونل افسران نے اس شادی کو سروس رولز کے خلاف قرار دیا اور منیر احمد کو بلا تاخیر ملازمت سے فارغ کر دیا۔
بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مینل خان کو واہگہ کے راستے واپس پاکستان بھیجنے کی تیاریاں کی گئیں، لیکن مقبوضہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے انہیں 10 روزہ عبوری ریلیف دیتے ہوئے بھارت میں قیام کی اجازت دی ہے تاکہ وہ قانونی چارہ جوئی مکمل کر سکیں۔
یہ واقعہ اس بڑے رجحان کی علامت ہے جس میں بھارت، خصوصاً مودی حکومت، سرحد پار انسانی رشتوں کو بھی شکوک و شبہات کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔
حالیہ ہفتوں میں متعدد پاکستانی شہریوں کو ویزا منسوخی کے بعد زبردستی بھارت سے نکالا جا چکا ہے، جن میں بیشتر خواتین ہیں جو اپنے شوہروں یا سسرال کے ساتھ پرامن زندگی گزار رہی تھیں۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر آج سیاسی رہنماوں کو بریفنگ دیں گے
وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بریفنگ دیں گے۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو قومی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ سیاسی رہنماؤں کو دفاعی تیاریوں،سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔ بیک گراؤنڈ بریفنگ تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو دی جائے گی۔
وزارت اطلاعات کےمطابق یہ بریفنگ پاک بھارت موجودہ کشیدگی اوراس کے مضمرات کے حوالے سے ہو گی۔شرکا کو افواج پاکستان کی دفاعی تیاریوں، سفارتی اقدامات اور ریاستی مؤقف سےآگاہ کیا جائے گا۔ وزارت اطلاعات کے مطابق موجودہ صورتحال میں بریفنگ قومی یکجہتی اور اتحاد واتفاق کی اعلٰی مثال ہے۔
دوسری جانب آصف علی زرداری نے پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں پاک بھارت موجودہ صورتحال زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
پاک، بھارت کشیدگی ختم کرانے کےلیے روس اور ایران سرگرم
پاک، بھارت کشیدگی ختم کرانے کےلیے روس اور ایران کے وزرائے خارجہ متحرک ہوگئے۔
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے بھارتی ہم منصب جے شنکر کو فون کیا پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا۔ روسی وزیرخارجہ نے کہا دونوں ملک کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں۔
روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک اختلافات کو ایک طرف رکھیں اورمسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کرے۔ سرگئی لاروف نے پہلگام میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی پیر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق عباس عراقچی پاکستان کے اعلی حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور حالیہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ایرانی وزیرخارجہ اس ہفتے کے آخر میں بھارت کا بھی سرکاری دورہ کریں گے اورپاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی پر زور دیں گے۔
پاک بھارت کشیدگی پر اہلیہ سے کبھی بحث نہیں ہوئی ،ٹینشن ضرور ہے،حسن علی
قومی فاسٹ باولر حسن علی کہتے ہیں پاک بھارت کشیدگی پر اہلیہ سے کبھی بحث نہیں ہوئی ،ٹینشن ضرور ہے،جنگ مسئلے کا حل نہیں،مسئلے کا حل امن ہے۔
سماء سےخصوصی گفتگو میں کہا ری ہیب بورنگ اور مشکل ہوتا ہے لیکن جذبہ ہو تو کرسکتے ہیں،جب بھی ٹیم میں واپس آیا اپنی محنت سے آیا کسی کی دوستی سے نہیں،ڈسپلن، فٹنس پر کام کیا بہت ساری چیزیں فکس کی ہیں،میرا بیلنس اور ایکشن مس ہورہا تھا،اب اچھا رزلٹ مل رہا ہے۔
حسن علی نے مزید کہا لاہور میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا میچ کھیلنے کے لئے بے چین ہوں۔
پاکستانی وزارت بحری امورنےبھارتی پرچم برداربحری جہازوں پرپابندی لگادی
پاکستانی وزارت بحری امور نے بھارتی پرچم بردار بحری جہازوں پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کے تحت یہ جہاز کسی بھی پاکستانی بندرگاہ پر نہیں آسکیں گے یہ فیصلہ قومی اور بحری سلامتی، خودمختاری اور معاشی مفاد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ شپنگ آرڈر نمبر 001/2025 کے تحت بھارتی پرچم بردار جہازوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانی پرچم بردار بحری جہازوں کو بھی بھارتی بندرگاہوں کے وزٹ سے روک دیا گیا ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کے استثنیٰ کے لیے جائزہ لے کر کیس ٹو کیس فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اپنی بحری سلامتی اور خودمختاری کو برقرار رکھنے کے لیے سنجیدہ ہے۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، اور یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی قومی مفادات کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے تیار ہے۔
بھارت کی جانب سے خطرہ تاحال موجود ہے،4رافال طیاروں کو پاکستان نے جام کردیا، وزیردفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے 4 رافیل طیارے پاکستان کی فضائی حدود کی طرف بڑھ رہے تھے، جنہیں افواج پاکستان نے کامیابی سے جام کر دیا رافال طیاروں کے اس واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے کوئی قابل ذکر حرکت نہیں ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے دفاع و ہوا خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے خطرہ تاحال موجود ہے اور ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ بھارت کی جانب سے خطرہ کم ہوگیا ہے پاکستان کو اپنی دفاعی صلاحیتوں کو برقرار رکھنا ہوگا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
وزیر دفاع و ہوا خواجہ آصف نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں میں ورلڈ بینک سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ اس معاہدے کے تحت مسائل کو حل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دیکھنا چاہیے کہ آیا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پہلگام واقعے کا ڈرامہ خود تو نہیں رچایا۔ بھارت پہلگام واقعے سے متعلق پاکستان کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کر سکا، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کی جانب سے الزامات بے بنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے اور وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
پاکستان کی فوجی طاقت: زمین سے فضا اور گہرے پانیوں تک ناقابلِ تسخیر
پاکستان اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے اور پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی نے پاکستان کو خطے کی ایک مضبوط دفاعی طاقت بنا دیا ہے۔
پاکستان کے پاس میزائلوں کا ایک وسیع ذخیرہ موجود ہے جن میں شاہین سیریز سرفہرست ہے اور شاہین میزائل کی پانچ اقسام دشمن کے لیے وارننگ ہیں۔
شاہین: 750 کلومیٹر
شاہین-ون: 900 کلومیٹر
شاہین-ون اے: 1000 کلومیٹر
شاہین-ٹو: 2500 کلومیٹر
شاہین-تھری: 2750 کلومیٹر
اس کے علاوہ:
غوری-ون: 1500 کلومیٹر
غوری-ٹو: 2000-2300 کلومیٹر
ابابیل: 2200 کلومیٹر
حتف سیریز (1 سے 8): کروز میزائل جو میدان جنگ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
نصر، غزنوی، ابدالی: شارٹ رینج بیلسٹک میزائل
فتح-ون، ٹو، تھری: راکٹ سسٹم
اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل اور چین، برازیل سے حاصل کردہ اینٹی ریڈی ایشن میزائل بھی پاک فوج کے اثاثوں میں شامل ہیں۔
جنگی ٹینک: پاک فوج کی آرمرڈ طاقت
پاک فوج کی آرمرڈ کور پاکستانی، چینی اور یوکرینی ساختہ ٹینکوں سے لیس ہے:
وی ٹی-فور: تھرڈ جنریشن چینی مین بیٹل ٹینک
الخالد: پاکستان اور چین کی مشترکہ پروڈکشن، اسموتھ بور گن سے لیس
الضرار: چینی ٹائپ-59 کا اپ گریڈڈ ورژن
ٹائپ-69: 105 ملی میٹر گن کے ساتھ چینی مین بیٹل ٹینک
حیدر ٹینک: چینی وی ٹی-فور ڈیزائن پر مبنی
ڈرونز: فضائی طاقت کا نیا دور
پاک فوج کے ڈرونز دشمن کے ریڈار سے بچتے ہوئے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، عقاب، براق اور شہپر پاک فوج کے آہنی بازو ہیں۔
پاک بحریہ: سمندروں کی ناقابلِ تسخیر طاقت
پاک بحریہ اینٹی شپ اور اینٹی سرفیس گائیڈڈ میزائلز سے لیس ہے، جن میں شامل ہیں:
بابر (ون، ٹو، تھری)
چینی ساختہ ضرب کروز میزائل
حربہ، سی ایم-302، سی-802 اے
امریکی ہارپون بلاک ٹو
ایگزاسٹ ایس ایم-39 گائیڈڈ میزائل
آر بی یو-1200 اور روسی اینٹی سب میرین راکٹ لانچر
پاکستان نے ماضی میں متعدد بار دشمن کو گہرے پانیوں میں شکست دی ہے، پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کی جدید صلاحیتوں نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہر حال میں تیار ہے، پاکستان کی فوجی طاقت زمین، فضا اور سمندر میں ناقابلِ تسخیر ہے۔ دشمن کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کی فوج ہر لمحہ چوکس اور تیار ہے۔
پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو بھاری نقصانات کا سامنا
پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان نے بھارتی ایئرلائنز کیلئے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں اور گزشتہ 9 روز کے دوران ایک ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ بھارتی ایئر لائنز کو 200 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پروازوں کو دو بار لینڈنگ اور ری فیولنگ، ائر پورٹ چارجز کی مد میں یومیہ کروڑوں کے اخراجات کا سامنا ہے۔ ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، اندیگو ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں منسوخ ہوئیں ، پاکستان کی فضائی حدود بندش سے بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہوکر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے، انڈیگو ایئر کا وسط ایشیائی ملکوں کے لیے تاحال فضائی آپریشن معطل ہے ۔
دہلی، ممبئی امرتسر بنگلور احمد آباد سے دبئی کی بھارتی پروازیں بھی شدید متاثر ہیں ، بھارتی مسافروں کو دہلی، ممبئی، امرتسر احمد سے امریکا برطانیہ یورپ کی پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے تک بڑھنے سے شدید پریشانی لاحق ہے ، بھارتی مسافروں کو پروازیں منسوخ ہونے پر ایئرلائنز سے ریفنڈز بھی نہیں مل سکے ہیں۔
پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی
گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہواہے جس کے بعد ذخائر 10 ارب 21 کروڑ 40 لاکھ ڈالر پر پہنچ گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 15.251 ارب ڈالر ہیں، جن میں سے 5.037 ارب ڈالر کمرشل بینکوں کے پاس ہیں۔ واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 40 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔
مرکزی بینک نے رپورٹ کیا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 22 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 40 لاکھ ڈالر بڑھ کر 8.021 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔
9 مئی کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بعد سٹیٹ بینک کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کا انتظار ہے لیکن بھارت کے ساتھ کشیدگی جیسی صورتحال کے باوجود شرح تبادلہ معمول پر رہی، ڈالر 9 پیسے اضافے سے 281.06 روپے کا ہوگیا، جو 30 اپریل کو 280.97 روپے تھا۔
پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی حریف ترجوت سنگھ کو شکست دیدی
پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی حریف ترجوت سنگھ باوا کو چت کردیا۔
تھائی لینڈ میں ہونیوالے پاک بھارت باکسنگ مقابلے میں پاکستانی باکسر نے اپنے بھارتی حریف کو چِت کردیا۔
تھائی لینڈ میں ہونیوالی رینکنگ فائٹ میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے روایتی حریف بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا کو پچھاڑ دیا۔
شہیر آفریدی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں بھارتی حریف کو شکست دی۔
تیسرے راؤنڈ میں ہی بھارتی باکسر ترجوت سنگھ باوا لڑکھڑا گئے تھے اور چوتھے راؤنڈ میں شکست کھاگئے جبکہ چوتھے راؤنڈ میں ریفری نے بھارتی باکسر کو مزید کھیلنے سے روک دیا۔
عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی ہوگئی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 2300 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 42 ہزار 200 روپے ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1972 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 93 ہزار 381 روپے ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 23 ڈالر کمی کے بعد 3240 ڈالر فی اونس ہے
پاک بھارت جنگ شروع ہوگئی تو وہ کسی کے قابو میں نہیں رہے گی،امریکی کانگریس مین کیتھ سیلف
پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا ہم سوچ بھی نہیں سکتے،دونوں ایٹمی قوت ہیں،جنگ شروع ہوگئی تو وہ کسی کے قابو میں نہیں رہے گی۔
امریکی کانگریس مین کیتھ سیلف کی پاکستانی امریکن ریپبلکن کلب میں پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں سے گفتگو میں کہا امید ہےپاکستان اور بھارت کشیدگی کو کم کریں گے،جب تک مسائل کا کوئی حل نہیں نکلتا،پاکستان اور بھارت کے مسائل کئی دہائیوں سے موجود ہیں،
اس موقع پر حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے کانگریس مین جیک برگمین بھی موجود تھے۔
کراچی میں آن لائن رائیڈرز کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا انکشاف
کراچی میں آن لائن رائیڈرز کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ ایس آئی یو اور سی آئی اے نے ڈیفنس میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سپلائی میں ملوث ملزم راشد کو گرفتار کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں آن لائن رائیڈرز کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کا انکشاف ہوا ہے، منشیات اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم راشد کو گرفتار کرلیا گیا، جس نے انکشاف کیا ہے کہ منشیات اسلام آباد سے کراچی پھر رائیڈرز کے ذریعے ترسیل ہوتی ہے۔
ایس آئی یو اور سی آئی اے نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کارروائی کی اور منشیات کی سپلائی میں ملوث ملزم راشد کو گرفتار کیا، جس سے 219 گرام اعلیٰ کوالٹی کی کوکین برآمد ہوئی۔
ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزم منشیات نیٹ ورک کا اہم کارندہ ہے۔
بابراعظم نے پاکستان سپر لیگ میں نیا ریکارڈ بنادیا
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے پاکستان سپر لیگ میں نیا سنگ میل عبور کرلیا، وہ 50 کیچز مکمل کرنیوالے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
پشاور زلمی کے کپتان نے یہ اعزاز اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف کھیلے گئے میچ میں حاصل کیا، پی ایس ایل تاریخ میں کیرن پولارڈ 42 کیچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان سپر لیگ میں افتخار احمد اور محمد نواز 40، 40 کیچز کے ساتھ تیسرے جبکہ شاداب خان اور فخر زمان 39، 39 کیچز تھام کر چوتھے نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے، پشاور زلمی نے 7 میچ کھیلے ہیں اور چار میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تین میں وہ فاتح رہی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے، لاہور قلندرز 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 پوائنٹس کے ساتھ ہی تیسرے جبکہ کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں اضافہ
آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 20 کلو آٹے کی قیمت میں دو ہفتوں کے دوران 130 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
فلور ملز مالکان نے کہا کہ گندم فی من 2300 روپے سے زائد میں مل رہی ہے، دو ہفتے قبل گندم کی قیمت اوپن مارکیٹ میں کم تھی۔
فلور ملز مالکان کا کہنا تھا کہ گندم کی قیمت مستحکم ہونے سے آٹے کی قیمت کم ہوگی، دو ہفتے قبل آٹے کا تھیلا اوپن مارکیٹ میں 1100 روپے میں دستیاب تھا، جو اب 1230 روپے میں مل رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ کی بولڈ تصاویر لائیک کرنے پر کوہلی مشکل میں پھنس گئے
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی انسٹاگرام پر 23 سالہ اداکارہ ایونیت کور کی بولڈ تصاویر لائیک کرنے پر مشکل میں پھنس گئے، وضاحت دینا پڑگئی۔
بھارتی اسٹا رکرکٹر ویرات کوہلی حال ہی میں اُس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے جب ان کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک فین پیج پر اداکارہ ایونیت کور کی بولڈ تصاویر کو لائیک کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایونیت کور کی تصاویر 30 اپریل کو ایک فین پیج پر پوسٹ کی گئی تھیں، جس میں اداکارہ کو ایک سبز رنگ کے ٹاپ اور منی اسکرٹ میں دیکھا گیا۔
ایونیت کور کی تصاویر پر ویرات کوہلی کے لائیک کو جب صارفین نے دیکھا تو یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کردیں، یہاں تک کہ کچھ صارفین نے ان کی اہلیہ، اداکارہ انوشکا شرما کو بھی پوسٹ میں ٹیگ کردیا، جبکہ میمز بھی بنائی گئیں۔
معاملے کی شدت کو دیکھتے ہوئے ویرات کوہلی نے انسٹاگرام اسٹوری پر وضاحتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب میں اپنی انسٹاگرام فیڈ کلیئر کررہا تھا تو ممکن ہے کہ الگورتھم کی وجہ سے غلطی سے لائیک ہوگیا ہو، ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا، میں گزارش کرتا ہوں کہ بلا وجہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ ایونیت کور کئی ہندی فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹر شمبن گل کی اداکارہ ایونیت کور کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہیں بھی میڈیا کی زینت بنی رہیں۔
بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹ،بھارتی تجزیہ نگاروں نے بھی راز فاش کردیا
بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹ،سابق جرنیلوں کے بعد بھارتی تجزیہ نگاروں نے بھی راز فاش کر دیا
بھارتی تجزیہ نگارکاکہنا ہےکہ جھوٹی سرجیکل اسٹرائیک،بھارت کی عوامی تسلی کےسوا کچھ نہیں،بھارت کاسرجیکل اسٹرائیک کا ڈھونگ داخلی سیاست کےلیےرچایا گیا،بھارتی فوج کی سرجیکل اسٹرائیک محض پروپیگنڈا ہے،یونین چارٹر کے تحت بھارت سرحد پار ک ہی نہیں سکتا تھا
مودی سرکارکی جانب سے جھوٹ پر مبنی سرجیکل اسٹرائیک کی ویڈیو دکھائی گئی،سرجیکل اسٹرائیک کے بے نقاب ہوتے ہی پہلگام فالس فلیگ کا جھوٹا بیانیہ مزید کمزور پڑ گیا۔
بھارت نے پہلگام واقعے کے تحقیقات کی پیشکش کا جواب دیناہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے حقائق کا پتالگانے کیلئے تحقیقات کی پیشکش کا جواب دیناہے۔
ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیرولو سے ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کیلئے ترکیہ کی حمایت تاریخی، گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے، ترکیہ پہلگام حملے کی شفاف تحقیقات میں شامل ہوتا ہے تو خیرمقدم کیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان کاردعمل ذمہ دارانہ رہا، پاکستان نے ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے، پاکستان نے انسداد ہشتگردی کی کوششوں میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان نے90ہزار شہادتیں،152بلین امریکی ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھایا۔
شہبازشریف نے کہا کہ بھارتی اقدامات انسداددہشتگردی کی کوششوں سے توجہ ہٹانے کی مذموم کوشش ہے، بھارت پہلگام واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت دینے میں ناکام رہا ہے، بھارت پاکستان کو پہلگام واقعہ سے جوڑ نے کی سازش کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے حقائق کا پتالگانے کیلئے تحقیقات کی پیشکش کاجواب دیناہے، پاکستان قابل اعتماد، شفاف، غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گا، پاکستان اپنی اقتصادی بحالی اورترقی پر مکمل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، ہمیں اقتصادی بحالی، ترقی کیلئے پڑوس میں امن،سلامتی کی ضرورت ہے۔
کانگرس رہنما چرن جیت سنگھ چنی نے بالاکوٹ سرجیکل سٹرائکس کے ثبوت طلب کرلیے
کانگرس رہنما مشرقی پنجاب کے سابق وزیراعلی چرن جیت سنگھ چنی نے بالاکوٹ سرجیکل سٹرائکس کے ثبوت طلب کر لیے۔
سردارچرن جیت سنگھ چنی کاکہنا ہےکہ آج تک بالاکوٹ سرجیکل سٹرائکس کاکوئی ثبوت نہیں ملا، پاکستان میں کہاں حملےہوئے؟کہاں لوگ مارےگئے؟کیا اگرہمارےملک میں بم گرےتو ہمیں پتہ نہیں چلے گا؟2019 میں کہیں کچھ نہیں ہوا،کہیں کوئی حملہ نہیں ہوا
بی جے پی نے جوابی کاروائی کے طور پر کانگرس ورکنگ کمیٹی کو پاکستان ورکنگ کمیٹی قرار دے دیا
بی جے پی ترجمان سمبت پترا نے الزام لگایا کہ کانگرس دہشت گردوں اور پاکستانی فوج کو آکسیجن فراہم کر رہی ہے،بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے کانگرس کو پاکستان پرست پارٹی قرار دے دیا
خیبرپختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، 5 دہشت گرد ہلاک، 2 گرفتار
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 5 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 3 مختلف کارروائیوں میں 5 خوارج ہلاک ہوگئے، فورسز نے کارروائیوں کے دوران 2 خوارج کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں آپریشن کیا، جہاں ہائی ویلیو ٹارگٹ خوارج فرید اللہ سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں بھی فورسز نے آپریشن کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج ہلاک ہوگئے۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں بھی کارروائی کی، جہاں خوارج کے ٹھکانے تباہ کردیئے گئے، آپریشن میں ہائی ویلیو خوارج لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 خوارج گرفتار کرلیے گئے، ملزمان سے دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر اور سینیٹر پروفیسر ساجد میر انتقال کرگئے
مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر اور سینیٹر پروفیسر ساجد 86 برس کی عمر میں سیالکوٹ میں انتقال کر گئے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر اور سینیٹر پروفیسر ساجد میر سیالکوٹ میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 86 برس تھی، وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے۔
رپورٹ کے مطابق علامہ ساجد میر کا کچھ عرصہ قبل اسلام آباد میں مہروں کا آپریشن ہوا تھا، جس کے بعد سے وہ شدید علیل ہوگئے تھے۔
ذرائع کے مطابق علامہ ساجد میر کچھ دنوں پہلے اپنے آبائی شہر سیالکوٹ منتقل ہوئے، ان کا انتقال سیالکوٹ میں آبائی گھر میں ہوا، ان کی نماز جنازہ رات 10 بجے سیالکوٹ میں ادا کی جائے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساجد میر پاکستان کی اہل بصیرت سیاسی شخصیت اور دینی اسکالر تھے، ان کی رحلت سے ایک ایسا خلاء پیدا ہوا جو شاہد ہی کبھی پُر ہوسکے، مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدریاں ساجد میر کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ساجد میر کے انتقال نے تمام سیاسی حلقوں کو سوگوار کردیا، سینیٹر ساجد میر کی دینی و سیاسی خدمات کو تا دیریاد رکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ سینیٹر ساجد میر کو جوار رحمت میں جگہ دے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے سینیٹر ساجد میر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساجد میر ایک عظیم دینی، علمی اور سیاسی شخصیت تھے، سینیٹر ساجد میر مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسرساجد میر کی ملی قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ذمہ داران و کارکنان سے تعزیت کرتے ہیں۔
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سینیٹر پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
بھارت نے حملہ کیا تو نیوکلیئر پروگرام کے ذریعے جواب دیں گے، عمر ایوب
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ بھارت نے حملہ کیا تو نیوکلیئر پروگرام کے ذریعے جواب دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ بھارت کو واضح پیغام دینا ہوگا اگر اس نے حملے کی کوشش کی تو ہم اپنے نیوکلئیر پروگرام سے جواب دیں گے۔ اگر انڈین جنگی جہاز حملہ کرنے آئے تو انہیں تباہ کرکے دم لیں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا ہم بات بعد میں کریں گے پہلے اپنا وارکریں گے، انڈیا جنگی مشقیں کررہا ہے، موجودہ صورتحال میں بھارت کو جو امیسج جانا چاہے تھا وہ نہیں گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی صورتحال دیکھیں محب وطن شہری ان پر مقدمات بنائے گے، ہمارا لیڈر بانی پی ٹی آئی ،اعجاز چوہدری سمیت دیگر اسیران جیلوں میں ہیں، وہ جیلوں میں کیوں ہیں ان کی ایک غلطی ہے، انہوں نے پاکستان اورجمہوریت کیلئے آوازاٹھائی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کہتی ہیں کہ ایک طرف سرحدوں پر صورتحال کشیدہ ہے لیکن دوسری جانب سندھ میں احتجاج ہورہا ہے۔ یہ درست ہے کہ یہ وقت ساتھ کھڑا ہونے اور قومی یکجہتی دکھانے کا ہے ۔ ہمیں تو کہا جاتا ہے قومی یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہوں لیکن ہمارے رہنماوں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ملک میں استحکام لانے کیلئے کوشش کرنی چاہیئے۔
بھارت میں پی ایس ایل پر پابندی کےبعد پاکستان نے آئی پی ایل کی سٹریمنگ پر پابندی لگادی
بھارت میں پی ایس ایل پر پابندی کے بعد پاکستان نے بھی آئی پی ایل 2025 کی سٹریمنگ پابندی لگادی۔
پہلگام حملے کےبعد پاکستان اوربھارت کےدرمیان کشیدہ صورتحال ہے،پی ایس ایل کی بھارت میں سٹریمنگ کی پابندی کے بعد اب آئی پی ایل پر پاکستان میں مکمل طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
،آئی پی ایل کے میچز اب پاکستان میں نہیں دیکھے جا سکیں گے،خیال رہےکہ بھارتی لیگ کے میچز مختلف ایپس اور چینلز پر دیکھے جا رہے تھے۔
اس سے قبل سونی اسپورٹس نیٹ ورک فین کوڈ اور کرک بز سمیت نشریاتی اداروں نے بھارت میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کی تمام کوریج معطل کی تھی۔
موجودہ صورتحال بھارتی اقدامات کا نتیجہ، مقبوضہ کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے، عاصم افتخار
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال بھارتی اقدامات کا نتیجہ ہے، مقبوضہ کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔
واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور جینوا کنونشن کی خلاف ورزی کی۔ موجودہ صورتحال کی وجہ بھی وہی بھارتی اقدامات ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو دورے کی دعوت دی ہے، مقبوضہ کشمیر ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے یہ سب کو پتہ ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور بھارت سے بھی ذمہ داری کی توقع رکھتا ہے۔
دوسری جانب امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا امریکی صدر خود کو دنیا بھر میں پیس میکر قرار دیتے ہیں،وہ اس صورتحال میں پیس میکر کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئےکہا کہ یہ واحد نیو کلیئرفلیش پوائنٹ ہے، یہاں جنگ ہوئی تو پوری دنیا متاثر ہوگی۔
رضوان سعید شیخ نے مزیدکہا کہ پہلے جب بھی ایسی صورتحال ہوتی تھی تو عالمی برادری آگے آتی تھی، مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کا بھی یہ موقع ہے، ہماری قیادت نےشفاف تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت کے جواب کا انتظار ہے،بغیر ثبوت الزام لگانا اور تحقیقات سے بھاگ جانا بھارت کے جھوٹے ہونے کا ثبوت ہے۔
پاکستان کا 450 کلو میٹر تک مار کرنیوالے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنیوالے میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، ابدالی میزائل 450 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ، ابدالی میزائل کی رینج 450 کلو میٹر ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ تجربہ کا مقصد آپریشنل تیاریوں، تکنیکی پہلوؤں کی جانچ تھی، صدر مملکت، وزیراعظم نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں سروسز چیفس نے بھی کامیاب تجربہ پر سائنسدانوں اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اسٹرٹیجک فورسز کی آپریشنل تیاری، تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستانی امداد روکنے کا بھارتی مطالبہ نظر انداز کردیا
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھارت کی جانب سے پاکستان کی امداد روکنے کا مطالبہ نظر انداز کردیا۔
نمائدہ خصوصی سماء سے گفتگو میں نمائندہ آئی ایم ایف ماہر بنیسی واضح کردیا کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس نو مئی کو اپنے شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان کی درخواست پر بھی غور ہوگا۔ ہم دوسرے ممالک کے خدشات پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔
حکام وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2.3 ارب ڈالرپیکج ملنے کاامکان ہے، بورڈ کی منظوری سے پاکستان کو مجموعی طور پر دو ارب 30 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں کلائمیٹ فنانسنگ سے متعلق 1.3 ارب ڈالر کے آر ایس ایف پروگرام کی منظوری متوقع ہے، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے فنڈز 28 ماہ میں اقساط میں ملیں گے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 25 مارچ 2025 کو طے پایا تھا۔
قبل ازیں بھارت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پاکستان کو دیے گئے قرضوں کا ازسرِ نو جائزہ لے۔
بھارتی حکومت کے ایک عہدیدار نے غیرملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ بھارت نے آئی ایم ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کو دی گئی مالی امداد کا ازسرِ نو جائزہ لے تاہم اس مطالبے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
پاکستانی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل طور پر درست سمت میں گامزن ہے، آئی ایم ایف کا حالیہ جائزہ کامیابی سے مکمل ہوا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی مطالبہ پہلگام حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔
شاہ رخ خان دنیا کے چوتھے امیر ترین اداکار بن گئے
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان دنیا کے 10 امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے، انہوں نے ہالی ووڈ اداکاروں بریڈ پٹ اور جارج کلونی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بالی ووڈ کی مشہور شخصیت شاہ رخ خان صرف ایک اداکار ہی نہیں بلکہ وہ ایک ایسے سپر اسٹار ہیں جن کے دنیا بھر میں بغیر رنگ و نسل، مذہب اور قومیت کی تفریق کے چاہنے والے موجود ہیں۔
شوبز کی خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق اداکار کے مداحوں کیلئے یہ ایک خوشی کا موقع ہے کیونکہ بالی ووڈ کے کنگ خان 2025ء کے دنیا کے 10 امیر ترین اداکاروں میں شامل ہو گئے ہیں، وہ امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں جگہ بنانے والے واحد انڈین ایکٹر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حیرت انگیز طور پر وہ 10 امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں چھوتے نمبر پر ہیں یعنی وہ دنیا کے چھوتے سب سے امیر ترین اداکار ہیں۔
صرف یہی نہیں بلکہ شاہ رخ خان نے ہالی ووڈ کے مشہور اداکاروں جیسے بریڈ پٹ، جارج کلونی اور رابرٹ ڈی نیرو کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران شاہ رخ خان کی دولت میں حیران کن طور پر 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سنہ 2025ء میں شاہ رخ خان کی کل دولت 80 کروڑ 76 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ سنہ 2020ء میں ان کی دولت 60 کروڑ ڈالر تھی۔
شاہ رخ خان کی دولت کا بڑا حصہ ان کی فلموں، کاروباروں اور سرمایہ کاریوں سے آتا ہے۔ سنہ 2023ء میں شاہ رخ خان نے ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں کے ذریعے ہالی ووڈ میں شاندار کم بیک کیا، ان فلموں نے مجموعی طور پر دنیا بھر میں 2، 2 ہزار ارب بھارتی روپے سے زائد کی کمائی کی۔
شاہ رخ خان کی دولت کا ایک بڑا حصہ ان کے کاروباری اداروں سے بھی حاصل ہوتا ہے، جن میں ان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز شامل ہیں۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی آمدن کا بڑا ذریعہ بڑے برانڈوں کے اشتہارات بھی ہیں۔
شاہ رخ خان نے 70 کروڑ 42 لاکھ ڈالر دولت رکھنے والے جارج کلونی کو 16 فیصد کے فرق سے پیچھے چھوڑا ہے۔ سنہ 2025 کی امیر ترین اداکاروں کی عالمی فہرست میں پہلی تین پوزیشنز پر 80 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کے ساتھ ٹام کروز تیسرے نمبر پر، ایک ارب 19 کروڑ ڈالر کے ساتھ ڈیوائن جانسن (دی راک) دوسرے نمبر پر جبکہ ایک ارب 49 کروڑ ڈالر کے ساتھ آرنلڈ شوارزنیگر پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
بھارتی ریاست گووا کے مندر میں بھگدڑ مچ گئی، 7 افراد ہلاک، 50 زخمی
بھارتی ریاست گووا کے مندر میں بھگدڑ مچنے سے 7 افراد ہلاک اور 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، کئی کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست گووا کے مندر میں بھگڈر مچنے کے واقعے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق بھگدڑ اس وقت مچی جب مندر میں ہزاروں افراد ایک تہوار کے موقع پر پوجا میں شریک تھے۔
میڈیا کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
بھارت کا جبراً حراست میں رکھے پاکستانیوں کو فیک انکاؤنٹرمیں استعمال کرنے کا منصوبہ سامنے آگیا
بھارتی فوج اور انٹیلیجینس نے غیر قانونی اور جبراً حراست میں رکھے معصوم پاکستانیوں کو فیک انکاؤنٹرمیں استعمال کرنے کا مذموم منصوبہ بنا لیا۔
مصدقہ اطلاعات کےمطابق بھارتی انٹیلیجینس اوربھارتی فوج نےبیسیوں پاکستانی جو جبراً اورغیر قانونی طور پر بھارتی ایجنسیوں کی حراست میں ہیں،ان کو مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں باہر نکال کر فیک انکاؤنٹرزمیں مارنے کا شرمناک منصوبہ بنا لیا۔
مختلف جیلوں اور ایجنسیوں میں رکھےجانے والے افرادکو مارنے کے بعد پاکستان کی طرف سے سرحد پار دہشت گرد قرار دیا جائے گا،منصوبہ کے مطابق فیک انکاؤنٹر کے فوری بعد بھارتی میڈیا کو پہلے ہی سے ان افراد کی لاشیں اور پلانٹڈ ہتھیار وغیرہ کی ویڈیوز اور تصویریں شیئرکر دی جائیں گی۔۔
بھارتی میڈیا روائتی طریقے سےان افراد کو پاکستان سے آنے والے دہشت گرد ظاہر کرے گا،اس مذموم منصوبے کا مقصد پہلگام فالس فلیگ ناکام ہونے کے بعد، پاکستان کے خلاف جارحیت کرنے کی ایک اور من گھڑت کہانی بنانا ہے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق کچھ غیر قانونی طور پر حراست زدہ ان افراد کو زندہ دہشت گرد ظاہر کر کےمیڈیا کے سامنے پاکستان مخالف بیانات اور اعتراف جرم کے بیان بھی دلوائے جا سکتے ہیں،انتیس اورتیس اپریل کو ڈی جی آئی ایس پی آر اپنی پریس کانفرنسز میں پہلے ہی سات سو تءیس پاکستانی افراد جو مختلف بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر بند ہیں، کی تفصیلات بتا چکے ہیں،
اسکے علاوہ چھپن ایسے پاکستانی افراد بھی ہیں جو بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے غیر قانونی اور جبراً اپنی حراست میں رکھے ہیں،ان بھارتی حراست میں رکھے گئے افرادکو کسی بھی وقت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اورجارحیت کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے،
اس سے پہلے 24 اپریل کو آزاد جموں کشمیر کےدو شہریوں محمد فاروق اورمحمد دین کو غلطی سے بارڈرکراس کر جانے پر بھارتی فوج نےظلمانہ طریقے سے فیک انکاؤنٹر میں ماردیا تھا،بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں فیک انکاؤنٹر اسپیشلسٹ کے طور پر بد نام زمانہ ہے۔
پانی روکنے کی کوشش ہوئی تو بھارت اور پاکستان کی کھلی جنگ ہوگی، سیف الدین سوز
کانگریس کے رکن اور سابق بھارتی وزیر سیف الدین سوز کا کہنا ہے کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، روکنے کی کوشش کی گئی تو بھارت اور پاکستان کی کھلی جنگ ہوگی۔
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پانی پر بھارتی پراپیگنڈا پھر بے نقاب ہوگیا۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والے سابق بھارتی وزیر سیف الدین سوز نے پاکستان کا پانی روکنے کے بھارتی دعوؤں کا پول کھول دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے پانی لائف لائن ہے کیونکہ یہ زراعت اور پینے کیلئے استعمال ہوتا ہے، پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی گئی تو پنجاب اور جموں و کشمیر مکمل طور پر ڈوب جائیں گے۔
سیف الدین سوز کا کہنا ہے کہ سندھ طاس آبی معاہدے کی خلاف ورزی اور پانی روکنے پر بھارت اور پاکستان کے درمیان کھلی جنگ ہوگی، پاکستان کی صورتحال کو بین الاقوامی برادری باریک بینی سے دیکھ رہی ہے۔
پاکستان کا مؤقف واضع ہے کہ وہ پہلگام حملے میں ملوث نہیں ہے جو کہ مودی سرکار کی سازش ہے۔
بلدیاتی نمائندوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو دو ہفتوں کا الٹی میٹم دیدیا
صوبائی حکومت کے وعدوں اور یقینی دہانیوں کے باوجود منتخب بلدیاتی نمائندے فنڈز اور اختیارات سے محروم ہیں، بلدیاتی نمائندوں نے حکومت کو دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی، دھمکی دی کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کیا جائے گا۔
صوبائی حکومت کے ساتھ مذکرات کامیاب ہونے کے باوجود بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز اختیارات اور مدت میں توسیع نہ مل سکی۔ بلدیاتی نمائندوں کی حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرامد کرنے کیلئے دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دیدی۔
بلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت وفاق سے اپنا حق احتجاج کرکے مانگتی ہے اور یہاں پر بلدیاتی نمائندوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔
صوبائی حکومت نے بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات ستمبر 2024ء میں تسلیم کیے تھے مگر ان پر عملدارمد تاحال نہ ہو سکا۔
عبدالعلیم خان کا این ایچ اے کو ہر 6 ماہ بعد شرائط و ضوابط کا جائزہ لینے کا حکم
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ اور مختلف امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور جاری منصوبوں کا جائزہ بھی لیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این 25 کے منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے این ایچ اے کو ہر 6 ماہ بعد شرائط و ضوابط کا از سر نو جائزہ لینے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ این ایچ اے منصوبوں کی واضح پریزینٹیشن تیار کرے، موجودہ طریقہ کار میں بہتری لاکر کام کی رفتار تیز کرنا ہوگی۔ عبدالعلیم خان نے سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کو سسٹم میں تبدیلی کا ٹاسک دے دیا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے ویسٹ سیکٹر کے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر احکامات جاری کیے، اجلاس میں سندھ اور بلوچستان میں این ایچ اے کے منصوبوں پر غور و خوض کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے مارکیٹنگ اور امیج بلڈنگ کو آؤٹ سورس کرے، خوبصورتی کیلئے ہارٹی کلچر فرمز کی خدمات حاصل کی جائیں۔
وفاقی سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیر کو مختلف امور پر بریفنگ بھی دی۔
امریکی صدراس صورتحال میں پیس میکرکا کردار ادا کرسکتے ہیں، سفیر پاکستان
امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا امریکی صدر خود کو دنیا بھر میں پیس میکر قرار دیتے ہیں،وہ اس صورتحال میں پیس میکر کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
امریکامیں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئےکہا کہ یہ واحد نیو کلیئرفلیش پوائنٹ ہے، یہاں جنگ ہوئی تو پوری دنیا متاثر ہوگی،
مزیدکہا کہ پہلےجب بھی ایسی صورتحال ہوتی تھی تو عالمی برادری آگے آتی تھی،مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کا بھی یہ موقع ہے،ہماری قیادت نےشفاف تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت کے جواب کا انتظار ہے،بغیر ثبوت الزام لگانا اور تحقیقات سے بھاگ جانا بھارت کے جھوٹے ہونے کا ثبوت ہے
پاکستان کی خودمختاری کو خطرہ ہوگا تو چین مدد کو آئے گا،چینی پروفیسروکٹرگاؤ
چینی پروفیسر وکٹر گاؤ نے بھارتی میڈیا پر مودی سرکار کو آئینہ دکھادیا۔
چینی پروفیسروکٹرگاؤ نےکہا کہ چین اورپاکستان کی دوستی کے درمیان کوئی نہیں آسکتا،پاکستان کی خود مختاری کو خطرہ ہوگا تو چین مدد کو آئے گا،چین پاکستان کی سالمیت کادفاع کرےگا،پہلگام واقعےکی غیر جانبداراورشفاف تحقیقات ہونی چاہیئے،
پاک چین دوستی پرکسی کو شک نہیں ہونا چاہیے،چین ہمیشہ پاکستان کی مدد کیلئے آگے آئے گا،جب بھی پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کوکسی تیسرےملک کی جانب سے خطرہ لاحق ہوگا،یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے،ایک طرف آپ پاک بھارت جنگ کی بات کر رہے ہیں۔
ساتھ ہی آپ چین اورپاکستان کی لازوال دوستی پر بھی سوال کر رہے ہیں،پاکستان کے اندر چینی شہریوں پر دہشت گرد حملےہوتے ہیں،ہم نے ہمیشہ ان واقعات کی تحقیقات کی بات کی ہے،ہمارا موقف واضح ہے، ہم پہلگام کے واقعے کی بھی جامع اور شفاف تحقیقات چاہتے ہیںاس سے پہلے کہ کوئی اس واقعے کو بنیاد بنا کر کشیدگی کو ہوا دے۔
پاکستان اور بھارت تصادم کے قریب ہیں، ڈاکٹر محمد فیصل
لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کردیا کہ پاکستان کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتا مگر انٹیلی جنس رپورٹس اشارہ کررہی ہیں کہ پاکستان اور بھارت تصادم کے قریب ہیں۔
پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اوربھارت تصادم کے قریب ہیں، پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔
ڈاکٹرفیصل نے کہا کہ ہم نے بھارت کو غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے، کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتے تاہم مسئلہ کشمیر حل ہونے تک پاک بھارت کشیدگی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اپنی افواج کے سربراہوں آرمی، نیوی اور فضائیہ کو حملوں کی تیاری کا حکم دیا ہے، اگر بھارت نے حملہ کیا تو اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ جس طرح 2019 اور اس سے پہلے جواب دیا گیا۔
بھارت نے پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر تعمیر کیا اسے بلا جھجک تباہ کر دینگے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر تعمیر کرنے کی کوشش کی، تو پاکستان اسے بلا جھجک تباہ کر دے گا۔
وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کوئی معمولی بات نہیں بلکہ یہ پاکستان کے خلاف اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔ بھارت اگر ایسی کسی حرکت کا مرتکب ہوا تو پاکستان سخت ردعمل دے گا اور اس اسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔
پیلگام واقعے کے تناظر میں بات کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت نے اب تک کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیا، اور وہ اپنے ہی جھوٹے بیانیے کے شکنجے میں پھنس چکا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ امریکا نے بھارت کو صرف فیس سیونگ کی گنجائش دی ہے، لیکن اگر بھارت نے اس کا غلط فائدہ اٹھایا یا کوئی مذموم قدم اٹھایا، تو پاکستان بھرپور جواب دے گا اور اس کےمنہ پر کالک مل دیں گے۔
طوفان باد و باراں کے باعث میپکو ریجن میں بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی
طوفان باد و باراں کے باعث میپکو ریجن میں بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی ہے، کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طور پر 118 پر کال کریں۔
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ترجمان کے مطابق ملتان، مظفرگڑھ، رحیم یار خان اور ڈی جی خان کے 62 فیڈرز ٹرپ ہو گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو نے آپریشنل افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ترجمان کے مطابق میپکو ہیڈکوارٹر کے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر سے بجلی فراہمی کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔لائن اسٹاف کو سیفٹی ایس او پیز کے ساتھ فیلڈ میں بجلی بحالی کی سرگرمیاں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ترجمان کا کہنا ہے کہ صارفین خراب موسم میں بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں اور کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طور پر 118 پر کال کریں۔
معروف کامیڈین نسیم وکی نے بھارتی فنکاروں کو آئینہ دکھا دیا
پاکستانی معروف کامیڈین نسیم وکی نے بھارتی فنکاروں کو آئینہ دکھا دیا۔
لاہور میں پاکستانی معروف کامیڈین نسیم وکی نےپاک بھارت کشیدگی پر بھارتی فنکاروں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ فلموں کے ڈائیلاگز اور حقیقت میں فرق ہوتا ہے۔ ہمارے جوان شیروں جیسا سینہ لیے سرحدوں پر کھڑے ہیں۔
معروف کامیڈین نسیم وکی کا اپنی گفتگو میں مزید کہناتھا کہ پاک فوج کو ملک کی حفاظت کرنا بہت اچھے سے آتا ہے۔ہم پاک فوج کے لیے دعا گو ہیں۔
پی ٹی آئی کا خواتین نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے نئے بینچ کی کارروائی کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ
تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ میں نظرثانی کیس کی کارروائی کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کا رات گئے مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں خواتین نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے نئے بینچ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیس کی کارروائی کا حصہ نہیں بنا جائے گا۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں نو مئی کے احتجاج کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ طے پایا کہ احتجاج کا دائرہ کار اضلاع، صوبائی سطح یا پارلیمنٹ میں رکھنے سے متعلق فیصلہ مشترکہ رائے سے کیا جائے گا۔اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کی موجودہ صورتحال پر بھی جائزہ لیا گیا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 2024 کے عام انتخابات کے بعد ایک مشکل سیاسی فضا میں ہے۔ انتخابات میں آزاد حیثیت سے جیتنے والے ارکان نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس کے بعد پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہیں دی گئیں۔ اس پر پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کی اور معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مخصوص نشستوں کے لیے نظرثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر حال ہی میں نیا بینچ تشکیل دیا گیا۔