امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت اور پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں امریکی شہریوں کو دہشت گردی اور دیگر خطرات کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق بھارت میں دہشت گرد کسی بھی وقت حملہ کر سکتے ہیں جس کے باعث امریکی شہریوں کو چوکنا رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں بھی دہشت گرد حملوں کے امکانات موجود ہیں۔
بھارت کے سیاحتی مقامات، شاپنگ مالز اور بازاروں میں حملوں کا خطرہ ہے جبکہ مشرقی اور وسطی بھارت دہشت گردی کی وجہ سے غیر محفوظ ہیں۔
ایڈوائزری میں بھارتی سیاحتی مقامات پر جرائم، تشدد اور جنسی حملوں کی اطلاعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق پاکستان اور بھارت کی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب تصادم کا خطرہ ہے جہاں دونوں ممالک کی فوجیں موجود ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے شہریوں کو ان علاقوں میں سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔